بدھ, 27 نومبر 2024

کراچی: اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات برائے2021ء کے دوسرے مرحلہ کےسائنس پری میڈیکل گروپ کےنتائج کااعلان کردیا۔

تفصیلات کے مطابقاعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی کےتحت انٹر سال دوم پری میڈیکل کےدوسرےمرحلےمیں امپروومنٹ آف ڈویژن،بارہ پرچوں (TP)، ایڈیشنل سبجیکٹ، شارٹ سبجیکٹ، بینیفٹ کیسز،اسپیشل چانس پچھلے سالوں میں سیکنڈ ایئر کے ناکام امیدواروں اور 2020ء کے امتحانی نتائج سے غیرمطمئن طلبہ و طالبات کے امتحانات کے نتائج کا اعلان کیا گیا ہے ۔

نتائج ویب سائٹ پر اپلو ڈ کردی گئی ہے۔

 

جامعہ این ای ڈی کے تحت بیسویں سالانہ محفل عید میلادالنبیﷺ کا انعقاد کیا گیا،جامعہ کے تحت منعقدہ اس محفل عید میلادالنبیﷺ سےعلامہ سید مظفر حسین شاہ قادری نے مرکزی خطاب کیا

۔اس روح پرور محفل میں معروف نعت خواں ساجد قادری، محمود الحسن اشرفی، ذوہیب اشرفی، غلام مصطفے قادری، شہبازعطاری سمیت سید عبد الرزاق عطاری نے گلہائے عقیدت،نذرِخاتم النبین کیے۔

جامعہ ترجمان کے مطابق اس محفل کا باقاعدہ آغاز میزبان قاری تابش اخترالقادری کی نظامت میں تلاوت کلامِ الہی سے قاری حسیب خان نے کیا۔

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے علامہ سید مظفر حسین شاہ قادری کا کہنا تھا کہ صدیاں بیت چکی ہیں لیکن آج بھی زمانے کے قلوب و اذہان میں نقش رسول ﷺ زندہ و جاوید ہے۔ مسلم ہو یا کافر، زمانے کے دلوں میں زندہ رہنا اس بات کی دلیل ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم معراج انسانیت کے امین ہیں۔ محفل عید میلادالنبیﷺ سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ ذاتِ رسول اللہ ایسی شفیفق چھاؤں ہے جس میں تمام اہلِ حق جمع ہیں۔مزید کہا کہ آخر الزماں نبی رسول اکرمﷺکی ذات محورِ اتحاد ہے اور یہی ذات اتحاد بین المسلمین کی بنیاد بھی ہے۔

جامعہ کے تحت منعقدہ اس محفل عید میلادالنبیﷺ پر خصوصی پیغام دیتے ہوئے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی کا کہنا تھاکہ میرے نبی سا کوئی لاجواب ہو نہ سکا۔ انہوں ذات رسولِ خداﷺ پربات کرتے ہوئے کہا کہ رحمتہ العالمین، خاتم النبین، شافع محشر کا اُسوہ حسنہ قابل ِتقلید ہے۔انہوں نے کہاکہ ان ذات پر لاکھوں درود اور سلام ہے جنھیں طائف کے بازار میں لہولہان کردیا گیا لیکن اُمت کی اصلاح سے پیچھے نہ ہٹے۔مزید کہا کہ آج کے اس نفسا نفسی کے دور میں رسول اللہﷺ کے کردار اور گفتار پر عمل کی ضرورت مزید بڑھ گئی۔

اس موقع پرانہوں نے این ای ڈی ایمپلائز محفل ِ میلاد کمیٹی کو سراہتے ہوئے کہا کہ جامعہ کے تحت منعقدہ میلادکا مقصد اپنے طالب علموں کو دین شناسی کے مواقعے فراہم کرنا ہے۔
اس موقعے پر رجسٹرار سید غضنفر حسین سمیت بڑی تعداد میں طالب علموں سمیت جامعہ کے اساتذہ اور اسٹاف نے محفلِ میلاد میں شرکت کی۔

اس محفل عید میلاد النبی کاباقاعدہ اختتام محمد ایاز عطاری نے بارگاہ رب العزت میں دست سوال دراز کرکے کیا۔

اسلام آباد: آرڈیننس کے ذریعے اسلام آباد کے تعلیمی ادارے میونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے پر اساتذہ تیسرے روز بھی سراپا احتجاج ہیں۔

احتجاج کے باعث وفاقی دارالحکومت کے سرکاری تعلیمی اداروں میں تعلیمی سرگرمیاں تین روز سے معطل ہیں۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے تحت آج تمام اسکولوں میں ہڑتال و بائیکاٹ کرتے ہوئے سیکڑوں اساتذہ و غیر تدریسی ملازمین پریس کلب کے سامنے پہنچ گئے۔

انہوں نے پریس کلب سے ڈی چوک تک ریلی نکالی اور ڈی چوک پر لگائی گئی خاردار تاریں اور رکاوٹیں ہٹادیں۔ اس دوران پولیس اور اساتذہ میں ہاتھا پائی بھی ہوئی۔

سیکڑوں ٹیچرز پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے پہنچ گئے اور دھرنا دے دیا۔ ٹیچرز کی جانب سے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ مظاہرین نے کہا کہ مطالبات منظور ہونے تک احتجاج جاری رہے گا۔

کراچی:جامعہ کراچی نےتھرڈایئرمیں داخلوں کےلئے فارم جمع کرانے کی نئی تاریخ کااعلان کردیا۔

جامعہ کراچی میں ڈاکٹر آف فارمیسی،بی ای،بی ایس،بی ایڈ،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی،بی اے / ایل ایل بی اور بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ03 دسمبر جبکہ شعبہ ویژول اسٹڈیز میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 02 دسمبرتک توسیع کردی گئی ہے۔

انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنزجامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق ڈاکٹر آف فارمیسی (مارننگ و ایوننگ پروگرام)اوربی ای،بی ایس،بی ایڈ،ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی،بی اے / ایل ایل بی اور بی ایس تھرڈ ایئر میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 03 دسمبر2021 ء تک جبکہ شعبہ ویژول اسٹڈیز میں داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 02 دسمبر 2021 ء تک توسیع کردی گئی ہے۔

خواہشمند طلبہ داخلہ فارم آن لائن جمع کراسکتے ہیں۔ طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk پررابطہ کرسکتے ہیں۔

واضح رہے کہ ایسے طلباوطالبات جو تاحال اپنے نتائج کے منتظر ہیں وہ بھی داخلہ فارم جمع کراسکتے ہیں اور انہیں داخلہ ٹیسٹ میں بیٹھنے کی اجازت بھی دی جائے گی۔تاہم انہیں داخلہ فہرست جاری ہونے سے تین روز قبل اپنے نتائج جمع کرانے ہوں گے۔داخلہ ٹیسٹ کی بنیا دپر ہونے والے داخلوں کی حتمی فہرستیں 19 دسمبر 2021 ء جاری کی جائیں گی۔

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اسکولوں میں اسمبلی میں درود شریف پڑھانے کی ہدایت کردی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کےبعد چیف سیکرٹری کو اسکولوں میں اسمبلی میں درود شریف پڑھنےسےمتعلق مراسلہ جاری کیا گیا ہے۔

جاری کردہ مراسلے کے مطابق اسکولوں میں اسمبلی میں قومی ترانے سے قبل تلاوت قرآن پاک کے بعد درود شریف پڑھا یاجائے گا۔

 

راولپنڈی: امتحانی مرکز پر کرپشن کی ایک اور داستان بےنقاب ہوگئی۔

اینٹی کرپشن راولپنڈی نے بڑی کارروائی ٍکرتے ہوئے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات لینے والےراولپنڈی بورڈ کے سپرنٹنڈنٹ اشتیاق احمد کو ہزاروں روپے رشوت لیتے ہوئے گرفتار کرلیا۔ واقعے کی ویڈیو بھی بنالی گئی جس میں ریڈ کے دوران ملزم کو رنگے ہاتھوں گرفتار ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے کہا کہ ملزم گورنمنٹ کرسچین ہائیرسکینڈری اسکول راجہ بازار کے امتحانی سینٹر پر سپریٹنڈنٹ تعینات تھا۔ راولپنڈی بورڈ کے تحت طلبا و طالبات سے انٹرمیڈیٹ پارٹ ٹو کے امتحانات لئے جا رہے ہیں ۔ اینٹی کرپشن راولپنڈی نے ٹریپ ریڈ کرکے ایس ایس ٹی ٹیچراشتیاق کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کر لیا۔

ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے کہا کہ سرکل آفیسر راولپنڈی ذوالفقار بازید نے مجسٹریٹ طلعت وحید کی سربراہی میں کامیاب ٹریپ ریڈ کیا۔ ملزم سے موقع پر رشوت کے نشان زدہ 25 ہزار روپے برآمد ہوئے۔ ملزم نے مدعی سے زیادہ نمبرز لگانے کے مجموعی طور پر 65 ہزار روپے رشوت وصول کی تھی ۔

مدعی دانش رضا بارہویں جماعت کا طالب علم اور امتحانی مرکز پر امیدوارتھا ۔ ملزم اشتیاق احمدمحکمہ تعلیم میں سینیئر سبجیکٹ اسپیشلسٹ ہے جو راجہ بازار امتحانی سینٹر پر بطور سپریٹنڈنٹ ڈیوٹی دے رہا تھا۔ ملزم کو گرفتار کرکے مقدمہ نمبر 43/21 درج کرلیا گیا ہے۔

واشنگٹن: ٹیکنالوجی کی دنیا کا ایک اور اہم عہدہ بھارتی نژاد شخص کےحوالے کردیا گیا۔پراگ اگرووال ٹوئٹرکے نئے سی ای اوبن گئے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل، مائیکروسوفٹ اورآئی بی ایم کے اہم عہدوں پرکام کرنے والے بھارتیوں کے بعد اب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرکے نئے چیف ایگزیکٹوآفیسر(سی ای او)بھی بھارتی نژاد پراگ اگرووال بن گئے۔

بھارتی نژاد امریکی پراگ اگروول امریکی ٹیکنالوجی ایگزیکٹو اور ٹوئٹر کے موجودہ چیف ٹیکنالوجی آفیسر ہیں۔
پراگ اگروال نے انڈین انسٹیٹوٹ آف ٹیکنالوجی (آئی آئی ٹی) ممبئی سے بی ٹیک کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ کی تعلیم حاصل کی اور اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کیا ہے۔

دنیا کی معروف کمپنیوں میں سی ای او کی حیثیت سے کام کرنے والے بھارتیوں میں گوگل کے سی ای او سندرپیچائی،مائیکروسوفٹ کے سی ای اوستیا ناڈیلا اورآئی بی ایم کے کمپنی کے سی ای اواروند کرشنا شامل ہیں۔

ٹوئٹر نے گزشتہ روز شریک بانی جیک ڈورسی کے فوری طور پر سی ای او کے عہدے سے دستبرادار ہونے کا اعلان کیا تھا۔

جیک ڈورسی کا بیان میں کہنا تھا کہ ٹوئٹر چھوڑنے کا فیصلہ اس لیے کیا ہے کیونکہ یقین ہے کہ کمپنی اپنے بانیوں کی مدد سے مزید آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے تمام تعلیمی ادارے بطور احتجاج کل سے بند کردیئے جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق لوکل گورنمنٹ آرڈیننس کے تحت تعلیمی اداروں کومیونسپل کارپوریشن کے ماتحت کرنے کے خلاف فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے تمام تعلیمی ادارے احتجاج کے طور پر کل سے بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

چیئرمین فیڈرل گورنمنٹ ایجوکیشن جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا کہنا ہے کہ حکومت نے آرڈننس کے ذریعے تمام تعلیمی اداروں کو بلدیاتی ادارے کے میئر کے ماتحت کر دیا ہے، اندیشہ ہے کہ ملازمین کی سول گورنمنٹ کا اسٹیٹس ختم کردیا جائے گا اور ادارے پرائیویٹ ہو سکتے ہیں، تعلیمی اداروں میں سیاسی دخل اندازی کا خدشہ ہے، کل سے بچوں کو نہیں پڑھائیں گے، اساتذہ و غیر تدریسی عملہ اداروں میں احتجاج کریں گے۔

کراچی: داؤد یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ادارے کے سابق پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری شہید بلاک کا افتتاح کردیا ہے۔

یونیورسٹی میں بننے والے اس نئے بلاک کا افتتاح پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری کی اہلیہ سیما سلیم چوہدری اور بیٹی جویریہ سلیم چوہدری سے کرایا گیا جنہوں نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد سلیم چوہدری 2001ء سے 2005ء تک داؤد کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے پرنسپل رہے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیما سلیم چوہدری نے وائس چانسلر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی اور پرو وائس چانسلر ڈاکٹر عبدالوحید بھٹو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ فخر کرنے کا موقع ہے کہ وہ سلیم چوہدری شہید جنہوں نے بطور لیکچرار اس ادارے میں کام شروع کیا اور بطور پرنسپل اس ادارے کی ترقی اور بہتری کیلئے خدمات انجام دیں وہ اب داؤد انجینئرنگ یونیورسٹی کی ایک میراث بننے جارہےہیں ، اپنے ہیروز اور شہیدوں کو یاد رکھنے میں ہی قوم کی بقاء ہے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فیض اللہ عباسی نے کہا کہ 2013ء میں جب میں بطور وائس چانسلر اس یونیورسٹی میں آیا تو اس ادارے کی بہترین ماضی اور چیلنجز سے بھرپور ماحول کے بارے میں جاننے کا موقع ملا ، یقیناً ڈاکٹر سلیم چوہدری شہید کیلئے چیلنجز بہت تھے اور ان سے نمٹنے کیلئے انہوں نے بہترین حکمت عملی اپنائی جس کا فائدہ آج تک ادارے کو ہورہا ہے ، ہمیں خوشی ہے کہ ان کی خدمات کے اعتراف میں اس بلاک کا افتتاح ان کے اہل خانہ سے کرایا ۔

سابق پرنسپل سے منسوب بلاک شعبہ کمپیوٹر سائنس ، سائبر سیکورٹی اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی کلاسز ، لیبارٹریز اور کمپیوٹر لیب پر مشتمل ہے۔ تقریب کے انعقاد سے قبل داؤد یونیورسٹی میں قرآن خوانی کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

کراچی: جامعہ این ای ڈی کے تحت تیسویں سالانہ جلسہ تقسیمِ اسناد2021 کا انعقاد کیاگیا۔

Image

تقسیم اسناد کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی گورنر سندھ و چانسلر عمران اسماعیل، پرو چانسلر جامعات اسماعیل راہو جبکہ اعزازی مہمان کی حیثیت سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ شریک تھے۔

شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ جامعہ این ای ڈی کو اس سال سو برس مکمل ہوئے ہیں،اس موقعے پر یہ بتاتے ہوئے خوشی محسوس کررہا ہوں کہ اس برس18 پی ایچ ڈی ڈگری دینے والی ہم ملک پہلی ”انجینئرنگ جامعہ“ ہیں۔ا س موقعے پر اس ادارے سے وابستہ اور سابقہ ہر فرد کا شکریہ ادا کیاجنہوں نے ادارے کو ترقی کی راہوں پر گامزن رکھا۔

تقریب سےخطاب کرتے ہوئے اعزازی مہمان کی حیثیت سے وزیر اعلی سندھ سید مراعلی شاہ کا کہنا تھا کہ میں شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سروش لودھی اور ان کی ٹیم کو مبارک باد دیتا ہوں جن کی سربراہی میں جامعہ ترقی کی منازل طے کررہی ہے۔، این ای ڈی یونی ورسٹی 100 برس سے پیشہ وارانہ تعلیم دے رہی ہے توآپ پر فرض ہے کہ آپ المنائی کی حیثیت سے اپنی جامعہ کی بہتری کے لیے کردار ادا کرتے رہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ بحیثیت طالب علم، انسان تمام زندگی اپنی جامعہ سے وابستہ رہتا ہے

Image

اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے پرو چانسلر جامعات اسماعیل راہو کا کہناتھا کہ یومِ تقسیمِ اسناد دراصل والدین کی محنت کے نتائج کا دن ہوتا ہے۔

گورنر/ چانسلر جامعات عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ جامعہ این ای ڈی اورا س کا تھر کیمپس بہترین کام کررہا ہے،جامعہ این ای ڈی ملک کی عظیم جامعات میں سے ایک ہے جو کہ ناصرف تعلیمی بلکہ ملکی ترقی میں بھی کردار ادا کررہی ہے۔ تعلیمی اداروں میں کوالٹی ایجوکیشن اور تحقیق کے ذریعے دنیا سے مقابلہ کیا جاتا ہے لیکن آج کا دور انٹر پرینورشپ کا دور ہے جامعہ این ای ڈی اس حوالے سے بھی اہم مقام رکھتی ہے۔

May be an image of 4 people and people standing
اس جلسہ تقسیم اسناد 2021میں 18طالب علموں کو ڈاکٹریٹ کی سندتفویض کی گئی۔ 2021 کے پاس آؤٹ گریجویٹس 916اور ماسٹرزکے طالب علموں کی تعداد868ہے جب کہ کانوکیشن میں شریک طالب علموں کی تعداد قریباً 1560 رہی۔