اتوار, 24 نومبر 2024

ایمزٹی وی: (اسلام آباد) وزارت داخلہ نے3سال قبل33,000 سے زائد جعلی لائسنس جاری ہونے کے اسلحہ لائسنس اسکینڈل کےبعد بڑے پیمانے پرتحقیقات کاآغازکیا تھا۔ تحقیقات کا آغازہونے کے بعد نئے اسلحہ لائسنسزکے اجرا پرپابندی لگادی گئی جوتاحال برقرار ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارت داخلہ نے ایک لاکھ60 ہزارلائسنسوں کی تصدیق کرنی ہے اورمتعلقہ سیکشن کوصرف اسی پردن رات کام کرنے کی ہدایت ہے جوکہ وہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

تصدیق کے عمل میں لائسنس ہولڈرز کو کہاگیا تھاکہ وہ کسی اپنے لائسنس کی تصدیق کرواناچاہتے ہیں تو کرواسکتے ہیں تاکہ انھیں مشکل کاسامنا نہ ہو۔ ذرائع کاکہناہے کہ وزارت داخلہ کے اعلیٰ حکام نے وزیرداخلہ کوتجویزکیا ہےکہ ارکان پارلیمنٹ کی طرف سے بھی بار بار اسلحہ لائسنسوں پر پابندی کے بارے میں تحفظات کا اظہارکیاجارہا ہے۔

ایمز ٹی وی(اسلام آباد) وزیراعظم نواز شریف نے اعلیٰ تعلیمی کمیشن کو ہدایت کی ہے کہ تعلیمی نصاب میں ترمیم کرتے ہوئے اس میں جمہوریت اور آئین کے بارے میں ابواب شامل کیے جائیں۔

ایک سرکاری بیان کے مطابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اردو اور انگریزی نظام تعلیم کے پرائمری سے لے کر اعلیٰ تعلیمی درجوں تک کے طلبا کے لیے نصاب میں ترمیم کی جائے اور یہ عمل مشاورت اور صوبائی حکومتوں کی منظوری سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے۔

بیان کے مطابق مضمون مطالعہ پاکستان میں آئینی جمہوریت اور ملک کے لیے اس کی افادیت سے متعلق باب شامل کیے جائیں۔

اس مقصد کے لیے ملک میں اعلیٰ تعلیم کے انتظامی ادارے ’ہائر ایجوکیشن کمیشن‘ کو دو ماہ میں ماہرین تعلیم، جامعات اور درسی کتب کے ناشران سے رابطہ اور مشاورت کرنے کا وقت دیا گیا ہے۔

ماہرین تعلیم وزیراعظم کی اس ہدایت کو ایک مثبت تجویز قرار دیتے ہوئے کہتے ہیں کہ اس سے طلبا کو بھی ملک کے آئین اور جمہوری عمل سے متعلق سیکھنے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔

معروف ماہرتعلیم پروفیسر اے ایچ نیر نے کہا کہ " یہ اچھی بات ہے کہ طالبعلوں کو یہ بتایا جائے کہ یہاں آئین کی خلاف ورزی کی جاتی رہی ہے اور بار بار کی جاتی رہی ہے اور کسی نے اس کی سزا بھی نہیں بھگتی۔ ہمیں لوگوں کو بتایا چاہیے کہ آئینی حکومتوں کے کیا فوائد ہوتے ہیں۔

جمہوریت اور آئین سے متعلق ابواب کی نصاب میں شمولیت سے متعلق یہ ہدایت ایسے وقت سامنے آئی جب ملک میں تقریباً تمام ہی سیاسی جماعتوں کا یہ ماننا ہے کہ پاکستان ایسے دور سے گزر رہا جس میں جمہوریت جڑیں پکڑ رہی ہے اور اس عمل کی مضبوطی آئین کی پاسداری ہی سے ممکن ہے۔

تعلیم کے شعبے سے وابستہ افراد ملک میں یکساں نظام و نصاب تعلیم پر زور دیتے آئے ہیں۔

پاکستان میں تعلیم کا شعبہ حکومتوں کی عدم توجہ کا شکار رہا ہے اور اس کے لیے ملک کی مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد سے بھی کم مختص کیا جاتا رہا ہے۔

تاہم موجودہ حکومت میں شامل عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ملک میں شرح خواندگی کو بڑھانے کے علاوہ اسکولوں میں بچوں کے داخلے کی شرح اور اساتذہ کی حاضری کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں اور آئندہ چار سالوں میں اس شعبے کے لیے مختص رقم کو بتدریج چار فیصد تک بڑھایا جائے گا۔

ایمز ٹی وی (گجرات) گجرات میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے عمران خان کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات رد کرتے ہوئے کہا کہ 2013 کے انتخابات میں نے نہیں کروائے اور چیف جسٹس کا ریٹرننگ افسرسے کوئی تعلق نہیں ہوتا تاہم عمران خان کے خلاف ہتک عزت کا کیس جلد فائل کروں گا۔

افتخارچوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسیت شجرہ ممنوعہ نہیں تاہم وقت آنے پر سیاست میں آنے کا فیصلہ کروں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملکی تاریخ میں جوڈیشل پالیسی ہم نے بنائی تاکہ عوام کو فوری انصاف ملے جبکہ حکومت کو بھی چاہیئے کہ عدل و انصاف کے تمام تقاضے پورے کرے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان کی وزیر مملکت برائے ’قومی ہیلتھ سروسز‘ سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ملک کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے بین الاقوامی ہوائی اڈوں پر بیرون ملک سے آنے والے ممکنہ طور پر ایبولا وائرس سے متاثرہ افراد کی تشخیص کے لیے خصوصی انتظامات کر لیے گئے ہیں۔

’’عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کی تجویز ہے کہ ہر مسافر کی اسکرینگ ضروری نہیں۔ ہم نے اُن لوگوں کو اسکرین کرنا ہے جو گنی، سیرا لیون اور لائبریا سے آ رہے ہیں۔‘‘ سائرہ افضل تارڑ

واضح رہے کہ افریقہ کے تین ممالک گنی، لائبیریا اور سیرا لیون ایبولا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں، جہاں وبا سے نمٹنے کے لیے عالمی کوششیں جاری ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ ایسے مہلک وائرس کی سرحد تو نہیں ہوتی اس لیے پاکستان ہر ممکن دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے کوششیں جاری رکھے ہوئے۔

’’ہوائی اڈوں کے علاوہ، اسپتالوں کی استعداد کار بڑھانے کی ضرورت ہے اور اس مقصد کے لیے عملے کی تربیت شروع کر دی گئی ہے۔ جو آلات چاہیئں وہ ہم نے تمام صوبائی حکومتوں کو فراہم کیے ہیں۔‘‘

سائر افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ معاشرے میں زیادہ آگاہی نا ہونے کی وجہ سے لوگ متعلقہ حکام سے تعاون نہیں کرتے کیوں کہ متاثرہ شخص کو تنہا رکھنا پڑتا ہے۔

حال ہی میں وفاقی حکومت نے ایبولا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے ایک اعلٰی سطحی کمیٹی قائم کی اور تمام صوبوں کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس سلسلے میں اقدامات کریں۔

ایبولا وائرس سے اب تک لگ بھگ پانچ ہزار افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور سب سے زیادہ متاثرہ افراد کی تشخیص لائبیریا میں ہوئی ہے جب کہ دیگر شدید متاثرہ ممالک میں گنی اور سیرا لیون شامل ہیں۔

واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی امن فوج میں شامل پاکستانی فوج کے دستے کئی افریقی ممالک بشمول لائبیریا میں بھی تعینات ہیں۔ پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ مسلح افواج نے بھی اس سلسلے میں خصوصی انتظامات کیے ہیں۔

پاکستانی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ ایبولا سے سب سے زیادہ متاثرہ ممالک سے براہ راست پروازیں پاکستان نہیں آتیں اس لیے جن ممالک سے ہو کر یہ مسافر یہاں پہنچتے ہیں وہاں سے بھی وہ اسکرینگ کے عمل سے ہو کر گزرتے ہیں۔

اگرچہ سرکاری طور یہ کہا گیا کہ تاحال پاکستان میں ایبولا وائرس سے کسی بھی شخص کے متاثر ہونے کی تصدیق نہیں ہوئی ہے لیکن اس کے باوجود حال ہی میں ملک میں اس سلسلے میں آگاہی اشتہاری مہم بھی چلائی جا رہی ہے۔

ایمز ٹی وی (کراچی) ذرائع کے مطابق انسدادی دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج بشیر احمد کھوسو نے 6 ماہ قبل گرفتار کئے گئے تحریک طالبان جند اللہ گروپ کے 5 ملزمان کو دستی بم حملے، اسلحہ رکھنے اور بھتہ طلب کرنے کے الزامات پر مقدمے کی سماعت کی جبکہ تمام گواہوں اور شواہد کی بناء پر جرم ثابت ہونے پرعدالت کی جانب سے مجرم یاسین عرف عاطف اورعطا الرحمان کو 28،28 سال قید جبکہ مجرم صدام، رفیق الاسلام اور ندیم کو 14،14 سال قید کی سزا کا حکم دے دیا گیا۔ عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد ملزمان نے کمرہ عدالت میں ہلڑ بازی اور شدید نعرے بازی کی جبکہ پولیس نے پانچوں مجرموں کو جیل منتقل کردیا۔ یاد رہے کہ پانچوں مجرموں کو رواں سال 8 مارچ کو کورنگی انڈسٹریل ایریا سے گرفتار کیا گیا تھا جن کے قبضے سے بھاری اسلحہ برآمد ہوا۔

ایمزٹی وی: محکمہ صحت پنجاب کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے مختلف اسپتالوں میں زیر علاج مزید 25 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے، ڈینگی کے تمام نئے مریضوں کا تعلق راولپنڈی اورگرد و نواح سے ہے جو شہر کے مختلف سرکاری اور نجی اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔

 ڈینگی کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 445 تک پہنچ گئی ہے جن میں 335 کا تعلق راولپنڈی اور گرد و نواح کے علاقوں سے ہے جبکہ لاہور کے 50 اور شیخوپورہ میں 33 افراد اس مرض سے متاثر ہوئے ہیں۔

ایمز ٹی وی (کوئٹہ) کوئٹہ میں جمہوری وطن پارٹی کے سربراہ طلال بگٹی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں نے کبھی بلوچستان کےساتھ انصاف نہیں کیا جبکہ بلوچستان میں بےروزگاروں کو روزگار دینے کی بات کی گئی مگرعملدرآمد نہیں کیا اور صوبے میں اب بھی بے غربت اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کو دیوار سے لگانے کے بجائے دل سے لگانے کی ضرورت ہے،عدل و انصاف نہ ہونے کی وجہ سے پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہوا اورآج بھی اسی حوالے سے خطرات درپیش ہیں۔

امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ طلال بگٹی محب وطن اور وفاق پر یقین رکھنے والوں میں سے ہیں اور ملکی ترقی چاہتے ہیں، تمام سیاسی جماعتوں کے ساتھ مل کر ناراض بلوچوں کو منانے کی کوشش کریں گے کیوں کہ ڈنڈے کے زور پر کسی کا سر توڑا جاسکتا ہے مگر دل نہیں جیتے جاسکتے۔

ایمز ٹی وی (اسلام آباد) عالمی ادارہ برائے انسداد پولیو کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا میں پولیو پھیلانے والے ممالک میں سرفہرست ہے، رواں سال پاکستان میں 200 سے زائد پولیو کیسز کے ساتھ 14 سالہ ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا جبکہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستان میں انسداد پولیو کیلئے اقدامات کو دوگنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔  جبکہ  ملک میں مزید 4 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں پولیو مریضوں کی تعداد 235 ہوگئی۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں انسداد پولیو کیلئے اقدامات کے سلسلے میں ریلوے اسٹیشن، ائیرپورٹ سمیت آمدورفت کے مختلف مقامات پر 1 کروڑ 10 لاکھ افراد کو پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پلائے گئے جبکہ گذشتہ سال پولیو سے بچاوٴ کے قطرے پینے والوں کی تعداد 80 لاکھ تھی۔

عالمی ادارہ کی رپورٹ کے باوجود ملک میں مزید نئے کیسز سامنے آرہے ہیں جبکہ آج سامنے آنے والے 4 کیسز میں سے 3 کا تعلق بلوچستان اور ایک کیس فاٹا سے رپورٹ ہوا ہے۔

پولیو وائرس پھیلانے والے ممالک کی فہرست میں 12  کیسز کے ساتھ افغانستان کا  دوسرا اور نائجیریا 6 پولیو کیسز کے ساتھ تیسرے نمبر پرہے۔

ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک) برازیل کا  فٹبال کلب کورنتھیئنز اپنے مداحوں کو یہ موقع دے رہا ہے کہ وہ اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے قریب دفن ہو سکتے ہیں-واضح رہے کہ برازیل میں کورنتھیئنز کے مداحوں کی تعداد ڈھائی کروڑ ہے جو کہ تعداد کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر ہے۔کورینتھیئنز اب ان چند فٹبال کلبوں میں شامل ہوگیا ہے جو اپنے مداحوں کو مخصوص قبرستان فراہم کرتے ہیں۔ ان میں ارجنٹائن کا کلب بوکا جونیئرز بھی شامل ہے-اس پراجکٹ کے چیف ایگزیکیوٹیو ریکارڈو پولیٹو نے بتایا کہ اس قبرستان میں، فنکشن روم کے علاوہ، باغات، ریستوران، جھیل اور ایک قدرتی پناہگاہ ہوں گے۔یاد رہے ساؤ پالو کے نزدیک قائم کیے جانے والے اس قبرستان ’کارنتھیئنز فارایور یعنی ’سدا کے لیے کارنتھیئنز میں مداحوں کے لیے 70،000 پلاٹ موجود ہیں۔

ایمز ٹی وی( فارن ڈیسک)اورکزئی ایجنسی میں سکیورٹی فورسز پر حملے میں 3 سے زائد افراد ہلاک ہوئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے-پشاور میں ایک اعلی سرکاری اہلکار نے بتایا کہ درجنوں عسکریت پسندوں نے خیبر ایجنسی کے علاقے آکاخیل کی طرف سے اورکزئی ایجنسی میں داخل ہوکر فرنٹیر کور کی زوان نامی چیک پوسٹ پر بھاری اور خود کار ہتھیاروں سے حملہ کردیا۔  شدت پسندوں نے حملے کے بعد چند اہلکاروں کو یرغمال بناپیا اور اپنے ساتھ لے گئے- یاد رہے کہ لوئر اورکزئی ایجنسی کا علاقہ خیبر ایجنسی کی سرحد سے ملا ہوا ہے۔ اس علاقے میں کالعدم تنظیموں کے عسکریت پسند بہت پہلے سے سرگرم بتائے جاتے ہیں۔ خیبر ایجنسی میں سکیورٹی فورسز کی طرف سے شدت پسند تنظیموں کے خلاف جاری آپریشن خیبر ون کے باعث اطلاعات ہیں کہ عسکریت پسند بڑی تعداد میں اورکزئی ایجنسی اور دیگر علاقوں کی طرف فرار ہورہے ہیں۔