ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)فوربز میگزین نے ای کامرس کمپنی علی بابا کے بانی جیک ما کو چین کا امیر ترین شخص قرار دیا ہے -انٹرٹینمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو وینگ جیانلن پہلی پوزیشن سے چوتھی پوزیشن پر آ گئے ہیں۔جیک ما نے یہ کمپنی 15 سال پہلے شروع کی تھی۔ اب علی بابا کی کل قدر 240 ارب ڈالر بتائی جا رہی ہے۔چین کی 80 فیصد سے زیادہ آن لائن ای کامرس مارکیٹ کے شیئر کے ساتھ اسے اس صنعت میں سب سے بڑی کمپنی کہا جا رہا ہے۔ایک سال قبل ان کی ذاتی دولت کا تخمینہ 10.2 ارب ڈالر لگایا گیا تھا جو اب بڑھ کر 14.4 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی)کمشنرکراچی شعیب صدیقی نے کمشنر آفس میں ایڈمنسٹریٹرکےایم سی رئوف اختر فاروقی، ڈائریکٹر جنرل پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سلمان شاہ، ایم ڈی واٹر بورڈ قطب الدین شیخ اور چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم کے ہمراہ پریس کانفرنس کی اور حکومت سندھ کی ہدایت پر طوفان کی صورتحال اوراقدامات سے میڈیا کو آگاہ کیا، بحیرہ عرب میں اٹھنے والے سمندری طوفان نیلوفر سےسندھ کے ساحلی علاقے ٹھٹھہ بدین سجاول ننگر پارکر مٹھی عمر کوٹ سب سے زیادہ متاثر ہونگے، ان علاقوں کے 3 لاکھ افراد کیمپوں میں منتقل کئےجائیں گے، کراچی میں بھی مبارک ولیج، ابراہیم حیدری، ضلع جنوبی، ملیر اور کورنگی کے ممکنہ طور پر متاثر ہونے والے علاقوں کو بھی خالی کرایا جارہا ہے۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل پرونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی سندھ سلمان شاہ نے حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ ٹھٹھہ، سجاول، بدین کے 3 لاکھ لوگ متاثر ہونے کا امکان ہے انہیں فوری طور پر محفوظ مقامات یا کیمپوں میں منتقل ہونے کی ہدایت کر دی گئی ہے۔ کمشنر کراچی شعیب صدیقی نے کہا کہ مسلسل وارننگ کے بعد سمندر سے ماہی گیر بڑی تعداد میں ساحل پر آچکے ہیں، کے الیکٹرک ، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں سمیت تمام متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور عملے کو ایمرجنسی نافذ کرکے الرٹ کر دیاگیا ہے ۔ چیف میٹرولوجسٹ توصیف عالم نے بتایا کہ یہ طوفان 30 سے 31 اکتوبر کو سندھ سے ٹکرائے گا اور 31 اکتوبر کی رات یا یکم نومبر کو بھارتی گجرات اورسندھ کے ملحقہ علاقوں سے ٹکرائے گا ، کراچی سے یہ جمعرات کی دوپہر گزرے گا اس کی شدت 35 سے 40 ناٹیکل میل فی گھنٹہ ہوگی اور شہر میں 25 سے 30 ملی میٹر بارش کا امکان ہے ، انہوں نے کہا کہ تھر ریجن میں شدت زیادہ ہوگی ، ننگرپارکر، ڈیپلو، مٹھی، عمرکوٹ، اسلام کوٹ، ٹھٹھہ، بدین جاتی کافی متاثر ہونگے۔ یکم نومبر کی صبح یہ ختم ہو جائے گا۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)فرانس کی وزیرِ ثقافت فلور پیلراں نےفرانس کے نوبیل انعام یافتہ مصنف پتریک مودیانو کے متعلق ایک پروگرام میں ایک انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کےانھیں مصنف کی کون سے کتابیں پسند ہیں تو انھوں نے کہا کہ وہ اتنی مصروف تھیں کہ ان کے پاس کتابیں پڑھنے کا وقت نہیں تھا۔لیکن انھوں نے تسلیم کیا کہ وہ یہ نہیں کہہ سکتیں کہ مودیانو کی کون سی کتاب انھیں پسند ہے کیونکہ دو سال پہلے وزارت کا عہدہ سنبھالنے کے بعد ان کے پاس ان کی یا کسی اور مصنف کی کتاب پڑھنے کا وقت ہی نہیں تھا۔ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا میں بحث چھڑ گئی ہے-سوشل میڈیا پر بہت سے لوگوں نے ان کے اعتراف کا دفاع کیا-دوسروں نے ان کے اعتراف کو شرمندگی سے تعبیر دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ایمانداری نے ان کے وزارت کے عہدے کے رتبے کو کم کر دیا ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) سندھ کے وزیر اطلاعات و بلدیات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نےسمندری طوفان نیلوفرکے پیش نظر تمام پیشگی انتظامات کرلئے ہیں۔ متعلقہ اداروں کے عملے کی چھٹیاں بھی منسوخ کردی گئی ہیں، جبکہ کراچی سمیت تمام سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سمندری طوفان نیلوفرکے حوالے سے وزیر اعلیٰ سندھ نے تمام متعلقہ اداروں کے افسران کا اجلاس بھی منعقد کیا ہے۔ تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی، ٹھٹھہ، بدین سے ننگر پارکر تک انتظامیہ کو الرٹ کردیا گیا ہے۔ ۔شرجیل انعام میمن نے ایوان کو بتایا کہ حکومت سندھ محکمہ موسمیات کے ساتھ مکمل رابطے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سمندر میں جانے والے تمام ماہی گیروں کو بھی طوفان کے حوالے سے آگاہ کردیا گیا ہے اور میری ٹائم سیکورٹی ایجنسی کی معرفت سمندر میں موجود ماہی گیروں کو وائرلیس اور ریڈیو میسیج کے ذریعے واپس کناروں پر آنے کے اعلانات بھی کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی بھی تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وفاقی وزیر اطلاعات پرویزرشید نے ایکسپریس نیوزسے بات کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کے ایجنڈے میں صرف چارنکات تھے اور وفد نے صوبوں کے حوالے سے یا کسی بھی قسم کی سیاسی گفتگو نہیں کی جبکہ وفد نے کراچی میں پانی کے مسئلے، لیاری ایکسپریس وے، سرکلر ریلوے منصوبے میں تاخیر پربات چیت کی جبکہ ہمارا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ صوبوں کا معاملہ پیچیدہ معاملہ ہےاس لئے اس پرایک کمیشن ہونا چاہیئے جو تمام اسٹیک ہولڈرز کی بات سنے اور اس پر فیصلہ کرے۔
ایمز ٹی وی (چینوٹ) چینوٹ میں پاک فوج کا ٹرک الٹنے سے ایک جوان شہید جب کہ 12جوان زخمی ہوگئے۔ جھنگ روڈ پرعلی الصبح پاک فوج کا ٹرک الٹ گیا جس کے نتیجے میں لانس نائیک محمد قمرشہید جب کہ بارہ اہلکار زخمی ہوگئے ہیں، واقعہ کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر روانہ کردی گئیں ہیں جب کہ زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق فوجی ٹرک مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار گاڑی سے ٹکراکرالٹ گیا تھا، ٹرک پر سوار فوجی اہلکار محرم الحرام کے دوران سیکیورٹی ذمہ داریاں سنبھالنے جھنگ جارہے تھے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک)عراق میں کرد سکیورٹی فورس کے اہلکار شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کے محاصرے میں شامی شہر کوبانی میں شامی کردوں کی مدد کے لیے جائیں گے۔حکام کا کہنا ہے کہ کرد سکیورٹی فورس پیشمرگا کے 150 اہلکار اربیل سے ایک جہاز کے ذریعے ترکی کے لیے روانہ ہوئے ہیں-عراقی کرد حکام کا کہنا ہے کہ پیشمرگا اہلکار ترکی کے جنوبی مشرقی شہر سیلوپی پہنچیں گے اور وہاں سے شامی شہر کوبانی جائیں گے۔
کرد پارلیمان نے گذشتہ ہفتے 150 جنگجوؤں کو کوبانی کے دفاع کے لیے بھیجنے کی منظوری دی تھی تاہم ابھی تک واضح نہیں ہو سکا کہ اہلکاروں کی روانگی میں تاخیر کیوں ہوئی۔دوسری جانب یو پی جی کے اہلکار ادریس نسان کا کہنا ہے کہ انھیں ابھی تک معلوم نہیں ہے کہ پیشمرگا اہلکار کب پہنچیں گے۔امریکہ کی قیادت میں دولتِ اسلامیہ کے خلاف قائم اتحاد نے متعدد بار کوبانی میں شدت پسندوں کو فضائی حملوں میں نشانہ بنایا ہے اور اس وجہ سے دولتِ اسلامیہ کو شہر پر قبضے میں مشکلات کا سامنا ہے۔دولتِ اسلامیہ نے شام اور عراق کے وسیع علاقوں پر کنٹرول قائم کر لیا ہے۔ اور کوبانی شہر کی جانب شدت پسندوں کی پیش قدمی کے بعد شہر اور علاقے سے لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے ترکی میں پناہ حاصل کی ہے۔
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک)بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے رسد لے جانے والا راکٹ امریکی ریاست ورجینیا میں لفٹ آف کے چند سیکنڈ بعد پھٹ کر تباہ ہو گیا ہے۔اوربیٹل سائنسز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق اس حادثے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔یہ چوتھا راکٹ تھا جو بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے رسد لے کر روانہ ہوا تھا۔ کمپنی کی سگنس کارگو شپ پر بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود چھ افراد کے لیے 5000 پاؤنڈ کا سامان تھا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ترجمان وزیراعظم ہاؤس نےواضح کیا ہےکہ وزیراعظم کی ایم کیو ایم کے وفد سے نئے صوبوں کے بارے میں کوئی بات نہیں ہوئی۔ گزشتہ روزایم کیو ایم کے وفد کی وزیر اعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا کے بعض حلقوں میں یہ خبریں سامنے آئی تھیں کہ ایم کیو ایم نے سندھ میں مہاجر صوبہ بنانے کے لیے وزیراعظم سے حمایت مانگی ہے تاہم اس حوالے سے وزیر اعظم ہاؤس کے ترجمان نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم وفد اور وزیراعظم کے درمیان صوبوں کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی، واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے چار رکنی وفد نے گزشتہ روزخالد مقبول صدیقی کی قیادت میں وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کی تھی۔
ایمز ٹی وی(فارن ڈیسک) برطانیہ کے ایک مقامی شہر بریڈ فورڈ میں ایک ہی خاندان کے چار افراد کا قتل ہو گیا-پولیس کی تحقیقات کے مطابق 49 سالہ جتندرا لیڈ، ان کی 44 سالہ بیوی دکشا اور 19 اور 17 سالہ بیٹیوں ٹریشا اور نیشا کی لاشیں بریڈفورڈ کے علاقے کلیٹن کے بلیک بری محلے سے پیر کو ملیں۔پولیس کے مطابق کہ وہ اس سلسلے میں ابھی کسی کو نہیں ڈھونڈ رہی۔ٹریشا کی دوست جیسیکا گارسائیڈ کہتی ہیں: ’وہ بہت خوبصورت تھی۔ اس کے چہرے پر ہر وقت ایک بڑی مسکان موجود ہوتی تھی۔ اور اس کے ماں باپریڈفورڈ کونسل میں کام کرتے تھے -کونسل کے لیڈر ڈیوڈ گرین کہتے ہیں کہ ’مقامی لوگ یہ بری خبر سننے کے بعد بہت دکھی اور صدمے میں ہیں۔ ہماری ہمدردیاں ان کے باقی خاندان، دوستوں اور ہمسائیوں کے ساتھ ہیں۔