جمعرات, 19 ستمبر 2024

 

ایمزٹی وی (کوئٹہ)عمران خان نے کہا ہے کہ شہباز شریف کہتے تھے کہ لوڈ شیڈنگ 6 مہینے میں ختم نہ کی تو میرا نام بدل دو ، میں انہیں ڈرامہ شریف کہتا ہوں ، میں انتظار کر رہا ہوں کہ یہ مجھے عدالت میں لے کر جائیں ، عدالت میں 10 ارب کی آفر دینے والے کا نام بتاﺅں گا ، نیوز لیکس کے فیصلے کو کسی نے قبول نہیں کیا ، میں نے اپنے اثاثے کبھی نہیں چھپائے، میں نے آج سے چودہ سال پہلے فلیٹ بیچا تھا ، انہوں نے یہ بات پہلے کیوں نہیں اٹھائی ، یہ مجھے بلیک میل کر رہے ہیں ، پچھلی بار ہم الیکشن کے لئے تیار نہیں تھے اس بار ہم ابھی سے الیکشن کی تیاری کر رہے ہیں۔
میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئےعمران خان نے کہا کہ پہلے دن سے کہا تھا سپریم کورٹ کا فیصلہ قبول کریں گے۔ مسلم لیگ (ن) والوں کا کچھ نہیں پتہ آج کیا کہتے ہیں اور کل کیا۔ عدالت میں آفر دینے والے کا نام بھی بتاﺅں گا پھر جج کو کہوں گا کہ اس کی حفاظت کریں کیونکہ یہ بہت بڑا مافیا ہے یہ اس کا کاروبار بند کریں گے میں اس کو بچا رہا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ شریف برادران نے30سال رشوت کے لین دین کے سوا کچھ نہیں کیا۔ آصف زرداری کا کرپشن کے خلاف جنگ کا اعلان اور شریف برادران کا رشوت نہ لینے کا بیان قیامت کی نشانیاں ہیں۔ کوئٹہ میں گفتگو کے دوران عمران خان نے رانا ثناء اللہ ہدف تنقید بناتے ہوئے کہاہے کہ جو خود لوگوں کے قاتل ہیں وہ میری سیاست پر کیا بات کریں گے،، پوری قوم کو معلوم ہے کہ ملک پر قابض کرپٹ مافیا کون ہیں عوام کو جلد قابضین سے چھٹکارا دلائیں گے۔ 2018 کے انتخابات میں بلوچستان سمیت پورے ملک سے پی ٹی آئی بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔

 

 

ایمزٹ وی (اسلام آباد) پاکستان تحریک انصاف آج پاناما کیس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کو اردو زبان میں جاری کریگی ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے آج باضابطہ طور پر پاناما کیس پر سپریم کورٹ کی جانب سے انگریزی زبان میں جاری ہونے والے فیصلے کو اردو زبان میں سامنے لانے کا فیصلہ کیا ہے ۔
تحریک انصاف کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انگریزی زبان میں جاری ہونے والا فیصلہ آج شام 6 بجے قومی زبان میں سنایا جائے گا ۔”قوم کو پڑھوائیں گے کہ سپریم کورٹ نے وزیر اعظم کے بارے کیا رائے دی “۔
ذرائع نے مزید کہا کہ پاناما کیس کا فیصلہ پاکستان کے مستقبل کے تحفظ کی ضمانت ہے جسے قوم کے سامنے لانا ضروری ہے ۔فیصلہ آنے کے بعد تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو فیصلے کااردو ترجمہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ کا 3 رکنی بینچ 22 مئی کو پاناما کیس کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کی پیش رفت رپورٹ کا جائزہ لے گا۔
ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کا آئندہ ہفتے کا ججز روسٹر تشکیل دے دیا گیا ہے۔ جس کے تحت جسٹس اعجاز افضل کی سربراہی میں عدالت عظمیٰ کا 3 رکنی بینچ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں تشکیل دی گئی جے آئی ٹی کی پیشرفت کا جائزہ لے گا۔ جے آئی ٹی کو 20 مئی تک تحقیقات میں ہونے والی پیش رفت سے متعلق اپنی رپورٹ جمع کرانا ہوگی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے 20 اپریل کو پاناما کیس کے حوالے سے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا حکم دیا تھا جب کہ عدالتی حکم کے مطابق خصوصی بینچ ہر 15 روز کے بعد جے آئی ٹی کی پیشرفت رپورٹ کا جائزہ لے گا

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)ہائی کورٹ نے گھریلو تشدد کا شکار بننے والی کمسن ملازمہ طیبہ کے والدین اور ملزمان کے درمیان صلح نامہ مسترد کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس محسن اختر کیانی نے طیبہ تشدد کیس کی سماعت کی سماعت کےدوران عدالت نے گھریلو تشدد کا شکار بننے والی کمسن ملازمہ طیبہ کے والدین اور ملزمان کے درمیان صلح نامہ مسترد کرتے ہوئے مقدمے میں نامزد راجا خرم علی اور اہلیہ ماہین ظفر پر فرد جرم عائد کردی تاہم دونوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کردیا جس پر عدالت نے 19مئی کو گواہوں کو طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ گھریلو تشدد کا شکار کمسن ملازمہ طیبہ کے والدین نے ملزم ایڈیشنل سیشن جج راجا خرم علی خان اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر پر فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی کو چیلنج کیا تھا جب کہ اس سے قبل سپریم کورٹ بچی کے والدین کی جانب سے جمع کرائے گئے اسی طرح کے صلح نامے کو مسترد کر چکی ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد)پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے قائم جے آئی ٹی نے شریف خاندان کی منی ٹریل سے متعلق سوالنامہ تیار کر لیا ۔
میڈیا ذرائع کے مطابق واجد ضیاءکی سربراہی میں قائم مشترکہ جے آئی ٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اسٹیٹ بینک ، نیب اور حساس اداروں کے نمائندے شامل ہوئے ۔ اجلاس میں شریف خاندان کی منی ٹریل کی تفصیلات حاصل کرنے کیلئے ٹیموں کو بیرون ملک بھیجنے سے متعلق لائحہ عمل پر بھی غور کیا گیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ جے آئی ٹی نے شریف خاندان کی منی ٹریل سے متعلق سوالنامہ تیار کر لیا ہے جس کے بعد شریف فیملی کو قطری خط اور سرمایہ کاری سے متعلق جواب دینا ہوگا ۔
ذرائع نے مزید بتایاکہ جے آئی ٹی نے شریف خاندان کی جانب سے سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی منی ٹریل بھی حاصل کر لی ہے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سپریم کورٹ میں بنی گالہ اراضی کیس کی سماعت ہوئی۔
 
اس موقع پر سی ڈی اے حکام کی جانب سے عمران خان کا گھر غیر قانونی قرار دینے پر کپتان سے جواب طلب کرنے کی وضاحت کی۔
 
جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیئے کہ اگر بنی گالہ میں ایک غیر قانونی گھر گرانا ہے تو تمام غیر قانونی تعمیرات گرانا ہوں گی، یہ عدالت کا کام نہیں کہ ہزاروں گھروں کو گرانے کا حکم دے، ادارے اس حوالے سے خود فیصلہ کریں۔ عدالت نے اٹارنی جنرل سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 ہفتے کے لئے ملتوی کردی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)عمران خان نے لندن فلیٹ اور بنی گالہ ہاؤس کی منی ٹریل پیش کرنے کا اعلان کردیاہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے کہا ہے کہ فلیٹ کی خریداری اور فروخت کی منی ٹریل سپریم کورٹ میں پیش کروں گا اور یہ بھی بتاؤں گا کہ لندن سے رقم پاکستان کیسے منتقل ہوئی۔
عمران خان نے مزید کہا کہ میری لندن فلیٹ اور بنی گالہ منی ٹریل قطری خط ڈرامے جیسی نہیں ہوگی,بنی گالہ ہائوس پلان تعمیر سے پہلے یونین کونسل نےپاس کیا۔
 
واضح رہے کہ عمران خان کے خلاف بنی گالہ اور لند ن فلیٹ منی ٹریل کے حوالے سے کیس سپریم کورٹ میں چل رہا ہے۔

 

 

ایمزٹی وی (تعلیم/ کراچی)ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم ذاکر شاہ کو یونیورسٹی کی جعلی ڈگری کی بنیاد پر فوری طور پر عہدے سے ہٹادیا گیا ہےاور انھیں ایس این جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کو کہا گیا ہے جس کا چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن نے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے۔
واضح رہے کہ ذاکر شاہ سندھ کے ان افسران میں شامل ہین جن کے خلاف ترقی کا مقدمہ سپریم کورٹ میں ز یر سماعت ہے۔چیف سیکرٹری سندھ رضوان میمن نے تصدیق کی کہ اُن کی ڈگری یونیورسٹی تصدیق کے لیے بھی بھیجی گئی تھی جو جعلی نکلی۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کیس میں جے آئی ٹی کی تحقیقات شفاف نہ ہوئیں اور رپورٹ کو منظر عام پر نہ لا یا گیا تو تو رپورٹ کو نہیں مانیں گے ۔سپریم کورٹ کے باہر میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ جے آئی ٹی کی تحقیقات شفاف ہونی چاہئیں ۔
انہوں نے کہا کہ تمام کیسز میں ایک ہی طرح کے الزامات لگائے جا رہے ہیں ،ماڈل ٹاون رپورٹ کو بھی چھپا دیا گیا تھا ،ڈان لیکس کی رپورٹ کو مزید دبا یا نہیں جا سکتا ،ڈان لیکس کی رپورٹ کو جلد منظر عام پر لانے کامطالبہ کرتے ہیں ۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے فنڈز سب کے سامنے ہیں ،ایک ایک پیسے کا آڈٹ ہوتا ہے ،ن لیگ اور پیپلز پارٹی کو فنڈز کہاں سے آتے ہیں ؟۔انہو نے مزید کہا کہ عمران خان پر غیر سنجیدہ الزامات لگائے جا رہے ہیں ،منی ٹریل موجود ہے جس کو چاہیے ہم سے لے لے ۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)جے آئی ٹی کمیٹی کے سربراہ واجد ضیاءکی صدارت میں پاناما کیس کی تحقیقات کیلئے تشکیل پانے والی جے آئی ٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا اجلاس میں دفتری امور اور جے آئی ٹی کے کام کے طریقہ کار پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔
سپریم کورٹ کے حکم پر پاناما کیس کی مزید تحقیقات کیلئے تشکیل پانے والی جے آئی ٹی پیر سے کام کا باقاعدہ طو ر پر آغاز کریگی اور ہر دو ہفتے بعد اپنی رپورٹ سپریم کورٹ میں پیش کریگی اور 2ماہ میں رپورٹ مکمل کر کے عدالت کو پیش کریگی۔
ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر واجد ضیا کی سربراہی میں تشکیل پانے والی جے آئی ٹی میں آئی ایس آئی، ایم آئی، سٹیٹ بینک، ایس ای سی پی اور نیب کے نمائندے شامل ہیں جو 60روز میں تحقیقات مکمل کرے گی۔
جے آئی ٹی کے ارکان میں اسٹیٹ بینک کے گریڈ 21کے افسرعامر عزیز ،ایس ای سی پی کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر بلال رسول،نیب کے گریڈ 20کے افسرعرفان نعیم منگی،آئی ایس آئی کے بریگیڈئیر محمد نعمان سعید اور ملٹری انٹیلی جنس کے بریگیڈئیر کامران خورشید شامل ہیں،یہ ارکان اپنے متعلقہ محکموں سے اسٹاف خود منتخب کریں گے۔
جے آئی ٹی کا سیکریٹریٹ جوڈیشل اکیڈمی ایچ ایٹ میں ہوگا،وفاقی حکومت جے آئی ٹی کے اخراجات برداشت کرے گی جبکہ فنڈز جے آئی ٹی کے سربراہ کے اختیار میں ہوں گے۔