بدھ, 09 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(بخارسٹ) رومانیہ کے صدر کلاز ایوہانس نے وزارتِ عظمی کےلئے بائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سوشل ڈیموکریٹس کی مسلم خاتون امیدوار سیول شائدہ کی نامزدگی کو مسترد کردیا ہے۔
اگر سیول شائدہ کی نامزدگی مسترد نہ کی جاتی تو وہ یورپی یونین کے کسی بھی ملک کی پہلی خاتون اور اولین مسلمان وزیراعظم ہوتیں، تاہم ایوہانس نے ان کی نامزدگی مسترد کرنے کی کوئی وجہ نہ بتاتے ہوئے بائیں بازو کی سیاسی جماعتوں کے اتحاد ’’پی ایس ڈی‘‘ سے کہا ہے کہ وہ اس عہدے کےلئے اپنا کوئی اور امیدوار تجویز کرے۔

واضح رہے کہ رومانیہ کے حالیہ انتخابات میں پی ایس ڈی 465 میں سے 250 نشستیں حاصل کرکے حکومت بنانے کی پوزیشن میں آگیا ہے اور اسی اتحاد نے 52 سالہ ترکی نژاد سیول شائدہ کو وزارتِ عظمی کےلئے نامزد کیا تھا لیکن رومانیہ کے صدر نے یہ نامزدگی مسترد کردی ہے۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ شائدہ کی نامزدگی مسترد ہونے کی ایک ممکنہ وجہ ان کا مسلمان ہونا ہے۔

کلاز ایوہانس کی جانب سے سیول شائدہ کو بطور وزیراعظم مسترد کرنے کے فیصلے پر ردِعمل دیتے ہوئے پی ایس ڈی کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ اس پر صدر کا مواخذہ کرنے کے بارے میں غور کرسکتے ہیں کیونکہ اس سے پہلے کسی صدر نے نامزد وزیراعظم کو کبھی مسترد نہیں کیا۔

 

 

ایمز ٹی وی(انٹرٹینمنٹ) ہالی ووڈ کی نامور ترین فلم سیریز ’اسٹار وارز‘ میں پرنسز لیاہ کا کردار ادا کرنے والی کیری فشر انتقال کرگئی ہیں‘ ان کی عمر 60 برس تھی۔

کیری فشر برطانوی ٹی وی ڈرامے ‘کیٹس ٹراف’ کے تیسرے سیزن کی عکس بندی سے فراغت کے بعد جمعے کو لندن سے لاس اینجلس آرہی تھیں جب دورانِ پرواز انہیں دل کا دورہ پڑا تھا۔

کیری فشر کے انتقال کا اعلان ان کی صاحبزادی نے گزشتہ روزایک بیان میں کیا جس کے بعد ان کے پرستاروں اور ساتھی فن کاروں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تعزیتی پیغامات کا سلسلہ شروع ہوگیا۔

کیری فشر اداکارہ ڈیبی رینالڈز اور گلوکار ایڈی فشر کی صاحبزادی تھیں جنہیں ’اسٹار وارز‘ سیریز میں پرنسز لیاہ کے کردار کے باعث شہرت ملی۔ انہوں نے چار دہائیوں سے زائد عرصے تک ہالی ووڈ کی درجنوں فلموں میں معاون اداکارہ کے طور پر کام کیا جب کہ کئی کتابیں بھی تحریر کیں۔

وہ منشیات کی عادی ہونے اور ہالی ووڈ کی کئی مرکزی شخصیات کے ساتھ اپنے معاشقوں کے باعث مسلسل تنازعات اور خبروں میں رہیں۔ کیری فشر کی تازہ ترین کتاب گزشتہ ماہ منظرِ عام پر آئی تھی جو 1976ء میں بننے والی”اسٹار وارز” کی پہلی فلم کی عکس بندی سے متعلق ان کی یادداشتوں پر مشتمل ہے۔

اپنی کتاب میں انہوں نے انکشاف کیا تھا کہ 40 سال قبل فلم کی عکس بندی کے دوران ان کا اپنے ساتھی اداکار ہیری سن فورڈ کے ساتھ تین ماہ تک معاشقہ رہا تھا۔

اس فلم کی عکس بندی کے وقت کیری فشر کی عمر صرف 19 جب کہ ہیری سن فورڈ کی 33 برس تھی۔ فورڈ نے فلم میں خلائی جہاز کے پائلٹ ہان سولو کا کردار ادا کیا تھا۔

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ)معروف بھارتی ہدایتکارکرن جوہرپریانکا چوپڑااور دپیکا پڈوکون کو اپنے پروگرام " کافی ود کرن"میں ایک ساتھ لانے میں ناکام ہوگئے ہیں،دونوں اداکاراوں نے پروگرام میں ایک ساتھ شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

نامور ہدایت کار کرن جوہر کی خواہش تھی کہ اداکارہ دپیکا پڈوکون اور پریانکا چوپڑا ایک ساتھ ان کے پروگرام کا حصہ بنیں لیکن کئی مرتبہ کوشش کے باوجودان کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

کرن جوہر اپنے پروگرام میں دونوں اداکاراوں کو بلوا کر ان کی ہالی ووڈ میں انٹری اور کامیابی پر بات کرنا چاہتے تھے لیکن دونوں نے ہالی ووڈ فلموں میں مصروفیات کا بہانہ بناتے ہوئے شو میں ایک ساتھ شرکت کرنے سے معذرت کرلی ہے۔

ذرائع کے حوالے سے کہنا تھاکہ بین الاقوامی شہرت یافتہ دونوں اداکارائیں " کافی ود کرن" میں الگ الگ شریک ہونے کے لئے تو تیار ہیں لیکن ایک ساتھ کسی شو میں شریک نہیں ہونا چاہتیں جس کی وجہ شاید دونوں کا خود کو نمبر ون اداکارہ سمجھناہے۔

 

 

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) خوبصورت حسینہ اور خوفناک بھیڑئیے کی مشہور فیری ٹیل سے کون واقف نہیں ہوگا۔ اسی سلسلے میں والٹ ڈزنی پکچرز کی نئی فلم ’بیوٹی اینڈ دی بیسٹ‘ کی نئی جھلکیاں جاری کر دی گئی ہیں۔

ہدایتکار بِل کونڈن کی اس فلم میں مرکزی کردار نامور اداکارہ اور ہیری پوٹر فلم سیریز سے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی ایما واٹسن نبھا رہی ہیں۔

جن کی علاوہ فلم کی دیگر کاسٹ میں لیوک ایوان، ایوان میگریگر، ایما تھامسن، ایئن میکلین، ڈین اسٹیون، جوش گیڈ اور کیون کلین شامل ہیں۔

ڈان ہان، ڈیوڈ ہوبر مین اور ٹوڈ لیبر مین کی مشترکہ پرودکشن میں بننے والی اس فلم کی کہانی ایک ایسی لڑکی کے گرد گھومتی ہے جو اپنے باپ کو بچانے کیلئے ایک خوفناک بھیڑیے کے محل میں جاتی ہے۔

جہاں اس پر یہ راز افشاں ہوتا ہے کہ وہ نہایت نرم دل ہے، تاہم کہانی اس وقت ایک نیا موڑ اختیار کرلیتی ہے، جب خوبصورت لڑکی بد صورت بادشاہ کے سحر میں مبتلا ہوجاتی ہے۔

والٹ ڈزنی اسٹوڈیوز اور موشن پکچرز کے تحت ڈرامہ، ایڈونچر اور فینٹسی سے بھرپور یہ فلم 17مارچ 2017کو سنیما گھروں میں دھوم مچانے آرہی ہے

 

 
 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر مملكت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی برسی کے جلسے میں میں رقص كیا گیا اور ڈھول بجائے گئے جو انتہائی غیر مناسب تھے جب کہ پیپلز پارٹی نے محترمہ كی برسی پر عوام كو اپنے سیاسی مقاصد كے لیے اكٹھا كیا۔

وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری اور آصف علی زرداری پاناما پرسیاست كررہے ہیں، پیپلز پارٹی نے محترمہ كی برسی پر عوام كو اپنے سیاسی مقاصد كے لیے اكٹھا كیا۔ انہوں نے كہا كہ ان كی برسی كے موقع پر جلسے كے جو مناظر تھے اس میں رقص كیا گیا اور ڈھول بجائے گئے جو انتہائی غیر مناسب تھے، بے نظیر بھٹو ایك وژنری لیڈر تھیں، آج پاكستان پیپلز پارٹی كے قائدین ماضی كی بات كررہے ہیں جو مضحكہ خیز ہے، پانچ سال تك ان كی حكومت رہی، اس دوران انہوں نے محترمہ کے قتل کی كوئی تحقیقات نہیں كرائیں، اگروہ اپنے دور میں ایك كمیشن ہی بنا دیتے تو كم از كم وہ اپنی رپورٹ ہی پیش كردیتا۔

مریم اورنگزیب نے كہا كہ یہ پیپلزپارٹی اوران كے رہنماؤں كے لیے ایك سوال ہے كہ ایسا كیوں نہیں كیا گیا، ان كو خود اپنے آپ سے پوچھنا چاہیے كہ وہ قاتلوں كی كم از كم نشاندہی كردیتے۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوكو محترمہ بے نظیربھٹو كی سیاسی زندگی سے سیكھنے كی ضرورت ہے كیونكہ وہ ایك بڑی لیڈر تھیں اور ان كی زندگی سے بہت كچھ سیكھا جاسكتاہے، بلاول بھٹو زرداری كے پارلیمنٹ میں آنے سے ان كی بہتر سیاسی تربیت ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاكستان پیپلز پارٹی اعلانات كركے قبل از وقت الیكشن موڈ میں چلی گئی ہے، انتخابات میں ابھی ڈیڑھ سال باقی ہے، پیپلز پارٹی نے لانگ مارچ كا اعلان كرنا تھا لیكن یہ بات واضح ہے كہ پاكستان كی عوام نے لانگ مارچ اور دھرنے كی سیاست كو مسترد كردیا ہے جب كہ ایك اورسیاسی جماعت پچھلے تین سال سے دھرنے اور مارچ كی سیاست كركے مایوس ہو چكی ہے۔

 

 


ایمزٹی وی(میانوالی)وزیراعظم نوازشریف نے نیوکلیئرپاورپلانٹ کا افتتاح کردیا ہے جس سے 340 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے چشمہ تھری نیوکلیئرپاورپلانٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نوازشریف کے ہمراہ وفاقی وزیربرائے پانی و بجلی خواجہ آصف اور مشیر خارجہ سرتاج بھی تھے۔

چشمہ تھری نیوکلیئر پاور پلانٹ سے قومی گرڈ میں 340 میگاواٹ بجلی شامل ہوگئی ہے اور یہ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن اور چائنا نیشنل نیوکلیئر کارپوریشن کا مشترکہ منصوبہ ہے جو پاک چین مشترکہ تعاون کا ایک اور سنگ میل ہے۔

چشمہ فور نیو کلیئر پاور پراجیکٹ 2017 میں مکمل ہو گا جبکہ کراچی نیوکلیئر پاور پراجیکٹ کے 2 اور کے 3 کی 2030 تک تکمیل سے نیشنل گرڈ میں 8 ہزار 800 میگاواٹ بجلی شامل ہو گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(صحت) امریکی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ سرخ گوشت (بیف) اور کیک میں موجود چکنائیاں نہ صرف صحت کے لیے مضر ہیں بلکہ امراضِ قلب اور کینسر کی وجہ بن کر وقت سے پہلے موت تک بھی لے جاسکتی ہیں۔

اس بات کا انکشاف امریکا میں کیے گئے ایک بڑے اور قابلِ عمل مطالعے میں کیا گیا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ بڑے کے گوشت اور بد احتیاطی سے تیار کردہ کیکس میں سیرشدہ چکنائیاں (سیچوریٹڈ فیٹس) اور ٹرانس فیٹ کی زائد مقدار ہوتی ہے۔ اس کے برخلاف جو لوگ پولی ان سیچوریٹڈ فیٹی ایسڈز استعمال کرتے ہیں ان کی صحت پر مضر اثرات کا خطرہ کم کم ہوتا ہے۔

یہ چکنائیاں، مچھلی، سبزیوں اور سبزی جاتی تیلوں میں پائی جاتی ہیں۔ سرخ گوشت اور ڈیری مصنوعات سیرشدہ چکنائیاں اور ٹرانس فیٹس پروسیس شدہ تیل سے حاصل ہوتی ہیں۔

اگر آپ مندرجہ بالا خطرناک چکنائیوں کی صرف 5 فیصد مقدار کو بھی مفید چکنائیوں سے بدل لیں تو قبل از وقت موت کا خطرہ 27 فیصد تک کم کیا جاسکتا ہے۔ اس سروے میں ایک لاکھ سے زائد مرد و خواتین کو شامل کیا گیا اور ان کا 32 سال تک مطالعہ کیا گیا۔ ہر 2 یا 4 سال بعد لوگوں سے چکنائی کھانے کے متعلق پوچھا گیا اور شرکا کو چکنائی کھانے کی بنیاد پر 5 گروہوں میں تقسیم کیا گیا اور یعنی انہیں کم سے کم اور زیادہ سے زیادہ چکنائیاں کھانے والے گروپوں میں رکھا گیا۔ تحقیق کے مطابق 32 سال کے عرصے میں 33 ہزار سے زائد افراد لقمہ اجل بنے۔

رپورٹ کے نگراں ماہر نے بتایا کہ اگر آپ سیرشدہ چکنائیوں کو بدل کر غیرسیرشدہ چکنائیاں استعمال کریں گے تو اس سے بہت مفید اثرات مرتب ہوں گے۔ سروے سے معلوم ہوا ہے کہ جن لوگوں کی خوراک میں سرخ گوشت اور کیک پیسٹری شامل تھے ان میں سیر شدہ چکنائیوں کی مقدار زیادہ تھی اور وہ جلد ہی امراض کے شکار ہوکر موت کے منہ میں چلے گئے۔ ماہرین کا مشورہ ہے کہ سرخ گوشت اور کیک وغیرہ سے دور رہ کر کینسراور امراضِ قلب کی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے۔

 

 

ایمز ٹی وی ( تعلیم/ کراچی) جامعہ کراچی میں شعبہ سیاسیات کے زِ یر اہتمام قاءد اعظم کے یومِ پیدائش پر سیمینار بعنوان قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت منعقدہ کیا گیا اس موقع پرشعبہ سیاسیات کی چیئر پرسن ڈاکٹر ثمینہ سعید نے شعبہ سیاسیات کی سیمینار لائبریری میں گوشہ قائد اعظم بنانے کا اعلان کیا اور قا ئد اعظم کو خراجِ عقیدت پیش کر تے ہو ئے حکومت، پا کستان سے مطالبہ کیا ہے کے جامعہ کراچی میں ایوان ِ اقبال کی طرز پر ایوان ِ قائد اعظم قائم کیا جائے اور قائد ا عظم پر تحققیق کر نے والے محققین کے لیے علحیدہ اعلیٰ سرکا ری اعزاز نشانِ محقق قائد اعظم سے نوازہ جائے ۔
سیمینار میں شریک شرکا ء نے قائد اعظم محمد علی جناح کےافکار پر روشنی ڈالی۔
دانشور آزاد بن حیدر نے قائئد اعظم کے تربیت یافتہ قائدین اور دیانت داری کے واقعات سے طلباء اور طالبات کو آگاہ کیا ۔
ڈاکٹر عمیر صدیقی نے قائداعظم کو ایک روشن خیال ، روایت پسند اور مسلم مفکرقرار دیا۔
شعبہ سیاسیات کے مشیر امور سید شیمل احمد قادری نے کہا کہ قاءئداعظم کے افکار اور دوررس قیادت پاکستانی لیڈرز کے لیے ایک بہترین نمونہ ہے جس سے استفادہ کر نا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

 

 

ایمزٹی وی(تجارت) فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے ٹیکس چوری پکڑنے اور کالادھن بیرون ملک منتقل کرنے والے پاکستانیوں کے بارے میں معلومات حاصل کرنے کے لیے خود کار معلومات کے تبادلے کے پائلٹ پروجیکٹ کی تیاری شروع کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی فورم برائے شفافیت وتبادلہ ٹیکس معلومات کی جانب سے آٹومیٹڈ ایکسچینج آف انفارمیشن کے پائلٹ پروجیکٹ کا خاکہ پاکستان کو فراہم کر دیا گیا ہے۔ ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان مذکور گلوبل فورم کا ممبر بن چکا ہے اور اس کے لیے لیٹر آف انٹینٹ بھی سائن کیا جا چکا ہے۔
دستاویز کے مطابق عالمی فورم برائے شفافیت وتبادلہ ٹیکس معلومات سیکریٹریٹ کی جانب سے بھجوائی گئی پروجیکٹ آؤٹ لائن کی روشنی میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو سمیت دیگر متعلقہ ادارے اقدامات کر رہے ہیں جس کے لیے قوانین اور رولز میں ترامیم کی جارہی ہیں تاکہ اس گلوبل فورم کے ممبر ممالک سے پاکستانیوں کی معلومات حاصل کرنے کے لیے تبادلہ معلومات کے خودکارنظام کے آزمائشی منصوبے کے معیار کو پورا کیا جاسکے۔

دستاویز کے مطابق پائلٹ پروجیکٹ کا بنیادی مقصد شفافیت کو بڑھانا اور ملک میں مقامی وسائل کو متحرک کرنا ہے اور اس پائلٹ پروجیکٹ کے تحت ٹیکس چوری کا سراغ لگایا جائیگا جبکہ مستقبل میں متوقع ٹیکس چوری کی روک تھام کے حوالے سے پیشگی اقدامات اور انسداد منی لانڈرنگ کے حوالے سے فریم ورک کو بہتر بنایا جائے گا۔

عالمی فورم برائے شفافیت وتبادلہ ٹیکس معلومات سیکریٹریٹ کی جانب پاکستان کے علاوہ 26 ممبرممالک کو مذکورہ آزمائشی منصوبے میں شمولیت کے دعوت نامے اور پائلٹ پروجیکٹ کا خاکہ بھجوایا گیا ہے، اس آزمائشی پروجیکٹ کے تحت سیکریٹریٹ ممبر ممالک کے قانونی فریم ورک، افرادی قوت کی استعداد اور آئی ٹی انفرااسٹرکچر کا اندازہ لگانے کے لیے سوالنامہ تیار کرے گا اور پائلٹ پروجیکٹ پر دستخط سے قبل متعلقہ رکن کو یہ سوالنامہ بھجوایا جائے گا جس میں مذکورہ شعبوں کے حوالے سے گلوبل فورم کے معیار کو جانچنے کے لیے سوالات کے جواب مانگے جائیں گے اور ان کا جائزہ لے کر تعین کیا جائیگا کہ متعلقہ رکن اس خودکارتبادلہ معلومات نظام کے منصوبے کے معیار پرپورا اترتا ہے یا نہیں، خامیاں ملنے کی صورت میں ان کی نشاندہی کر کے ممبر ملک کو دور کرنے کی ہدایات دی جائیں گی تاکہ اہلیت کے لیے مقررہ معیار پر عملدرآمد یقینی ہوسکے۔
دستاویز کے مطابق آزمائشی منصوبے کے خاکے میں گلوبل فورم سیکریٹریٹ اور متعلق ملک کے کردار، پائلٹ پروجیکٹ کی حدود اور وسعت کو واضع کیا گیا ہے

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف چشمہ پاور پلانٹ 3کے افتتاح کے لیے میانوالی پہنچ گئے ۔تفصیلات کے مطابق وزیراعظم چشمہ پاور پلانٹ 3کا افتتاح کریں گے جس سے آج بجلی فراہم ہونا شروع ہو جائے گی ،اس نیو کلیئر پاور پلانٹ سے 340میگا واٹ بجلی فراہم ہو گی جبکہ چشمہ 3اور چشمہ 4سے کل 640میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی ۔چشمہ 4نیو کلیئر پاور پراجیکٹ کی تکمیل 2017تک ہو گی ۔یہ نیو کلیئر پاور پلانٹس چین کے تعاون سے بنائے گئے ہیں جس کی منظوری نیو کلیئر ریگولیٹری اتھارٹی نے دی تھی ۔

چشمہ ون اور چشمہ ٹو کے بعد یہ تیسرا پراجیکٹ ہے جبکہ چشمہ نیو کلیئر پاور پلانٹ فور کا افتتاح 2017ءمیں کیا جائے گا ۔اس سے قبل چشمہ 1اور چشمہ 2نیو کلیئر پاور پلانٹس سے بجلی کی فراہمی کامیابی کے ساتھ جاری ہے ۔چین کے تعاون کے ساتھ بننے والے نیو کلیئر پاور پلانٹس میں کینپ ٹو اور کینپ تھری زیر تکمیل ہیں جن سے مجموعی طور پر 22میگا واٹ بجلی فراہم ہو گی جبکہ کینپ فور پلاننگ کے مرحلے میں ہے جس سے 1100میگا واٹ بجلی حاصل ہو گی ۔اس کے علاوہ دیگر 4ایٹمی بجلی گھر بھی پلاننگ کے مرحلے میں ہیں ۔2030تک ملک بھر میں نیو کلیئر پاور پلانٹس سے 8ہزار800میگا واٹ بجلی فراہم ہو گی ۔