جمعرات, 10 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

کراچی: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزار احمد کی کراچی آمد ، چیف جسٹس نے مزار قائد پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور پھول چڑھائے۔
 
چیف جسٹس گلزار احمد نے منصب سنبھالنے کے بعد پہلی بار مزار قائد پر حاضری دی۔
 
اس موقع پر انہوں نے فاتحہ خوانی کی اور مزار پر پھول رکھے۔ چیف جسٹس کو سلامی بھی پیش کی گئی۔ انہوں نے مہمانوں کی کتاب میں تاثرات بھی قلمبند کیے

کراچی:ملک بھر میں فی تولہ سونے کی قیمت 90 ہزار 200 روپے کے بعد تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔

 تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں سونے کی قیمتوں کو پر لگ گئے ہیں، آج فی تولہ سونے کی قیمت میں 550 روپے کا اضافہ دیکھا گیا۔

اضافے کے بعد صرافہ مارکیٹوں لاہور، کراچی، اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ، حیدر آباد، سکھر، فیصل آباد، راولپنڈی سمیت دیگر جگہوں پر فی تولہ سونے کی قیمت 90 ہزار 200 روپے ہو گئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ دو ہفتوں میں فی تولہ سونا 5 ہزار روپے تولہ مہنگا ہوا۔

اسلام آباد: پاکستان میں ایڈز کی بیماری تیزی سے پھیلنے لگی ، ملک میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 37 ہزار سے تجاوز کر گئی۔
 
ایڈز سے زیادہ متاثرہ صوبوں میں پنجاب 17 ہزار 790 مریضوں کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بلوچستان میں سب سے کم 1 ہزار 104 افراد ایڈز کی بیماری میں مبتلا ہیں۔ دستاویز کے مطابق ملک میں ایڈز کی بیماری میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے
 
ملک میں ایڈز سے متاثرہ رجسٹرڈ مریضوں میں سب سے زیادہ پنجاب کے 17 ہزار 790 مریض شامل ہیں سندھ میں ایڈز سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار 931 ہے ، اسلام آباد میں 3 ہزار 717 ، خیبر پختونخوا میں 3 ہزار 360 جبکہ بلوچستان میں 1 ہزار 104 افراد ایڈز کی بیماری میں مبتلاء ہیں ، اسلام آباد کے پمز ہسپتال میں ایڈز سے متاثرہ 2951 مریض رجسٹرڈ ہیں ۔ راولپنڈی کے سی ایم ایچ میں 157 جبکہ بینظیر ہسپتال میں 609 مریض رجسٹرڈ ہیں ۔
 
لاہور کے میو ہسپتال میں 2548 ، جناح ہسپتال میں 1983 ، شوکت خانم میں 494 ، عزیز بھٹی شہید ہسپتال گجرات میں 2058 کراچی میں 837 مریض رجسٹرڈ ہیں ۔ خیبر پختونخوا میں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس پشاور میں 2366 ، لیڈی ریڈنگ ہسپتال پشاور میں 494 ، ڈی ایچ کیو کوہاٹ میں 500 سو مریض رجسٹرڈ ہیں ۔
لندن: اگر آپ زیادہ دیر میز پر بیٹھ کر ذہنی دباؤ کا کام کرتے ہیں تو کام کرنے کی میز پر رکھا ایک ننھا منا پودا آپ کو خوشگوار احساس دلاتے ہوئے کام کے دباؤ کو کم کرسکتا ہے۔
 
یونیورسٹی آف ہیوگو کے سائنس دانوں کا اصرار ہے کہ دفتر کے اندر پودے رکھنے سے دماغی صحت بہتر رہتی ہے اور ذہنی دباؤ بھی کم ہوتا ہے۔ اس ضمن میں انہوں نے ایک سروے کیا ہے اور اس بات کا جائزہ لیا ہے کہ سبزے سے دور رہنے کے باوجود دفتر میں کچھ پودے رکھنے سے نفسیاتی اور دماغی صحت پر اچھے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
 
اس کے لیے سائنس دانوں نے 63 افراد کو شامل کیا اور مطالعے سے پہلے اور بعد میں ان کی نفسیاتی اور فعلیاتی کیفیات کا جائزہ بھی لیا۔ اس دوران چھ مختلف پودوں میں سے لوگوں کی پسند کا ایک پودا ان کی میز پر رکھا گیا۔ ان پودوں میں بونسائی، ایئر پلانٹس، سان پیڈرو کیکٹس، کوکیڈیما اور ایشویریا قسم کے پودے موجود تھے۔
 
ماہرین نے مختلف مروجہ ٹیسٹ سے معلوم کیا کہ پودے رکھنے اور دیکھنے سے شرکا کی بے چینی اور دباؤ کم ہوا۔ اس کے علاوہ نفسیاتی دباؤ میں بھی کمی دیکھی گئی اور جب نبض کی رفتار نوٹ کی گئی تو اس میں بھی بہتری تھی۔
 
دلچسپ بات یہ ہے کہ پودے رکھنے اور اسے دیکھنے سے تمام افراد کو فائدہ ہوا خواہ وہ جوان تھے یا بوڑھے یا پھر کسی بھی عمر کے درجے میں موجود تھے۔ اسی طرح پودوں کے انتخاب سے بھی کوئی خاص فرق نہیں پڑا اور تمام پودے ہی مفید ثابت ہوئے۔
 
مطالعے میں شامل افراد کی اکثریت نے پودے کا خاص خیال رکھا اور کہا کہ پودے کو بڑھتے ہوئے دیکھ کر انہیں خوشی ہوئی یا پھر یہ ایک دلچسپ تفریحی عمل تھا۔ ماہرین نے خود پودے کے انتخاب کا حق اس لیے دیا تھا کہ وہ جذباتی طور پر پودے سے وابستہ ہوسکیں۔
 
اگرچہ اس مطالعے میں شرکا کی تعداد محدود تھی لیکن سب پر پودے کے جادوئی اثرات ضرور سامنے آئے۔
کراچی: ملک کی نامور شیف اور ماہر امور خانہ داری زبیدہ طارق عرف ’’زبیدہ آپا‘‘ کو کو مداحوں سے بچھڑے دو برس بیت گئے۔
 
زبیدہ آپا کا تعلق ملک کے مایہ ناز ادبی گھرانے سے ہے جن کی خدمات کی ایک طویل فہرست ہے، اپنے خانوادے کے لکھنے لکھانے کے سلسلے کے برعکس انہوں نے کھانے پکانے کی نت نئی اور ذائقہ دار ترکیبوں میں اپنی دھاک بٹھائی۔ روایتی اور چٹخارے دار دیسی کھانوں کے علاوہ انہیں دیگر ممالک کے کھانے پکانے پر بھی عبور حاصل تھا جب کہ وہ لذیذ کھانوں اوراپنے کارآمد گھریلو ٹوٹکوں کی وجہ سے خواتین میں بے پناہ مقبول تھیں۔
 
یہ کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا کہ ان کی ٹیلی وژن پر بتائی گئی کھانوں کی نت نئی ترکیبوں کی وجہ سے خواتین امور خانہ داری میں ماہر ہوگئیں۔ معروف ڈرامہ نویس مرحومہ فاطمہ ثریا بجیا ان کی ہمشیرہ تھیں جبکہ منفرد لہجے کی حامل شاعرہ زہرہ نگاہ اور معروف مصنف و مزاح نگار انور مقصود بھی ان کے بھائی ہیں۔
زبیدہ طارق دو سال قبل کراچی میں حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کرگئیں تھیں
پشاور: خیبرپختونخوا کابینہ میں ردو بدل اور توسیع کردی گئی۔
صوبائی وزیراطلاعات شوکت یوسفزئی کے مطابق اقبال وزیراورشاہ محمد صوبائی کابینہ میں بطور وزیر شامل ہوگئے۔ اقبال وزیر کو وزیر ریلیف اور شاہ محمد کو وزیر ٹرانسپورٹ بنادیا گیا۔ اقبال وزیرکا تعلق قبائلی ضلع شمالی وزیرستان سے ہے۔
 
خلیق الرحمان کو وزیراعلی کا مشیر برائے ہایئر ایجوکیشن کا قلمدان سونپا گیا ہے، جب کہ عارف احمد زئی، شفیع اللہ، ریاض خان، ظہور شاکر معاونین خصوصی بنادیے گئے۔ وزیرزادہ، احمد خان سواتی، غزن جمال اور تاج محمد بھی معاونین خصوصی ہوں گے۔ وزیر زادہ چترال سے پی ٹی آئی کے اقلیتی رکن ہیں۔
 
عارف احمد زئی کو معدنیات اور غزن جمال کو ایکسائز کا محکمہ دیا گیا ہے۔ جب کہ وزیر بلدیات شہرام ترکئی کا قلمدان تبدیل کرکے انہیں وزیر صحت بنادیا گیا۔ وزیر صحت ہشام انعام اللہ کی وزارت تبدیل کرکے انہیں سماجی بہبود کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
 
شوکت یوسفزئی کے مطابق اکبرایوب خان سے سی اینڈ ڈبلیو کا محکمہ واپس لے کر انہیں محکمہ تعلیم کا محکمہ دیا گیاہے جب کہ معاون خصوصی آئی ٹی کامران بنگش کے حوالے محکمہ بلدیات کا قلمدان کیا گیا ہے۔
کراچی: پاکستان میں گزشتہ چند سالوں کے دوران ترکی ڈرامے اردو ترجمے اور ڈبنگ کے ساتھ پیش کیے جانے کے بعد پاکستانی شہریوں میں ترک زبان سیکھنے کے رجحان میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔
 
ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق 2013 میں 34 ہزار پاکستانی سیاحوں نے ترکی کا دورہ کیا ، 2018 میں یہ تعداد بڑھ کر1لاکھ 13 ہزار تک پہنچ گئی جبکہ پاکستان کے نجی ٹی وی چینلز پر 2013 میں ترکی کی 11 ڈرامہ سیریل اور دو فلمیں اردو ترجمے کے ساتھ پیش کرنے کے بعد ناظرین میں ترک زبان سیکھنے کے رجحان میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
 
پاکستان کی نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) میں ترک زبان سیکھنے والے طلبہ کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔
اسلام آباد: علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے ایم فل،پی ایچ ڈی پروگرامز کے امتحانات 9جنوری سے شروع ہوں گے۔یونیورسٹی کے ترجمان کے مطابق کلیہ عربی و علوم اسلامیہ اور فیکلٹی آف سوشل سائنسسز اینڈ ہیومینیٹیزکے ایم فل/پی ایچ ڈی پروگرامز کے فائنل امتحانات 9جنوری سے شروع ہوں گے۔ امتحانات یونیورسٹی کے مین کیمپس میں ہی ہوں گے جو 17۔
 
جنوری تک جاری رہیں گے۔ طلبہ و طالبات کو رول نمبر سلپس ارسال کردی گئی ہیں۔طلبہ اپنے رول نمبر سلپس یونیورسٹی کی ویب سائٹ سے بھی ڈائون لوڈ کرسکتے ہیں جو امتحانات میں شرکت کے لئے قابل قبول ہوں گے۔
 
علاوہ ازیں یونیورسٹی نے سمسٹر بہار 2019ء میں پیش کئے گئے بی ایڈ)اولڈ(پروگرام کے نتائج کا اعلان کردیا ہے ۔رزلٹ کارڈ طلبہ کو ارسال کئے جارہے ہیں اور طلبہ کی سہولت کے لئے رزلٹ یونیورسٹی کی ویب سائٹ پر بھی فراہم کردئیے گئے ہیں۔

پشاور: انجینئرنگ یونیورسٹی پشاورمین کیمپس میں سافٹ وئیر انجینئرنگ پروگرام جبکہ انرجی سنٹرمیں بی ایس ان انرجی پروگرام شروع کررہی ہے ‘ یونیورسٹی کی اکیڈمک کونسل نے اس کی باقاعدہ منظوری دیدی ہے جبکہ حتمی منظوری سنڈیکیٹ سے لی جائیگی اکیڈمک کونسل نے جس کا اجلاس وائس چانسلر ڈاکٹر افتخار حسین کی زیرصدارت منعقدہوا.

بورڈ آف سڈیز کے اراکین کی تقرری اور بی ٹیک ایفیلیشن کی بھی منظوری دیدی

کراچی: جامعہ کراچی اور سندھ پولیس کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز سینٹرل پولیس آفس سندھ میں منعقدہوئی۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کی جانب سے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی جبکہ آئی جی سندھ پولیس ڈاکٹر سید کلیم امام نے دستخط کئے۔مذکورہ مفاہمتی یادداشت کے مطابق سینٹر فارڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی سندھ پولیس کو بنیادی،ایڈوانس لیول اور فیلڈ سے متعلق آپریشنل تربیت فراہم کرے گی۔

جس میں سائبر کرائم،کمپیوٹرفارنسک،جیوفینسنگ، موبائل فارنسک،نیٹ ورک فارنسک اور ڈیٹا بیس فارنسک شامل ہیں۔ مذکورہ تربیت ڈیجیٹل بنیادوں ، ماڈرن ٹیکنالوجیز اور تکنیکوں کے بہتر استعمال اور جائے وقوعہ سے جمع/ حاصل شواہد کی کمپیوٹرائزیالیبارٹری کے ذریعے تحقیقات کی روشنی میں مجرم تک رسائی اور عدالت میں پیش کرنا شامل ہے۔

واضح رہے کہ سینٹر فارڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی پاکستان میں قائم ہونے والاپہلا سینٹر ہے جہاں پولیس کوتربیت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ڈپلومہ اور سرٹیفیکٹ کورسزبھی کرائے جائیں گے۔
علاوہ ازیں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات میں موجود ماہرین بالخصوص کرمنالوجی، جینیات، ڈاکٹر اے کیوخان انسٹی ٹیوٹ آف بائیوٹیکنالوجی اینڈ جینیٹک انجینئرنگ اور سینٹر فارڈیجیٹل فارنسک سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی قابلیت اور تجربات سے استفادہ کرنے کے لئے سندھ پولیس اور جامعہ کراچی مل کر کام کریں گے۔