جمعہ, 11 اکتوبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

اسلام آباد:  حکومت نے یکم دسمبر2019 سے اگلے ایک سال کے لیے بجلی کی فی یونٹ پر 11 پیسے وصولی کے نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی۔ 

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس  ہوا، اجلاس میں ای سی سی نے رواں مالی سال2019-20کی پہلی سہہ ماہی کے لیے نیپرا کی منظور شدہ 15 پیسے فی یونٹ سہہ ماہی اضافہ میں سے 11 پیسے فی یونٹ اضافی وصولی کے نوٹیفکیشن کی منظوری دے دی، نوٹیفکیشن کا اطلاق یکم دسمبر2019 سے اگلے ایک سال کے لیے ہوگا۔

 ملک میں بجلی کے کل تین کروڑ صارفین میں سے 300 یونٹس ماہانہ استعمال کرنے والے دو کروڑ گھریلوصارفین پراس نوٹیفکیشن کا اطلاق نہیں ہو گا، جب کہ باقی ایک کروڑ صارفین میں 60 لاکھ صارفین کے لیے7 پیسے فی یونٹ کا اضافہ ہو گا۔
 

اقتصادی رابطہ کمیٹی  نے مستقبل میں بجلی کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کو مزید جامع اور سہل بنانے کے لیے مشیر خزانہ و محصولات حفیظ شیخ کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کردی، جس میں وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق مخدوم خسرو بختیار،وزیر توانائی عمر ایوب خان،مشیر صنعت و پیداوار عبد الرزاق داوٴد اوروزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پٹرولیم ندیم بابر شامل ہوں گے۔

لندن: فضائی آلودگی کی تباہ کاریوں سے ایک دنیا پریشان ہے لیکن اب بری خبر یہ ہے کہ انتہائی آلودہ فضا میں مسلسل رہنے والے افراد میں دیگر کےمقابلے میں نابینا پن کی وجہ بننے والے ایک خطرناک مرض گلوکوما یا سبز موتیا کے زیادہ شکار ہوسکتے ہیں۔  

دوسری جانب ایک اور تحقیق میں فضائی آلودگی کو یادداشت کے لیےبھی خطرناک قرار دیا گیا ہے۔

 ماہرین نے اس کی ناقابلِ تردید وضاحت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فضا میں آلودہ ذرات سانس کے ذریعے پھیپھڑوں میں جاتے ہیں اور وہاں سے خون میں پہنچتے ہیں ۔ جب وہ آنکھوں کی باریک رگوں تک آتے ہیں تو دھیرے دھیرے خون کی نالیوں کو مزید تنگ کردیتے ہیں۔ اس کا نتیجہ بصارت میں کمی اور گلوکوما کی صورت میں نکلتا ہے۔

اس ضمن میں یونیورسٹی کالج آف لندن کے سائنسدانوں نے برطانیہ کے بایوبینک سے 111,370 کا ڈیٹا لیا اور مسلسل چار سال تک ان افراد کے آنکھوں کے ٹٰیسٹ لیے گئے۔ ان تمام شرکا کے گھر کے پاس فضائی آلودگی اور دیگر کیفیات کا جائزہ بھی لیا گیا ۔ آخر میں ماہرین اس نتیجے پر پہنچے کہ اگر کوئی فرد مسلسل فضائی آلودگی والی جگہہ پر رہائش اختیار کرتا ہے تو اس میں عمر کے ساتھ ساتھ گلوکوما کے خطرات میں چھ فیصد اضافہ ہوجاتا ہے۔

واضح رہے کہ سبزموتیا کا علاج بہت مشکل ہوتا ہے اور یہ اب بھی نابینا پن کی ایک بڑی وجہ بھی ہے۔

ایک اور مطالعے سے انکشاف ہوا ہے کہ فضائی آلودگی دماغ میں کچھ ایسی تبدیلیاں پیدا کرتی ہے جس سے یادداشت میں کمزوری کے ساتھ ساتھ الزائیمر جیسے مرض کو بھی بڑھاوا ملتا ہے۔

یونیورسٹی آف سدرن کیلیفورنیا کے کیک اسکول آف میڈیسن کے پروفیسر اینڈریو پیٹکس اور ان کے ساتھیوں نے کہا ہےکہ فضائی آلودگی اور یادداشت متاثر ہونے کا سائنسی تعلق دریافت ہوا ہے۔ جسے شماریاتی ماڈل قرار دیا گیا ہے۔

اگرچہ اس ضمن میں مزید تحقیق کی ضرورت ہے لیکن فضائی آلودگی انسانی دماغ میں ایسی بنیادی تبدیلیاں پیدا کرتی ہے جو کمزور حافظے کی وجہ بن سکتی ہے۔

ٹوکیو: اس سال چار دسمبر کو جاپانی کاسمیٹک کمپنی ایک حیرت انگیز مصنوعہ متعارف کرارہی ہے جسے مستقبل کا میک اپ قرار دیا گیا ہے۔ یہ ایک اسپرے ہے جو چہرے پر ٹھہر کر داغ دھبے، کیل مہاسے چھپا کر خوبصورت اور ہموار جلد فراہم کرتا ہے۔ تاہم یہ اسپرے بعد میں کسی ماسک کی طرح اتر جاتا ہے۔
 
مشہور کاسمیٹک کمپنی کاؤ نے ای ایس ٹی نامی ایک پروڈکٹ تیار کی ہے۔ یہ ایک مائع اسپرے ہے جسے چہرے پر چھڑکا جاتا ہے تو چہرے پر جلد کی ہلکی سی پرت بن جاتی ہے جسے کوئی بھی شناخت نہیں کرسکتا۔ اس کے نیچے چہرے کے مہاسے اور دھبے وقتی طور پر چھپ جاتے ہیں کیونکہ اسپرے بہت مہارت سے جلد پر ایک ملی میٹر کے بھی ہزارویں حصے جتنی تہہ لگاتا ہے
 
 
اسپرے جلد پرپڑتا ہے تو اس میں فائبر(ریشے) جلد پر جمع ہوجاتے ہیں اور پھیل کر جلد کی ناہمواری کو ڈھانپ لیتے ہیں۔ ای ایس ٹی اسپرے میں ایک ڈیفیوزر ہے جو اسپرے کرتا ہے اور دوسری جانب ایک مائع بھری شیشی ہے جو بار بار بھری جاسکتی ہے۔
 
ای ایس ٹی مصنوعی جلد والے اسپرے کو پہلے جاپان میں متعارف کرایا جائے گا اور اس کے بعد دنیا بھر میں فروخت کےلیے پیش کیا جائے گا۔ اس کی ابتدائی قیمت 532 ڈالر رکھی گئی ہے جو پاکستانی 80 ہزار روپے ہے۔
 
کمپنی اگلے مرحلے میں اسپرے کو لوشن کی شکل میں بھی تیار کرے گی جس کی قیمت قدرے کم یعنی 110 ڈالر رکھی گئی ہے۔
کراچی: جامعہ کراچی نے بیچلر ز، ماسٹرز پروگرام میں اوپن میرٹ اور مخصوص نشستوں پر داخلے کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی۔
 
طلباوطالبات کی سہولت کے پیش نظر ہفتہ 30 نومبر 2019 ءکو جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ پر واقع ہیلپ کاﺅنٹرکھلارہے گا ۔
 
انچارج ڈائریکٹوریٹ آف ایڈمیشنز جامعہ کراچی ڈاکٹر صائمہ اختر کے مطابق بیچلر زاور ماسٹرز مارننگ پروگرام میں اوپن میرٹ کی بنیاد پر ہونے والے داخلوں،بی اے / ایل ایل بی پانچ سالہ ڈگری مارننگ پروگرام میں داخلوں اورمخصوص نشستوں (Reserved Seats )پر ہونے والے داخلوں کے لئے فارم جمع کرانے کی تاریخ میں 30 نومبر 2019 ءتک توسیع کردی گئی ہے ۔
 
طلبہ تمام معلومات بمعہ آن لائن داخلہ فارم ،فیس واﺅچر اور پراسپیکٹس کے حصول کے لئے www.uokadmission.edu.pk  پررابطہ کرسکتے ہیں،جہاںتمام معلومات موجودہیں۔شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی کی خصوصی ہدایت پر طلباوطالبات کی سہولت کے پیش نظر ہفتہ 30 نومبر 2019 ءکو بھی جامعہ کراچی کے سلور جوبلی گیٹ پر واقع ہیلپ کاﺅنٹرکھلارہے گا ۔
 
علاوہ ازیں بینکوں کی مختلف برانچوں میں فیس جمع کرانے کی سہولت میسر ہوگی۔واضح رہے کہ داخلہ فارم جمع کرانے کی تاریخ میں مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔

 کراچی: عالمی مسابقتی انڈیکس کے مطابق پاکستان اس سال سیاحوں کے لیے محفوظ ترین ممالک کی فہرست میں 121 ویں نمبر پر موجود ہے۔

اکنامک، آرٹس، ثقافت، سائنس وٹیکنالوجی سمیت متعدد شعبوں کی فہرست مرتب کرنے والے ادارے ورلڈ اکنامک فورم کے سالانہ عالمی مسابقتی انڈیکس نے دنیا بھر میں سیاحوں کے لیے بہترین ممالک کی فہرست جاری کی ہے۔ دی ورلڈ انڈیکس کے سالانہ اعداد وشمار کے مطابق فہرست میں اسپین پہلی پوزیشن حاصل کرکے بازی لے گیا ہے۔ فہرست میں دوسرے نمبر پر فرانس، تیسرے پر جرمنی، چوتھے پرجاپان، پانچویں پر امریکا، چھٹے نمبر پر برطانیہ، ساتویں پر آسٹریلیا، آٹھویں نمبر پر اٹلی، نویں پر کینیڈا اوردسویں نمبر پرسوئزرلینڈ سیاحوں کے لیے بہترین ملک قرار دئیے گئے ہیں۔

ورلڈ انڈیکس کی فہرست میں بھارت 34 ویں نمبر پر سیاحوں کے لیے بہترین ملک قراردیا گیا ہے تاہم افسوس کی بات ہے کہ 129 ممالک کی فہرست میں پاکستان 121 ویں نمبر پر موجود ہے۔ جب کہ سب سے آخر میں 129 ویں نمبر پر نائیجریا کو سیاحوں کے لیے بہترین ملک قرار دیا گیا ہے۔

سوشل میڈیا صارفین ورلڈ انڈیکس کی مرتب کردہ فہرست پر حیرانی کا اظہار کررہے ہیں۔ بھارت سے تعلق رکھنے والے آدتیہ کے نے حیرانی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت گندگی، ماحولیاتی آلودگی، کرپشن، بدعنوانی، ریپ اور سب سے زیادہ ناقص انفرا اسٹرکچرکے ساتھ کس طرح 34 ویں نمبر پر ہوسکتا ہے؟

 
 واضح رہے کہ  وزیراعظم عمران خان کا آن لائن ویزا پالیسی کے اجرا کے افتتاح کے موقع پر کہنا تھا کہ پاکستان کے شمالی علاقہ جات رقبے میں سوئٹزرلینڈ سے دوگنا ہیں۔ جب کہ 7 نومبر کو سیاحت کے فروغ کے سلسلے میں ہونے والے اجلاس میں ملکی تاریخ میں پہلی بار 10 سالہ نیشنل ٹوارزم حکمت عملی تشکیل دی گئی جب کہ نیشنل ٹوارزم ایکشن پلان 2020اور 25 بھی مرتب کیا گیا۔

 لاہور: ایڈیلیڈ میں پاکستانی ٹیم کچھ مختلف کردکھانے کیلیے پُرعزم ہے۔

برسبین ٹیسٹ باہر بیٹھ کر دیکھنے والے اوپنر امام الحق ایڈیلیڈ میں ایکشن میں آنے کیلیے تیار ہیں، پریس کانفرنس میں انھوں نے کہا کہ پچ اچھی نظر آرہی ہے،یہاں بیٹسمینوں اور اسپنرز کو بھی مدد ملے گی، ڈے اینڈ نائٹ ٹیسٹ ہونے کی وجہ سے اسٹیڈیم میں رونق لگنے کا امکان ہے۔

 انھوں نے کہا کہ ہم برسبین میں جیت تو نہیں سکے لیکن بابر اعظم اور محمد رضوان کی دوسری اننگز میں مزاحمت نے دیگر کھلاڑیوں کا حوصلہ بھی جوان کردیا، چند سیشنز میں خراب اسٹروکس کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکل گیا، ہم پُراعتماد ہیں کہ ایڈیلیڈ میں خامیوں پر قابو پاتے ہوئے کم بیک کریں گے، میچ سے قبل 2 روز نیٹ سیشنز میں پنک بال کو کھیلنے کی پریکٹس کا موقع ملے گا،امید ہے بیٹسمین کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہوجائیں گے۔
 
ایک سوال پر امام الحق نے کہا کہ ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں اپنی شرکت کے بارے میں یقینی طور پرکچھ نہیں کہہ سکتا لیکن ایک پروفیشنل کرکٹر کو ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اسٹیون اسمتھ بہترین بیٹسمین اور یاسر شاہ ذہنی طور پر مضبوط ہیں، شائقین کو دونوں کے درمیان دلچسپ مقابلہ دیکھنے کو ملے گا، مصنوعی روشنیوں میں پنک بال کے ساتھ ایکشن میں نظر آنے والے محمد عباس کینگروز کیلیے مشکلات پیدا کرسکتے ہیں، پیسر فٹ اور موقع ملنے پر بھرپور فائدہ اٹھانے کیلیے تیار ہیں۔

ایک سوال پر امام الحق نے کہا کہ میں مچل اسٹارک کا سامنا کرنے پر ہی بتا سکوں گا کہ ان کو کس طرح کھیلنا ہے، ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں پیسر کی بولنگ پر بیٹنگ کرچکا ہوں،انھوں نے کہا کہ پنک بال سے کھیلتے ہوئے ابتدا میں تمام بیٹسمینوں کو مشکل ہوگی،البتہ15یا20گیندیں کھیلنے کے بعد بیٹنگ آسان ہوجانی چاہیے۔

 
 

کراچی : سندھ کی میڈیکل یونیورسٹیزاورکالجز میں داخلہ میرٹ لسٹ میں سنگین بدعنو انیوں اوربے قاعدگیوں کاانکشاف ہوا ہے۔ تعلیمی بورڈ اور داخلہ انٹری ٹیسٹ کے نتائج میں ہیراپھیری اور بے قاعدگیوں کے بعد میڈیکل کی داخلہ میرٹ لسٹ میں بھی بھاری رشوت پر سلیکشن کی گئی۔تعلیم دشمن مافیا نےرشوت کاسہارا لےکرغریبوں کےہونہار بچوں سے تعلیم حاصل کرنے کاحق بھی چھین لیا ہے۔

 بد عنوانی کی سب سے زیادہ  شکایات ڈسٹرکٹ بدین اور ٹنڈوالہیارسے موصول ہورہی ہیں۔بدین شہر کے ایک ہی اسکول کے 74سے زائد بچوں نے انٹر کے امتحان کے نتائج میں اے ون پوزیشن حاصل کی.میڈیکل میرٹ لسٹ میں بھی اسی اسکول کے بچوں کی اکثریت کے نام شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق فی کس کامیاب بچے سے بیس سے تیس لاکھ روپے وصول کیے گئےہیں۔

بدین کے اسی اسکول کے ایک بچے کےانٹر کے امتحان میں بورڈ کے ٹاپ ٹین بچوں سے بھی زیادہ نمبر لینےکے باوجود حیران کن طور پر اُس کانام ٹاپ ٹین کی لسٹ میں شامل نہیں۔دھاندلی کے تمام ریکارڈ توڑتے ہوئے امتحانی نتائج جاری ہونے کے بعد بھی بچوں کے نمبر اور پوزیشنز میں تبدیلی کی گئی ہے۔

بورڈ کے نتائج میں ہی پوزیشن حاصل کرنے والے ایک طالبعلم کو بعد میں اے ون گریڈ کی مارک شیٹ جاری کی گئی ہے

اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی نے طلباء کی سہولت کے پیشِ نظر انٹر میڈیٹ کے ضمنی امتحانات  برائے 2019 کے تمام گروپس سائنس پری میڈیکل و انجینئرنگ ، سائنس جنرل، کامرس ریگولر و پرائیویٹ، آرٹس ریگولر و پرائیویٹ، ہوم اکنامکس گروپس اور اسپیشل چانس کے امیدواروں کے لیے امتحانی فارم جمع کروانے کے لیے خصوصی تاریخوں کا اعلان کیا ہے۔

وہ ریگولر امیدوار جوضمنی امتحانات برائے 2019 میں شرکت کے خواہشمند ہیں وہ اپنے امتحانی فارم متعلقہ کالج کے پرنسپل اور متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعدجب کہ پرائیویٹ امیدوار اپنے امتحانی فارم گریڈ  17 یا اُس سے  زیادہ گریڈ کے سرکاری افسر اور متعلقہ سیکشن سے ضروری تصدیق کے بعد بروز جمعرات نومبر 28سے اگلے احکامات تک  روپے لیٹ فیس کے ساتھ بورڈ آفس میں  یو۔بی۔ایل کے بوتھ میں جمع کرواسکتے ہیں۔ 

طلباء اسپیشل چانس کا پرفارما بورڈ کی آفیشل ویب سائٹ سے بھی ڈاون لوڈ کرسکتے ہیں۔ کسی 17گریڈ یا اُس سے زیادہ کے سرکاری افسر سے تصدیق کروا کے یو ۔بی ۔ایل بوتھ بورڈ آفس میں جمع کرواسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یو۔ بی ۔ایل کی تمام  برانچوں میں فیس جمع کروائی جاسکتی ہے۔

کراچی : اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ  کراچی میں رشوت کے بدلے امتحانی نتائج تبدیل کرنے کے معاملے پر محکمہ اینٹی کرپشن  نے اپنی تحقیقات مکمل کرلی ہیں۔

تحقیقات کے مطابق رشوت ستانی کے کوئی شواہد نہیں ملے تاہم سنگین غلطیوں کی نشاندہی پر محکمہ اینٹی کرپشن نے بورڈ حکام سے محکمہ جاتی تحقیقات کی سفارش کی ہے۔

کراچی: وفاقی اُردو یونیورسٹی کے طلباء رہنماوں نے" جامعہ اردو بچاو مہم "کا آغاز کردیا ہے، گزشتہ روز طلباء کے وفد نے صدرِ پاکستان کے کوآرڈینیٹر  سے تفصیلی ملاقات کرکے جامعہ اردو میں جاری انتظامی بحران سے آگاہ کیا۔  وفد میں ڈاکٹر الیاس خاکی ریسرچ اسکالر،محمد فیاض ریسرچ اسکالر ، مہدی کربلائی و دیگر رہنما شامل تھے۔

تفصیلات کے مطابق طلباء رہنماوں کے وفد نے گزشتہ روز وفاقی جامعہ اردو کے بحران  کے پیشِ نظر کوآرڈینیٹر صدرِپاکستان خضر علی سے ملاقات کرکے جامعہ اردو میں قائم مقام شیخ الجامعہ کی تعیناتی میں تاخیر کے سبب پیدا ہونے والے سنگین انتظامی بحران اور اس کی وجہ سے اساتذہ ،غیر تدریسی عملے اور  طلبہ میں  پائی جانے والی بےچینی سے بھی آگاہ کیا۔  

وفد نے اس موقع پر چانسلر جامعہ اردو عارف علوی سے اس  معاملے کو ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے اور قومی اتحاد کی علامت اس ادارے کو مزید نقصان سے بچانے کا مطالبہ کیا۔ کو آرڈینیٹر صدرِ پاکستان نے چانسلر کو اس معاملے سے آگاہ کر کے جلد از جلد کارروائی کی یقین  دہانی  بھی کی