پیر, 20 مئی 2024

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) اسٹیج اداکارہ ندا ملک نے فلم سٹار میرا کے ہسپتال کے نام جمع ہونیوالے فنڈ ز کی تحقیقات کیلئے نیب کو درخواست دینے کا اعلان کر دیا۔

خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ندا ملک نے کہا کہ فلم سٹار میرا ہسپتال کے نام پرلوگوں سے لاکھوں روپے فنڈز لے چکی ہے مگر اب انکو اپنی موج مستی کیلئے استعمال کر رہی ہے جسکے خلاف میں نے اپنے وکلا کو درخواست کی تیاری کی ہدایت کر دی ہے ہم ہسپتال کے نام پر جمع ہونیوالے فنڈز کی تحقیقات کیلئے نیب کو درخواست دیں گے تاکہ میرا کے اصل چہرے کو بے نقاب کیاجاسکے۔

واضح رہے کہ گھریلو جھگڑوں اور غیر ضروری مصروفیات کے باعث میرا نے ہسپتال کا منصوبہ غیر اعلانیہ طور پر ختم کردیا ہے جبکہ ہسپتال کی تعمیر کے لئے دنیا بھر سے اکٹھے کئے گئے فنڈز اچانک غائب ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق میرا نے دو سال قبل اپنی والدہ شفقت زہرہ بخاری کے نام پر ہسپتال بنانے کا اعلان کیا تھا جس کے لئے انہوں نے پہلے قصور کے نزدیک زمین حاصل کرنے کی کوشش کی لیکن بعد میں سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ایک شخص ارسل وقار گھمن نے انہیں زمین دینے کا اعلان کیا لیکن میرا کی غیر سنجیدگی کے باعث ہسپتال کی تعمیر تو دور کی بات بلکہ اس کا نقشہ تک نہ بنایا جاسکا جبکہ دوسری طرف میرا نے ہسپتال کی تعمیر کے لئے پاکستان اور بیرون ملک سے لاکھوں روپے فنڈز بھی اکٹھے کئے۔ اسی مقصد کے لئے میرا امریکہ میں اپنے دوست کیپٹن نوید کے پاس بھی گئی جس نے انہیں وہاں کے مخیر لوگوں سے لاکھوں ڈالر لے کر دئیے جس کا اعلان میرا نیا مریکہ سے واپسی پر میڈیا کے سامنے بھی کیا جبکہ اس کے علاوہ بھی وہ اکثر فنڈز کے لئے مختلف سماجی اور سیاسی شخصیات سے ملتی رہی ہیں جبکہ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب اور وزیراعظم پاکستان سے بھی مطالبہ کیا کہ ہسپتال کی تعمیر کے لئے اس کی مدد کی جائے۔

کیپٹن نوید سے ان کے روابط ابھی تک قائم ہیں جو ان سے ملنے اکثر پاکستان آتے رہتے ہیں یا میرا ان سے ملنے بیرون ملک جاتی رہتی ہیں۔ اداکارہ میرا کیش وبز سرگرمیوں میں فضول خرچی پر بہت بحث ہوتی رہی ہے۔ہسپتال بنانے کا پراجیکٹ بھول کر اپنی ہوم پروڈکشن کیلئے 1 کروڑ 35 لاکھ روپے کا کیمرہ خریدا تھا۔ میرا جو غریبوں کے حقوق اور ان کے علاج کی غرض سے ہسپتال بنانے کی مہم میں مصروف رہی ہیں۔ انہوں نیا پنی جیب سے گزشتہ ماہ 1 کروڑ 35لاکھ روپے کا قیمتی کیمرہ خریدلیا تھا جس سے وہ اپنی فلمیں، کمرشلز اور ڈرامے بنانے کا پروگرام رکھتی ہیں۔ دوسری طرف سنجیدہ حلقوں کا کہنا ہے کہ ایک طرف ہسپتال کے پراجیکٹ کیلئے مختلف ممالک میں جاکر چندہ مانگتی رہی ہیں اور دوسری جانب ہسپتال پر پیسہ خرچ کرنے کے بجائے قیمتی کیمرہ خرید کر مذاق کیا گیا۔ اسی رقم سیا داکارہ میرا ہسپتال کا ایک بلاک مکمل کرسکتی تھیں۔ شوبز حلقوں نے میرا پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایف بی آر کو اداکارہ میرا کے گوشوارے چیک کرنے چاہئیں۔ دوسری طرف اداکارہ میرا نے فلاحی کاموں کو پس پشت ڈالتے ہوئے نئی گاڑی بھی خریدی تھی جو غالباً تین ماہ پہلے خریدی گئی تھی۔

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پنجاب انتظامیہ سے کامیاب مذاکرات کے بعد ینگ ڈاکٹرز نے احتجاج اور دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا،5روز بعد مال روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق چیف ایگزیکٹیو میو ہسپتال ڈاکٹر اسد اسلم اور ینگ ڈاکٹرز میں مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ڈاکٹروں نے احتجاج ختم کردیا جس کے بعد پولیس نے مال روڈ کو ٹریفک کیلئے کھول دیا ہے اور مظاہرین کے کیمپ و دیگر سامان ایک سائیڈ پر ہٹا دیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق پولیس نے واٹر مینجمنٹ بورڈ ملازمین کو بھی اٹھا کر روڈ پر ٹریفک بحال کروادی ۔ مشیر صحت پنجاب سلمان رفیق نے کہا کہ حکومت کو عوام کی پریشانی کا احساس ہے، دودن پہلے 11 نرسوں کے خلا ف کارروائی کی گئی تھی، اب مظاہرین کو سڑک سے ہٹاکر شہریوںکی پریشانی کو ختم کردیا گیا ہے۔

سی سی پی اولاہور امین وینس نے کہا ہے کہ آئندہ مظاہروں اور دھرنوں سے مال روڈ کو کسی صورت متاثر نہیں ہونے دینگے،مسیحاہی عوام کو پریشان کریں گے تو عام آدمی سے کیا توقع کی جاسکتی ہے۔ دوسری جانب ینگ ڈاکٹرز نے کہا ہے کہ انسانی بنیادوں پر سڑک کو کھولا، ہمارے حکمران فرعون بن چکے ہیں، حکومت کو ہمارے مطالبات تسلیم کرنے پڑیں گے، حکومت کی جانب سے کے جانے والے تمام وعدے پورے کیے جائیں۔

ڈاکٹر اسد اسلم نے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کا بڑا مسئلہ سیکیورٹی کا تھا جو حکومت نے حل کردیا ہے ، ینگ ڈاکٹرز میرے بچوں جیسے ہیں اور انہیں سمجھایا ہے کہ ڈیوٹی پر واپس آئیں ۔ انہوں نے کہا کہ جن ڈاکٹرز نے معافی نامے جمع کرائے ہیں انہیں بحال کریں۔

 

 

ایمزٹی وی(پشاور)پشاور کے علاقے تیرائی بالا میں گھات لگائے ملزمان نے پیشی پر جانے والے باپ بیٹے پر فائرنگ کر دی جس سے وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ، مقتولین رکشے پر عدالت جا رہے تھے تاہم فائرنگ سے رکشہ ڈرائیور بھی جاں بحق ہو گیا ہے ۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گھات لگائے ملزمان نے ایک مقام پر رکشہ کوروکا اور اندھا دھند فائرنگ کر کے فرار ہو گئے تاہم فائرنگ کے نتیجے میں باپ بیٹا اور رکشہ ڈرائیور موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے ہیں جن کی لاشیں ہسپتال منتقل کر دی گئی ہیں ۔ مرنے والے دونوں باپ بیٹا سرکاری ملازم تھے ۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کا واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے تاہم ملزمان کی شناخت ہونے کے بعد گرفتار کر لیا جائے گا ۔

 

 

ایمز ٹی وی (صحت) لاہور کے کلب چوک پر ینگ ڈاکٹروں اور نرسوں کا دھرنا بدستورچوتھے روز بھی جاری ہے، شہرکی مصروف ترین شاہراہ مال روڈاور ملحقہ سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامناہے۔

میڈیارپوٹس کے مطابق ینگ ڈاکٹروں اور نرسوںکے احتجاج کے باعث ہسپتالوں میں مریض اور سڑکوں پر عوام رل گئے ہیں،علاج کے بجائے احتجاج کرنے والے مسیحاﺅں کے آگے لاہور کے شہری بے بس اور لاچار ہوگئے، دوا دینے والے ہی لاہور والوں کے لیے وبال جان بن گئے ہیں۔اس دوران ڈاکٹرز اور انتظامیہ کے مذاکرات بھی ہوئے مگر ان کا بھی کوئی نتیجہ نہیں نکل سکا ۔

ینگ ڈاکٹرز کے احتجاج کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کی روانی بری طر ح متاثر ہے اور کالجوں اوردفاتر جانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔

ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کے باعث ہسپتال آنے والے مریض ہی نہیں اس دھرنے کی سزا لاہور کی سڑکوں پر سفر کرنے والے شہریوں کو بھی بھگتنی پڑی۔ شہری روز گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہتے ہیں لیکن ڈاکٹروں کو کوئی فکر نہیں وہ بوریا بستر لے کر دھرنے کے نام پر سکون سے پکنک منانے میں مصروف ہیں

 


ایمز ٹی وی (ڈی آئی خان) ایف آر درازندہ کے علاقے بہران میں مسافر گاڑی کے کھائی میں گرنے سے 10 افراد جاں بحق جب کہ 12 افراد زخمی ہوگئے۔


ڈیرہ اسماعیل خان میں ایف آر درازندہ کے علاقے بہران میں مسافر کوچ کے بریک فیل ہوگئے، جس کے نتیجے میں وہ کھائی میں جاگری، پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعے میں 10 افراد کے جاں بحق جب کہ 12 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔

پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ زخمیوں اور لاشوں کو درازندہ اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں زخمی افراد کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔

ایمز ٹی وی(گجرانوالا) اور فیصل آباد میں 2 مختلف ٹریفک حادثات میں 15 افراد زخمی ہو گئے۔

گوجرانولا میں جی ٹی روڈ پر لاہورکی طرف جانے والی تیزرفتارگاڑی توازن برقرار نہ رکھنے کی وجہ سے سٹرک کے دوسری جانب چلی گئی اورمخالف سمت سے آنے والی گاڑی سے ٹکرا گئی جس کے نتیجے میں میں 8 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ 3 افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس کا مزید کہنا تھا کہ حادثے کا شکار ہونے والی گاڑی میں کم عمر افراد سوارتھے اور وہ موج مستی کرتے ہوئے گاڑی کو تیزرفتاری سے چلا رہےتھے جس کے باعث حادثہ پیش آیا۔

دوسری جانب فیصل آباد میں کھرڑیانوالا کے قریب تیز رفتاربس نے کارکو ٹکر دے ماری جس کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو فوری طور پرطبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے


ایمز ٹی وی(لاہور)صوبے کے مختلف علاقوں میں دھند کے باعث ہونے والے ٹریفک حادثات میں متعدد افراد جان کی بازی ہارگئے‘ پنڈی بھٹیا ں پر پندرہ گاڑیاں ٹکرا گئیں دس افراد ہلاک متعدد زخمی ہوگئے۔

پنڈی بھٹیاں میں موٹروے سکھیکی کےقریب دھند کےباعث پندرہ مسافر گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں خطرناک حادثہ میں متعدد افراد جان کھو بیٹھے ۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے نتیجے میں ستر سے زائد افراد زخمی بھی ہوئےجنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب فیصل آباد میں جھنگ روڈ پرگاڑیوں میں تصادم میں دو افراد جاں بحق اور چھ زخمی ہوگئے اور سدھار بائی پاس کے قریب لوڈر اور ٹر ک میں ٹکر سے دس افراد زخمی ہوگئے ہیں۔واضح رہے کہ سردیوں میں پنجاب میں دھند کے باعث حادثات میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے ۔


لاہور سمیت پنجاب بھر میں دھند کے باعث حد نگاہ 20 میٹر تک رہ گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔موٹر وے حکام نے لاہور سے پنڈی بھٹیاں تک اور پنڈی بھٹیاں سے فیصل آباد تک موٹر وے کو ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کر دیا ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے اس دھند کو سموگ یعنی ’گرد آلود دھند‘ کا نام دیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سموگ کا سلسلہ آئندہ

ایمز ٹی وی(کراچی) چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جناح اسپتال کراچی میں زیر علاج ڈاکٹر عاصم حسین کی عیادت کی۔

بلاول بھٹو نے ڈاکٹر عاصم کو یقین دلایا کہ پیپلز پارٹی ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے سوال کیا کہ کراچی کے میئر کو آخر کیوں پابند سلاسل کیا گیا ہے؟

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کراچی میں اسیر رہنما ڈاکٹر عاصم حسین سے ملاقات کے لیے پہنچے۔ بلاول بھٹو نے جناح اسپتال میں زیر علاج ڈاکٹر عاصم کی عیادت کی۔ دوران عیادت انہوں نےڈاکٹر عاصم حسین کو گلے لگایا، ان کی خیریت دریافت کی اور انہیں گلدستہ پیش کیا۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے سابق سینیٹر کو یقین دلایا کہ انہیں ہر طرح کی قانونی مدد دی جائے گی۔

واضح رہے کہ کرپشن اور دیگر مقدمات میں گرفتار ڈاکٹر عاصم حسین کو فالج کے حملے کے بعد جناح اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں گزشتہ روز ان کا تفصیلی طبی معائنہ ہوا۔ بلاول بھٹو زرداری کی ڈاکٹر عاصم سے ملاقات کے دوران پیپلز پارٹی کے رہنما قمر الزمان کائرہ، سعید غنی اور مرتضیٰ وہاب بھی وہاں موجود تھے۔

اسپتال کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف خود کو امیر المومنین کہلواتے ہیں۔ کراچی آپریشن کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے اس آپریشن میں خاص طور پر صوبہ سندھ کو ٹارگٹ کیا، جہاں چاہے میئر کراچی ہوں، چاہے عاصم حسین ہوں، قادر پٹیل ہوں یا کوئی اور سیاستدان، سب کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی کے قوانین خاص طور پر شدت پسندوں کے خلاف بنائے گئے تھے لیکن اب ان کا استعمال سیاسی جماعتوں اور دیگر اداروں پر کیا جارہا ہے۔ ڈاکڑ عاصم حسین کوئی لال مسجد کے طالبان نہیں ہیں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نہ صرف وہ پہلی جماعت تھی جس نے سب سے پہلے شدت پسندی کے خلاف آواز بلند کی، بلکہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی قربانی دی۔ ’ہم خود دہشت گردی کا شکار ہیں۔ میں جاننا چاہتا ہوں کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہم کیا کر رہے ہیں‘۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ پیپلز پارٹی نے تمام سیاسی جماعتوں کو دہشت گردی کے خلاف اکٹھا کیا، اور بدلے میں ہمیں کیا ملا؟ الٹا ڈاکٹر عاصم اور کراچی کے میئر کو جیل میں ڈال دیا گیا۔ ’ میں کراچی کا شہری ہوں، میرا حق بنتا ہے کہ میں سوال کروں کہ میرے شہر کامیئر جیل میں کیوں ہے‘؟

انہوں نے مطالبہ کیا کہ میں اس بینظیر شہید کا بیٹا ہوں جس نے دہشت گردی میں اپنی جان قربان کی، ’مجھے نواز شریف سے سوال پوچھنے کا حق ہے کہ وہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں یا نہیں‘؟

انہوں نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے 20 نکات میں سے حکومت نے کتنے نکات پر عمل درآمد کیا۔

اس سے قبل سیاسی تناؤ پر بلاول بھٹو زرداری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحران سے نکال سکتی ہے۔

اپنے ٹوئٹ میں انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی پاکستان کی واحد قانونی اور وفاقی جماعت ہے۔ وقت آگیا ہے کہ پارٹی اپنا مقام دوبارہ حاصل کرے۔

بلاول بھٹو زرداری نے تیزی سے بدلتی سیاسی صورتحال پر آج سینئر رہنماؤں کا اجلاس بھی طلب کر رکھا ہے جس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ، سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف اور دیگر رہنما شریک ہوں گے

ایمز ٹی وی(کراچی) ناظم آباد نمبر 4 کے علاقے میں مسلح افراد کی مجلس پر فائرنگ سے 5 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

ناظم آباد کے علاقے نمبر 4 پر واقع لاروش ہوٹل کے قریب نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے5 افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوئے۔

اطلاعات کے مطابق فائرنگ خواتین کی مجلس عزا پر کی گئی جس کے نتیجے میں بچے اور خواتین بھی زخمی ہوئے ہیں، عینی شاہدین نے واقعے سے متعلق بتایا کہ مسلح افراد نے مجلس میں گھر کر فائرنگ کی۔ جاں بحق ہونے والے افراد کا تعلق اہل تشیع مکتبہ فکر سے ہے۔

جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت نادر عباس، باقر عباس، محمد ذکی، ندیم کے ناموں سے ہوئی جبکہ ایک شخص کی شناخت نہیں ہوسکی، فائرنگ سے شدید زخمی ہونے والے افراد کو نجی اسپتال منتقل کردیا ہے۔ فائرنگ کے بعد پولیس اور رینجرز نفری نے جائے وقوعہ پہنچ کر شواہد قبضے میں لے لیے ہیں جبکہ زخمی و جاں بحق ہونے والے افراد کو عباسی شہید منتقل کردیا گیا ہے۔

پولیس نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم کے خول ملے ہیں تاہم واقعے کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد تفصیلی رپورٹ جاری کی جائے گی جبکہ حکام نے بتایا کہ مسلح ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے ہیں۔

مسلح افراد نے گلی میں اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ پولیس کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق مسلح ملزمان موٹرسائیکل پر سوار تھے جنہوں نے مکمل ریکی کے بعدمجلس پر فائرنگ کی اور باآسانی فرار ہوگئے۔

بعدازاں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کی اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کیے تاہم گورنر سندھ نے بھی واقعے کا نوٹس لیا اور

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار، سابق صدر آصف علی زرداری، پاک سرزمین پارٹی، اہلسنت والجماعت سمیت دیگر تنظیموں نے فائرنگ کے واقعے پر افسوس کا اظہار کیا اور ملزمان کی جلد گرفتاری کا مطالبہ بھی کیا۔

یاد رہے جائے وقوعہ کے قریب تھانہ جبکہ عقب میں رینجرز ہیڈکوارٹر موجود ہیں۔ جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین نے احتجاج شروع کردیا، جبکہ اسپتال پہنچنے والے مشتعل مظاہرین نے اسپتال میں توڑ پھوڑ بھی کی۔

اہل خانہ کے مطابق مجلس کا اہتمام ہر سال کیا جاتا ہے تاہم صورتحال کے باعث سیکیورٹی کے لیے ناظم آباد تھانے میں درخواست جمع کروائی تھی۔

بعد ازاں ایڈیشنل آئی جی مشتاق مہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ’’مجالس کا اختتام عاشورہ پر ختم ہوجاتا ہے تاہم اب ہم یہ دیکھ رہے ہیں کہ اس مجلس کی اطلاع متعلقہ تھانے میں تھی یا نہیں؟، انہوں نے مزید کہا کہ حملوں میں لشکر جھنگوی کے کچھ گروپ ملوث ہیں جن کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے سکندر میندھرو، قیوم سومرو اور وقار مہدی کے ہمراہ نجی اسپتال کا دورہ کیا اور زخمی ہونے والے افراد سے تعزیت کی کرتے ہوئے ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی کروائی

ایمز ٹی وی(کراچی) کراچی کے علاقے رنچھوڑ لائن گھاس منڈی میں شوہر نے گھر والوں سے مل کر بیوی کو زہر دےدیا،خاتون ہسپتال میں دم توڑ گئی۔


رنچھوڑ لائن گھاس منڈی کی رہائشی رخسار کو اس کے شوہر حمزہ اور سسرالیوں نے دعوت پر بلایا۔ حمزہ سے کورٹ میرج کرنے والی رخسار نے کھانا کھایا تو اس کی حالت غیر ہوگئی جس پر اسےہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئی۔


مقتولہ رخسار کے شوہر حمزہ، سسر اور دو سالیوں نے اسپتال سے فرار ہونے کی کوشش کی توہسپتال انتظامیہ نے سسر اور دو سالیوں کو پکڑ لیا تاہم حمزہ فرار ہوگیا۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر حمزہ کے والد اور دو بہنوں کو تحویل میں لیکر رسالہ تھانہ منتقل کردیا تاہم کچھ دیر بعد چھوڑ دیا جس پر لڑکی کے اہل خانہ نے شدید احتجاج کیا۔ بعدازاں مقدمہ مقتولہ کی بہن رضیہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا

Page 6 of 14