جمعہ, 17 مئی 2024

 

ایمز ٹی وی(لاہور) نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریب حلف برداری ملتوی کردی گئی، ان کی حلف برداری کی تقریب 28 اگست کو منعقد ہونا طے تھی۔
نامزد گورنر پنجاب چوہدری سرور کی تقریب حلف برداری اب صدارتی الیکشن کے بعد ہوگی، چوہدری سرور پہلے بطور سینیٹر صدر کے لیے عارف علوی کو اپنا ووٹ دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم کی ہدایت پر چوہدری سرور صدارتی انتخاب کے بعد حلف اٹھائیں گے، تقریب حلف برداری کے سلسلے میں 50 فیصد دعوت نامے تقسیم ہوچکے تھے۔
چاہدری سرور کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ عارف علوی کو صدر منتخب کرانے میں بحیثیت سینیٹر اپنا کردار ادا کرنا چاہتا ہوں، 4 ستمبر کے بعد بطور گورنر پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھاؤں گا۔
خیال رہے کہ رواں ماہ دس اگست کو چوہدری محمد سرور کو بطور گورنر پنجاب منتخب کیا گیا تھا، پی ٹی آئی نے موقف اختیار کیا تھا کہ چوہدری سرور وفاق کی نمائندگی کریں گے، چوہدری سرور پنجاب کی سیاست سے بخوبی واقف ہیں، ان کے سیاسی تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے۔
یاد رہے کہ مشترکہ صدارتی امیدوار کے معاملے پر اپوزیشن میں ڈیڈ لاک برقرار ہے، ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کا نام واپس لینے سے انکار کردیا ہے، آصف زرداری کے فیصلے سے پیپلزپارٹی نے فضل الرحمان کو آگاہ کردیا۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے عارف علوی کو اور پیپلزپارٹی نے اعتزاز احسن کو صدارتی امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف جلد اپوزیشن کے امیدوار کا اعلان کریں گے۔

 

 

ایمز ٹی وی (واشنگٹن)سابق امریکی صدر جارج بش کی بیوی کی آخری رسومات کے بعد طبیعت بگڑ گئی۔ علالت کے باعث اسپتال منتقل کر دیا گیا۔سابق امریکی صدر جارج بش کے خاندان کے ترجمان جم میک گرا کےمطابق جارج بش کوانفیکشن کے باعث ہیوسٹن کے میتھوڈسٹ اسپتال میں داخل کرا دیا گیا۔تر جمان کے مطابق امریکا کے 41 ویں صدر 92 سالہ جارج بش پہلے ہی رعشہ کے مرض میں بھی مبتلا ہیں اور وہ چلنے پھرنے کیلئے وہیل چیئر یا بجلی سے چلنے والا اسکوٹر استعمال کرتے ہیں۔دو سال قبل 2015 میں بھی جارج بش گردن کی ہڈی ٹوٹ جانے کے باعث اسپتال میں داخل رہ چکے ہیں۔ بش سینئر 1989 سے 1993 تک امریکا کے صدر رہ چکے ہیں۔

 

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جانب سے چند روز قبل جاری کردہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے لیے صدارتی آرڈیننس آج جاری ہونے کا امکان ہے۔
کل سے سینیٹ کا اجلاس شروع ہورہا ہے اور خصوصی قانون کے ذریعے لائی جانے والی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر صدارتی آرڈیننس آج جاری نہ ہوا تو اسکیم کا نفاذ مشکل ہوگا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے 5 اپریل کو نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ جن لوگوں کے اثاثے بیرون ملک ہیں وہ 2 فیصد جرمانہ ادا کر کے ٹیکس ایمنسٹی سے استفادہ کرسکتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نئی ایمنسٹی اسکیم کو صدارتی حکم نامے کے ذریعے متعارف کرایا جائے گا جو بعد میں قانون کی شکل اختیار کر لے گا اور 30 جون تک اس اسکیم سے فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے۔
نئی ٹیکس ایمنسٹی اسکیم کے تحت ایک لاکھ ماہانہ آمدنی والوں پر کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، 12 لاکھ سالانہ آمدنی والے کو بھی افراد ٹیکس سے استثنیٰ حاصل ہوگا جب کہ 12 سے 24 لاکھ روپے سالانہ آمدن والوں پر 5 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔
24 سے 48 لاکھ سالانہ آمدن والوں کو 10 فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا جب کہ 48 لاکھ سے زائد سالانہ آمدن پر 15 فیصد ٹیکس عائد ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی (اسلام آباد) بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنرعبدالباسط نے بھارتی میڈیا کوانٹرویودیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اوربھارت کودہشت گردی سمیت مسائل پر رابطے میں رہنا چاہیے، پاکستان کے لئے اب دہشت گردی بھی بڑا مسئلہ بن چکا ہے، پاکستان سمجھتا ہے مذاکرات اور پیشگی شرائط اکٹھے نہیں چل سکتے، 40 سال سے باہمی مذاکرات نتیجہ خیز نہیں ہو سکے جب کہ بھارتی حکومت کی جانب سے مزاکراتی عمل کے آغاز کی کوئی کوشش نہیں ہو رہی، پاک بھارت جامع مذاکرات کے آغاز کے حوالے سے پرامید ہوں اورسفارتکاری میں تمام ممکنات کیلئے دروازے کھلے رکھنا ہوتے ہیں۔
عبدالباسط نے کلبھوشن یادیوکے حوالے سے کہا کہ عالمی عدالت سے کلبھوشن کیس پر فیصلے تک سزا پرعملدرآمد نہیں ہوگا، کلبھوشن یادیو کے پاس سزا کے خلاف آرمی چیف اورصدرکے پاس اپیل کا حق ہے جب کہ اپیل مسترد ہونے کے بعد آرمی چیف یا صدرسزا پرنظر ثانی کرسکتے ہیں۔
عبدالباسط کا کھیل کے حوالے سے کہنا تھا کہ دونوں ممالک میں کرکٹ سمیت دیگر کھیل ہونے چاہیے، تعلقات بہتری تک کھیلوں کے مقابلے بھی چھوڑدینا دانشمندی نہیں، کھیلوں کے مقابلے باہمی بات چیت کیلئے بہتر فضا قائم کر سکتے ہیں جب کہ کھیلوں کو سیاست سے الگ کردینا چاہیے۔
عبدالباسط کا حرہت کانفرنس کے حوالے سے کہنا تھا کہ پاکستان ہمیشہ سے حریت کانفرنس سے رابطے میں رہا ہے، ہماری حریت لیڈروں سے ملاقاتوں کو مثبت انداز میں دیکھا جانا چاہیے، حریت لیڈروں سے ملاقات سے دیرینہ تنازعہ کشمیرکے بہتر حل کو سمجھنے میں مدد ملتی ہے، پاکستان حریت کانفرنس کو ہی مقبوضہ کشمیر کے عوام کی نمائندہ تسلیم کرتا ہے۔
عبدالباسط نے کہا کہ پاکستان اور بھارت مسئلہ کشمیر کو تمام مسائل کی جڑسمجھتے ہیں، پاکستان کوباہمی مذاکرات مفید نہ ہونے پرباقی دنیا سے بات کرنا پڑتی ہے جب کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کوئی بیک چینل کام نہیں کررہا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کی 79ویں برسی آج عقیدت و احترام سے منائی جا رہی ہے ۔
تفصیلات کے مطابق 9نومبر 1877ءکو سیالکوٹ میں شیخ نور محمد کے گھر پیداہونے والے شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی برسی آج پورے ملک میں انتہائی عقیدت سے منائی جا رہی ہے ۔شاعرمشرق آزادی وطن کے علمبردار تھے اور باقاعدہ سیاسی تحریکوں میں حصہ لیتے تھے اور آل انڈیا مسلم لیگ کے صدر منتخب ہوئے۔
علامہ اقبال کا 1930ءکا الہٰ آباد کا مشہور صدارتی خطبہ تاریخی حیثیت رکھتا ہے جس میں آپ نے پاکستان کا تصور پیش کیا۔آپ کی تعلیمات اور قائد اعظم کی ان تھک کوششوں سے ملک آزاد ہوگیا اور پاکستان معرضِ وجود میں آیا۔
علامہ اقبال نے ابتدائی تعلیم سیالکوٹ میں ہی حاصل کی اور ایف اے کرنے کے بعد آپ لاہور چلے گئے اور گورنمنٹ کالج لاہور سے بی اے اور ایم اے کے امتحانات پاس کیے۔شاعر مشرق 1905ءمیں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان گئے اور قانون کی ڈگری حاصل کی، یہاں سے آپ جرمنی چلے گئے جہاں میونخ یونیورسٹی سے آپ نے فلسفہ میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔
علامہ اقبال شعروشاعری کے ساتھ ساتھ وکالت بھی کرتے رہے اور سیاسی تحریکوں میں بھرپور انداز میں حصہ لیا جبکہ 1922 ءمیں برطانوی حکومت کی طرف سے ان کو”سَر“ کا خطاب ملا۔پاکستان کی آزادی سے پہلے ہی 21 اپریل 1938 کو علامہ انتقال کر گئے تھے تاہم ایک عظیم شاعر اور مفکر کے طور پر قوم ہمیشہ ان کی احسان مند رہے گی۔

 

 

ایمز ٹی وی(لاہور) پاک فوج نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نئے جنرلز کو خبردار کیا ہے کہ افغانستان میں برطانیہ اور امریکہ نے داعش اور طالبان کی پیش قدمی نہیں روکی تو انہیں معاملات میں بگاڑ کا سامنا کرنا پڑے گا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں پاک فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلاءکے بعد پیدا ہونے والی سیکیورٹی صورتحال کا مطلب ہے کہ یورپ کو اب کنٹرول کھونے کا سامنا ہے۔ اگر داعش اور طالبان دوبارہ مضبوط ہوتے رہے تو روس سینٹرل ایشیاءمیں خود کو محفوظ رکھنے کا بہانہ استعمال کرتے ہوئے سیریا جیسی مداخلت کر سکتا ہے۔ پاک فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے سیکرٹری ڈیفنس تعینات کئے جانے والے جنرل (ر) جیمز میٹس اور ریزولوٹ سپورٹ مشن کمانڈر جنرل جان نکلسن کے ساتھ حالیہ ہفتوں میں اعلیٰ سطحی ملاقاتیں ہوئیں۔ جنرل نکلسن نے گزشتہ مہینے خود بھی یہ اعتراف کیا کہ افغان فورسز ایک بار پھر طاقت کے حصول کیلئے برسرپیکار طالبان کے خلاف تعطل کا شکار ہیں۔ پاک فوج کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ”افغان فورسز کا تعطل طالبان کیلئے جیت ہی ہے، ہم نے جنرل میٹس کو بتایا ہے کہ افغانستان کنٹرول سے باہر ہو رہا ہے، اور اگر چیزوں کو درست سمت میں نہ لایا گیا تو امریکہ کو بڑے بحران کا سامنا پڑے گا۔ داعش بھی یہاں پنپ رہی ہے اور اگر انہوں نے سیریا اور عراق کو چھوڑ دیا تو دوبارہ اکٹھا ہونے کیلئے اگلی جگہ افغانستان کی سرزمین ہو گی۔“ پاکستان نے افغان بارڈر کو اپنی جانب سیل کرنے کیلئے ناکافی اقدامات پر کابل حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے، پاکستانی حکومت کے مطابق دہشت گرد یہیں سے پاکستان اور افغانستان کی سرزمین پر حملہ آور ہو رہے ہیں۔ تاہم پاکستان نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ کابل افغان فوج کی ناکافی صلاحیتوں کے باعث محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”افغان فوج میں 350,000 اہلکار ہیں لیکن ان میں سے صرف 20,000 ہی کامبیٹ مشن کیلئے اہل ہیں۔ ان کے 1,000 جنرل ہیں جن میں سے زیادہ تر کی تعیناتی میرٹ کے بجائے قبائل کیساتھ تعلقات کی بناءپر ہوئی ہے۔ مسئلہ یہ ہے کہ آپ ایک گدھے کو سرپٹ دوڑنا نہیں سکھا سکتے۔“ پاک فوج کے ذرائع نے مزید کہا کہ روس کو ڈر تھا کہ یورپ اس معاملے کو اس کی ”راہداری“ کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کیلئے استعمال کر رہا ہے اور افغانستان میں فوجی آپریشن کی وسعت کیلئے اسے بہانے کے طور پر استعمال کر سکتا ہے۔ گزشتہ مہینے روس نے افغانستان کے معاملے پر علاقائی طاقتوں کی ایک کانفرنس منعقد کی جس میں اس بات کی اجانب اشارہ دیا گیا کہ افغانستان میں اس طرح کی سٹریٹجی کی ابتدائی شکل کیسی ہو سکتی ہے۔ امریکہ کے بغیر منعقد ہونے والی یہ سمٹ طالبان کے ساتھ مذاکرات کیلئے بلائی گئی اور اس سے پہلے ہی روس نے طالبان کے ساتھ خفیہ رابطے شروع کر دئیے تھے۔ روس کا کہنا ہے کہ داعش کیساتھ لڑنے کیلئے طالبان کو استعمال کیا جا سکتا ہے۔ امریکہ کا یہ ماننا ہے کہ ماسکو کے طالبان کے ساتھ رابطے افغانستان میں پراکسی اثاثوں کی تعمیر کیلئے روس کی مدد ہے

 

 

ایمز ٹی وی(فیصل آباد) فیصل آباد کی تحصیل تاندلیا نوالہ میں زمین کے تنازع پر فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی جعفر علی اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سعید کو نامزد کیا گیا ہے۔گزشتہ روز فیصل آباد کی تحصیل تاندلیا نوالہ میں تاجر شٹر ڈاون ہڑتال کر کے انجمن سبزی منڈی کے صدر پر تشدد کے خلاف احتجاج کر رہے تھے۔
تاجروں کا کہنا تھا کہ رکن اسمبلی کے بھائی تاجروں سے بھتہ مانگتے ہیں، نہ دیا جائے تو تشدد کیا جاتا ہے۔لیگی کارکنوں نے زبردستی دکانیں کھلوانے کی کوشش کی تو کارکنان اور مظاہرین کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔ بندوق تھامے لیگی کارکن نے فائر کھول دیے۔فائرنگ سے صحافی اور 2 بچوں سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے۔واقعے کے بعد فائرنگ کے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمے میں ن لیگ کے رکن صوبائی اسمبلی جعفر علی اور چیئرمین میونسپل کمیٹی سعید کو نامزد کیا گیا ہے۔ مقدمے میں انسداد دہشت گردی سمیت 6 دفعات شامل کی گئی ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(کراچی) پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رکن سندھ اسمبلی اور سابق صوبائی وزیر عرفان اللہ مروت پیپلز پارٹی میں شامل ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق عرفان اللہ مروت نے گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات میں شمولیت کا اعلان کیا۔
زرداری سے ملاقات سے قبل عرفان اللہ مروت نے میڈیاسے بات کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ سے بیزار آگیا ہوں اس لئے زرداری سے ملاقات کرنے کیلئے آیا ہوں ۔ بعدازاں رہنما ن لیگ نے پیپلز پارٹی میں باضابطہ شمولیت کا اعلان کردیا۔قبل ازیں نبیل گبول بھی آصف زرداری سے ملاقات کرکے پی پی پی میں شمولیت کا اعلان کرچکے ہیں۔

 

 

ایمز ٹی وی(استنبول) ترک صدر رجب طیب اردوان کے زیراستعمال بس نے صدر کے ذاتی محافظ کو کچل ڈالا۔ غےر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی اہلکار صدر کے قریب کھڑا تھا جب بس نے اسے روند ڈالا۔


صدر اردوان خمی ہونے والے اپنے محافظ کے پاس اس وقت تک کھڑے رہے جب تک طبی امدادی ٹیم اس کے پاس نہیں پہنچ گئی ،واقعہ الازغ گورنری کی بلدیہ سے نکلتے ہوئے اس وقت پیش آیا جب صدر ایک اجلاس کے بعد بس کے ذریعے وہاں سے جانے کی تیاری کررہے تھے

 

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) ریٹائرڈ وائس ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشیر برائے قومی سلامتی امور بننے کی پیشکش ٹھکرا دی ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مشکلات کم ہونے کے بجائے مزید بڑھتی جارہی ہیں، گزشتہ دنوں امریکی صدارتی مشیر برائے قومی سلامتی مائیکل فلن نے استعفیٰ دے دیا تھا تاہم اب ریٹائرڈ وائس ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ نے بھی مشیر قومی سلامتی کا عہدہ سنبھالنے سے انکار کردیا ہے۔
امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے مائیکل فلن کے مستعفیٰ ہونے کے بعد ایڈمرل رابرٹ ہارورڈ کو مشیر قومی سلامتی کے عہدے کی پیشکش کی گئی تھی تاہم انہوں اس پیشکش کو ٹھکراتے ہوئے عہدہ لینے سے انکار کردیا ہے، وائٹ ہاؤس کے مطابق رابرٹ ہارورڈ نے عہدہ ذاتی وجوہات کے باعث لینے سے انکار کیا لیکن امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ رابرٹ ہارورڈ اپنی ٹیم لانا چاہتے تھے اور اسی وجہ سے انہوں نے اس عہدے پر کام کرنے سے انکار کیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل امریکی صدارتی مشیر برائے قومی سلامتی مائیکل فلن نے استعفی دے دیا تھا کیونکہ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بطور صدر عہدہ سنبھالنے سے پہلے ہی روس پر عائد امریکی پابندیاں اٹھانے سے متعلق امریکہ میں تعینات روسی سفیر سے بات چیت شروع کردی تھی

 

Page 3 of 16