Reporter SS
ایمزٹی وی(اشک آباد)ترکمانستان میں عالمی پائیدار ٹرانسپورٹ کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر جاری ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ریلوے کی اپ گریڈ یشن پر کام جاری ہے،2030کے ترقیاتی ایجنڈ ے کے تحت سڑکوں کی تعمیر پر توجہ دے رہے ہیں،مربوط علاقائی رابطوں سے ترقی ممکن ہے ۔
وزیراعظم نے کہا کہ سی پیک وسط ایشیائی ممالک اور چین کے درمیان ایک رابطہ ہے ،اس منصوبے کے ذریعے ہمارے پورٹس تک رسائی آسان ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں رابطے کی اہمیت سمجھتا ہے اس لیے ہمارے مختلف ملکوں کے ساتھ تجارتی راہداری کے معاہدے ہیں ۔
نواز شریف نے مزید کہا کہ ملک میں امن ،سیکیورٹی اور ترقی کے لیے ہم کو مل کر کام کرنا ہو گا ،پڑوسی ملک کے ساتھ امن کے بغیر ترقی ممکن نہیں ۔
ایمزٹی وی(کیوبا) کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاسترو انتقال کر گئے ۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کیوبا کے سابق صدر فیڈل کاستروطویل علالت کے بعد 90سال کی عمر میں انتقال کر گئے ۔ وہ 1959ءسے 1976ءتک کیوبا کے وزیر اعظم رہے اور 1976ءسے 2008ےءتک کیوبا کے صدر رہے ۔
کیمونسٹ رہنما فیڈل کاسترو نے 2008ءمیں اقتدار اپنے بھائی کو سونپنے سے پہلے کیوبا پر پچاس سال تک حکمرانی کی ۔ کیوبا کے لوگ انکی تعریف میں کہتے ہیں کہ فیڈل کاسترو نے عوام کو کیوبا واپس لوٹایا تاہم ناقدین کے خیال میں انکے دور میں اپوزیشن پر مظالم ڈھائے گئے ۔
فیڈل کاسترو 30 سال سے زائد عرصے تک کیوبا کے صدر رہے مگر وہ علالت کے باعث میڈیا اور دیگر تقاریب میں کم ہی دیکھے جاتے تھے ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)نیا آرمی چیف کون ہوگا؟ اس سوال کا جواب آئندہ 24 گھنٹوں میں ملنے کا امکان ہے اور امید ہے کہ وزیراعظم نواز شریف آج ترکمانستان سے واپسی پر نئے آرمی چیف کے نام کی منظوری دے دیں گے۔ آرمی چیف کے علاوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود بھی آج رٹائر ہورہے ہیں اور اس اہم عہدے پر بھی تقرری ہونا ہے۔
قبل ازیں خیال کیا جارہا تھا کہ آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی ایک ہی روز ریٹائر ہونگے مگر اب فوجی حکام نے وضاحت کردی ہے کہ جنرل راشد محمود نے جنرل راحیل شریف سے ایک روز قبل عہدہ سنبھالا تھا، اس لئے وہ ایک روز قبل ریٹائر ہونگے۔
نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی پیر کے روز عہدے کا حلف اٹھائیں گے جبکہ اس کے اگلے روز نئے آرمی چیف پاک فوج کی کمان سنبھالیں گے۔ اس کا مطلب ہے کہ وزیراعظم نئی تقرریوں کی منظوری کو اتوار سے آگے نہیں لے جاسکتے۔ اعلیٰ فوجی حکام نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کے عہدوں پر نئی تقرریاں اتوار کے روز ہی کی جائیں گی۔
توقع ہے کہ وفاقی حکومت اتوار کی صبح نئے چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی مگر آج رات نوٹیفکیشن کے اجرا کے امکان کو بھی مسترد نہیں کیا جاسکتا۔ فوجی حکام نے تصدیق کی ہے کہ دونوں نئی تقرریوں کے لیے پاک فوج کے پانچ سینئر تھری اسٹار جرنیلوں کے ناموں پر مشتمل سمری وزیراعظم ہاؤس بھجوا دی گئی ہے۔
اس سے قبل معلوم ہوا تھا کہ4 سینئر تھری اسٹار جرنیل لیفٹیننٹ جنرل زبیر محمود حیات، لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے اور لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی دوڑ میں شامل ہیں مگر اب کور کمانڈر گوجرانوالہ لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کا نام بھی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔
اس فہرست میں سے کسی کو بھی چیئرمین اور آرمی چیف کے عہدوں پر تعینات کرنا وزیراعظم کا صوابدیدی اختیار ہے۔علاوہ ازیں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں جنرل راشد محمود کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق جنرل راشد محمود پاک فوج میں 41 سال تک خدمات انجام دینے کے بعد آج ریٹائر ہورہے ہیں۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جنرل راشد محمود نے کہا کہ انھیں پاک فوج کا حصہ رہنے پر فخر ہے اور فوج قومی سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کیلیے مزید آگے بڑھی ہے۔ انھوں نے درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلیے پاک فوج کے عزم و حوصلے کی تعریف کی اور فورسز کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔
ایمزٹی وی(مہمند ایجنسی) سیکیورٹی فورسز نے غلنئی کیمپ پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے 4 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 2 اہلکار شہید اور 14 زخمی بھی ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں نے غلنئی کے علاقے میں سیکیورٹی چیک پوسٹ پر خود کش حملہ کرنے کی کوشش کی جسے ایف سی کے جوانوں نے ناکام بنا دیا، دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی کے 2 جوان شہید اور 14 ہوئے جب کہ جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد بھی ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خود کش حملہ آور مسجد کو نشانہ بنانا چاہتے تھے جنہیں سیکیورٹی فورسز نے مسجد کے باہر ہی ہلاک کر دیا۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)قومی اسمبلی کے اسپیکر ایاز صادق نے سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کے اراکین کے استعفوں سے متعلق جواب جمع کروا دیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق ایاز صادق کا کہناتھا کہ عمران خان نے استعفوں کی تصدیق کو کھٹائی میں ڈالنے کیلئے مختلف حربے استعمال کیے ،جس انداز سے استعفے دیئے گئے وہ خود بخود منظور نہیں ہوتے ،اراکین نے براہ راست استعفے مجھے جمع نہیں کروائے،تصدیق کیلئے بار بار بلانے کے باوجود بھی استعفوں کی تصدیق کرنے کیلئے کوئی رکن اسمبلی نہیں آیا جبکہ ممبر اسمبلی کی جانب سے بھی پی ٹی آئی اراکین کی مسلسل غیر حاضری کیخلاف کوئی تحریک جمع نہیں کروائی گئی ۔
انہوں نے کہاکہ اراکین کی مسلسل 40روز تک غیر حاضری پر کارروائی قومی اسمبلی کے سپیکر کا اختیار نہیں ہے ۔
ایمز ٹی وی (کراچی )پاکستان تحریک انصاف کے نائب صدر شاہ محمود قریشی نے کہا ہےکہ 24 ویں ترمیم کا بل عوام کے لیے نہیں ذاتی مفاد کے لیے لایا جارہا ہے ۔
شاہ محمود قریشی سندھ کے دو روزہ دورے پر کراچی پہنچے، جہاں پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ 24 ویں آئینی ترمیم کے پیچھے سیاست مقاصد ہیں، پاناما لیکس میں ن لیگ کا مقدمہ کمزور ہے اور راستہ نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے ۔
ان کا کہنا تھاکہ معاملے کو طول دینے کے لیے حربے استعمال کیے جارہے ہیں، احتساب بل میں ہم ایوان کے اندر اور باہر حکومت کی مخالفت کریںگے، حکومت کو 24 ویں ترمیم واپس لینا ہوگی وہ عوام کے لیے نہیں صرف ذاتی ہے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر بھارت سیاست کررہا ہے حکومت کہاں ہے اور کیوں خاموش ہے ۔ ن کا کہنا تھاکہ کشمیر پر حکومت کی کوئی پالیسی نہیں ہے حکومت تمام معاملات میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے
ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے رکن الیکشن کمیشن سندھ عبدالغفار سومرو پر لگے الزامات کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھانے اور 24 ویں آئینی ترمیم کی مخالفت کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ مجوزہ ترمیم فرد واحد کو بچانے کیلئے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں رکن الیکشن کمیشن سندھ عبدالغفار سومرو کے خلاف الزامات پر بات چیت کی گئی اور تحریک انصاف نے ان الزامات کا معاملہ بھرپور انداز میں اٹھانے کا فیصلہ کیا۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ 24 ویں آئینی فرد واحد کو بچانے کیلئے ہے، اس کی بھرپور مخالفت کریں گے
ذرائع کے مطابق تحریک انصاف نے مقبوضہ کشمیر اور ایل او سی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانامہ لیکس کا معاملہ حکومتی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ حکومت مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے مظالم اور ایل او سی پر بھارتی جارحیت کے معاملے پر توجہ دے اور اسے اقوام متحدہ کے اجلاس میں اٹھایا جائے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد)پاکستان نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر فائر بندی کی خلاف ورزی پر بھارت کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا اور ڈی جی ساﺅتھ ایشیاءنے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ دیا۔
واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے گزشتہ کئی مہینوں سے ایل او سی کی خلاف ورزیاں جاری ہیں اور شہری آبادی کو بھی گولہ باری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔
رواں ہفتے وادی نیلم میں مسافر بس کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 7 مسافر شہید ہوئے اور بعد ازاں زخمیوں کو لے جانے والی ایمبولینس پر بھی گولہ باری کی گئی۔
ایک اور واقعے میں پاکستان کے تین فوجی جوان شہید ہوئے جس کے بعد پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا اور جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارت کے 7 فوجی جہنم واصل ہونے کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئیں۔ بھارت کی جانب سے حالیہ خلاف ورزیوں کے باعث بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو متعدد بار دفتر خارجہ طلب کر کے احتجاج ریکارڈ کرایا جا چکا ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد/ تعلیم)وزیر مملکت تعلیم بلیغ الرحمان نے ایوان میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کے ترکی کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں،پاک ترک اسکول بند نہیں ہوں گے اور نہ ہی پاک ترک اسکولز کا کوئی طالبعلم متاثر ہو گا، کسی ٹیچر کو کسی کے حوالے نہیں کیا جا رہاان سکولز کا بہت سا اسٹاف پاکستانی ہے
ایمزٹی وی(سندھ/ تعلیم) مٹیاری کے محکمہ تعلیم میں 440غیر قانونی بھرتیاں کی گئیں اور تنخواہوں کی مد میں قومی خزانے کو 13کروڑ 64 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ہے، بوگس بھرتیوں اور کرپشن میں ڈسڑکٹ سے لیکر ڈویژنل سطح تک کے سابق اور موجودہ افسران ملوث پائے گئے ہیں۔
قومی احتساب بیورو نے تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرنے کے بعد ریفرنس سمیت حیدرآباد کی نیب کورٹ میں داخل کرادی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے ضلع مٹیاری کے محکمہ تعلیم کے اندر ٹیچنگ اور نان ٹیچنگ سمیت اضافی بھرتیوں کی 6صفحات پر مشتمل تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی ہے اور مذکورہ رپورٹ اور ریفرنس قومی احتساب بیورو حیدرآباد کی عدالت میں پیش کردیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سابق ریجنل ڈائریکٹر اسکولز شمس الدین دل‘ سابق ایجوکیشن ضلع افسر مٹیاری عطاءاللہ بھٹو‘ سابقہ ایجوکیشن ضلع افسر ایلیمنٹری صفیہ امیر ارباب‘ سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسر سیکنڈری اینڈ ہائر سیکنڈری مٹیاری رجب خاصخیلی‘ سابق ڈپٹی ڈسٹرکٹ افسر ایلمینٹری مٹیاری رشید میمن‘ ڈپٹی سیکرٹری ایجوکیشن اینڈ لٹریسی عبدالعظیم‘ سابق اے ڈی اے او2مٹیاری بشیر احمد قریشی‘ یوسف سموں اکاؤنٹینٹ ایجوکیشن ڈپارٹمنٹ مٹیاری اور سابق ہیڈکلرک مٹیاری نے گٹھ جوڑ کرکے بوگس بھرتیاں کی ہیں۔
تحقیقات میں کہا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ ریکروٹمنٹ کمیٹی مٹیاری کے چیئرمین اور ممبران ٹی اور آرز کے مطابق 2012ءمیں بھرتیوں کو شفاف بنانے میں ناکام ہوچکے ہیں جبکہ میرٹ لسٹ ایک کے بجائے غیرقانونی طور پر 4بنائی گئیں ‘ فرضی تھیں اور اس میں 1 سے لیکر 15گریڈ کی پوسٹ اور سنیارٹی کو نمایاں نہیں کیا گیا جبکہ تمامتر بھرتیاں بغیر اشتہارات کے کی گئیں۔ رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ 138گزیٹڈ ٹیچرز کی خالی اسامیوں پر 259اضافی اساتذہ اور دیگر ملازمین بھرتی کئے گئے جبکہ ان میں بھرتی کئے گئے 8 اساتذہ کے پاس تو حیدرآباد ریجن کا ڈومیسائل بھی نہیں ہے جو کہ سندھ سرونٹ رول 15کی خلاف وزری ہے۔
رپورٹ کے مطابق غیرقانونی طور پر 279 اساتذہ کو تنخواہ کی مد میں برسوں تک 13کروڑ 64 لاکھ روپے جاری کئے جاچکے ہیں۔ نیب کی جانب سے تفتیشی رپورٹ اور ریفرنس حیدرآباد کی قومی احتساب بیورو کی عدالت میں دائر کرادیا ہے۔ ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ شواہد اور تحقیقاتی رپورٹ کو نظر میں رکھتے ہوئے محکمہ تعلیم کے کرپٹ افسران سزا کے حقدار ہیں۔