جمعہ, 29 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 


ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) جامعہ کراچی کے ناظم امتحانات پروفیسرڈاکٹرارشد اعظمی کے مطابق بی کام سال اول پرائیویٹ ضمنی امتحانات برائے 2015 کی مارکس شیٹ جاری کردی گئی ہیں۔

طلبہ کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ اپنی مارکس شیٹ جامعہ کراچی کے سلورجوبلی گیٹ پر واقع کاؤنٹرنمبرایک سے حاصل کرلیں۔

مارکس شیٹ کے حصول کے لیے اصل ایڈمٹ کارڈ،رجسٹریشن کارڈ اورقومی شناختی کارڈہمراہ لاناضروری ہے -

 

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد) نئے آرمی چیف کا تقرر کر دیاگیا اور لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ جنرل راحیل شریف کے بعد پاک فوج کے نئے سپہ سالار ہوں گے جبکہ لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات کو جنرل کے عہدے پر ترقی دے کر چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی مقرر کردیاگیا تاہم باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونا باقی ہے۔01

مقامی میڈیا کے مطابق جنرل قمرجاوید باجوہ کا تعلق انفنٹری (بلوچ رجمنٹ) سےہے، وہ کور کمانڈر راولپنڈی اور آئی جی ٹریننگ اینڈ ڈی ویلیوایشن جی ایچ کیو رہ چکے ہیں۔ جنرل قمرجاوید باجوہ نے بطور بریگیڈ کمانڈر کانگو میں اقوام متحدہ کے امن مشن کی کمان کی۔یاد رہے کہ جنرل یحییٰ خان، جنرل اسلم بیگ اور جنرل اشفاق پرویز کیانی کا تعلق بھی بلوچ رجمنٹ سے تھا۔

دوسری طرف نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر حیات اس سے قبل چیف آف جنرل اسٹاف کے عہدے پرفائز تھے، وہ ڈی جی اسٹریٹجک پلاننگ ڈویژن ،سٹاف ڈیوٹیز ڈائریکٹریٹ کے سربراہ اور جی او سی سیالکوٹ کے عہدے پربھی رہ چکے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(خیبرپختونخواہ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ وفاق سے فنڈز کی منتقلی سست روی کا شکار ہے،آئینی طور پر حق مانگنا بھی آتا ہے اور لینا بھی جانتے ہیں۔سی پیک پر وزیراعظم جلد سیاسی رہنماؤں کو بلائیں ورنہ ملک کانقصان ہوگا۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ ہم نہیں ، پاناما لیکس کہتی ہے کہ کرپشن ہوئی ،سی پیک پر وزیراعظم جلد سیاسی رہنماؤں کو بلائیں ورنہ ملک کانقصان ہوگا۔


انہوں نے کہا کہ 6 پہلے تک وزیراعظم کچھ اور کہتے تھے اور اب کچھ اورکہہ رہے ہیں، ہم پاناما کا مسئلہ عدالت میں لے گئے ہیں، اب شہزادے اچانک کہاں سے آگئے۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) کراچی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی آپریشن شروع ہونے کے بعد ان تین سالوں میں تبدیلی کے گواہ آپ ہیں ،شہر میں سیکیورٹی کے حالات بہتر ہو چکے ہیں ،ہمارا آپریشن جاری ہے ۔

ان کا کہنا تھا کہ تمام اداروں کو مل کر کراچی آپریشن کو اگلی سطح پر لے کر جانا ہو گا تاکہ شہریوں کو پھر دوبارہ اس قسم کے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ڈی جی رینجرز سندھ نے کہا کہ پاکستان رینجرز سندھ صوبائی اور مرکزی حکومت کی مدد سے تین بڑے کام شروع کر رہی ہیں جس میں سب سے پہلے نمبر پر اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ اس پروگرام کے تحت سندھ رینجرز ایک سنٹر قائم کرے گی جس میں ہزاروں بچے اور بچیوں کے لیے ٹریننگ کا اہتمام کیا جائے گا ۔ان کا کہنا تھا کہ اسکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے لیے ایسے بچوں کو ترجیح دی جائے گی جن کا تعلق تشدد زدہ علاقوں یا بد امنی سے متاثرہ خاندانوں سے ہے ۔

میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ دوسرے نمبر پر وکٹم سپورٹ پروگرام شروع کیا جائے گا جس کے تحت بسوں اور فیکٹریوں میں جلائے جانے والے معصوم لوگوں ،جلسے جلوسوں میں دھماکوں سے شہید ہونے والو ں ،دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بننے والوں اور اغوا برائے تاوان سمیت شہر میں بد امنی کا شکار لوگوں کے ورثا کی بھر پور مدد کی جائے گی ۔

ان کاکہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت متاثرہ خاندانوں کی ہر طرح سے مدد کی جائے گی ۔انہوں نے بتا یا کہ تیسرے نمبر پر سندھ رینجرز اصلاحی مرکز قائم کرے گی جس میں ایسے بچوں کی اصلاح کی جائے گی جو خوف کے ماحول میں مختلف تنظیموں اور گینگز کے ساتھ منسلک رہے ہیں ۔

ان کا کہنا تھا کہ ایسے بچے جنہیں لوگوں نے ڈرا کر اپنے گروہوں میں شامل کیا اور ان سے چھوٹی موٹی وارداتیں کروائیں ،ایسے بچوں کی اصلاح کی جائے گی تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں ۔انہوں نے مزید بتا یا کہ ابھی تک اصلاحی مرکز میں 32نوجوان آچکے ہیں جن کی اصلاح کا سلسلہ جاری ہے ۔

 

 

 

ایمزٹی وی (کراچی) مراد علی شاہ کا لوکل گورنمنٹ سے متعلق وزیراعلیٰ ہائوس میں سیمینار خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آصف زرداری نے اپنے اختیارات سے دستبردار ہوکرصوبوں کوطاقتوربنایا۔ ہم نے 22اگست کی صورتحال کے باوجودبلدیاتی انتخابات کروائے۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میرے پاس اختیارات ہیں لیکن ان سے تجاوزنہیں کرسکتا،پیسے جاری کرناپبلک اکائونٹس کمیٹی کاکام ہے،میرانہیں ہے۔ہم نے کو شش کی ہے کہ ہریوسی کوتھوڑے پیسے دےدیں، ہمارے پاس جو وسائل ہیں اس کے مطابق ہی کام کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ منتخب نمائندے ہیں آپ کے فیصلے کو ترجیح دی جائیگی ،کراچی کے پانی کا مسئلہ بھی جلد حل کریں گے،شہرکے تمام بڑے مسائل کے حل کیلئے کام کررہے ہیں،میری ساری توجہ ترقیاتی کاموں پرہے۔ ہم صوبے کی خدمت کرنے کے لیے آئے ہیں، حیدر آباد کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ میں خودحیدرآبادمیں پڑھاہوں،مجھے پوراسندھ عزیزہے۔

وزیر اعلٰی کا مزید کہناتھا کہ اسلام آبادکے کچھ عناصرنہیں چاہتے تھے کہ بلدیاتی انتخابات ہوں۔ہم بلدیاتی نظام کیسے چلاتے جب کہ معاملہ عدالتوں میں تھا ،کہاگیاکہ صوبائی حکومت نہیں چاہتی کی بلدیاتی ادارے بنیں۔

 

 


ایمزٹی وی(لاہور) لاہور ہائیکورٹ کے 14نئے ججزنے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس منصور احمد نے ان سے حلف لیا۔

تفصیلات کے مطابق 14نئے ججز کے حلف اٹھانے کے بعد لاہور ہائیکوٹ کی تمام خالی اسامیاں پوری ہوگئیں۔ تقریب میں ایڈووکیٹ جنرل پنجاب اہم وکلاءبھی شریک تھے۔

حلف اٹھانے والے ججز میں جسٹس اسجد، جسٹس طارق سلیم،جسٹس مجاہد سلیم،جسٹس عبداستار، جسٹس حبیب اللہ،جسٹس خالد عباسی، جسٹس بشیر،جسٹس چودھری عبدالعزیز،جسٹس جوادالحسن ، جسٹس احمد رضا،جسٹس طارق، جسٹس محمدعلی، جسٹس مزمل اختر شامل ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(کراچی) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے نیول ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا جہاں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ذکاءاللہ نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

اس کے بعد پاک بحریہ کے سربراہ اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے درمیان ملاقات ہوئی جس دوران نیول چیف نے آرمی چیف کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ضرب عضب کی کامیابیوں نے ملکی سلامتی اور ترقی پر گہرے اثرات چھوڑے، ضرب عضب کی کامیابیاں جنرل راحیل شریف کی مرہون منت ہیں ۔

اس موقع پر آرمی چیف نے آپریشن ضرب عضب میں پاک بحریہ کے بھرپور تعاون پر نیول چیف کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ سمندری سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کا کلیدی کردار ہے جبکہ بحری دفاع پاک، چین اقتصادی راہداری کی ترقی کیلئے ناگزیر ہے ۔

 

 


ایمزٹی وی(کراچی) کیماڑی میں کے پی ٹی آئل ٹرمینل میں لگنے والی آگ شدت اختیار کرگئی اور اب تک کی اطلاعات کے مطابق آگ سے جھلس کر ایک شخص جاں بحق ہوگیاہے , عینی شاہدین کے مطابق آتشزدگی کے بعد دھماکے سے فیول ٹینک کی چھت بھی اڑ گئی۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایک ہزار ٹن فیول سے بھرے ایک آئل ٹینکر میں لگنے والی آگ پر قابو پانے کیلئے کے پی ٹی کی چھ اور کے ایم سی کی دوگاڑیاں امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں ، ایک مرتبہ کمی ہونے کے بعد آگ دوبارہ شدت اختیار کرگئی اور اب آگ پر قابوپانے کے لیے فوم اور کیمیکل کا استعمال کیاجارہاہے ۔

دوسری طرف آگ کے بڑھنے اور مزید پھیلنے کے خدشے کے پیش نظر امدادی ٹیموں کے علاوہ رینجرز اہلکار بھی موجود ہیں جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے رکھاہے تاکہ امدادی کارروائیوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہ آئے ۔

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاک فضائیہ کے افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور عزم قابل تعریف ہے ،مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں۔

تفصیلات کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ائیر ہیڈ کوارٹرز کا الوداعی دورہ کیا جہاں پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے ان کا والہانہ استقبال کیا۔ ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ کے چاق و چوبند دستے نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے اعزاز میں گارڈ پیش کیا جس کے بعد پاک فضائیہ کے سربراہ اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ تینوں مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی کے فروغ میں جنرل راحیل کا کردار اہم رہا اور دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے میں بھی جنرل راحیل شریف کا اہم کردار ہے۔ انہوں نے مضبوط ملکی دفاع کیلئے آرمی چیف کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں پاک فوج اور فضائیہ نے یک جان دو قالب ہو کر کام کیا۔ ائیر چیف مارشل نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کیلئے نیک خواہشات اور جذبات کا اظہار بھی کیا۔

ذرائع کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے پی اے ایف کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ کے افسران کی پیشہ وارانہ صلاحیت اور عزم قابل تعریف ہے، مشترکہ تعاون سے آپریشن ضرب عضب میں کامیابیاں ملیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ ملک کی فضائی سرحدوں کی بہترین نگہبان ہے ۔

 


ایمزٹی وی(گوادر)پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبے میں روس کو شامل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے اور پاکستان نے روس کو گوادر پورٹ کے ذریعے گرم پانی تک رسائی دینے پررضامندی ظاہرکردی ہے۔

روس اور پاکستان کے درمیان اسٹرٹیجک و معاشی تعلقات میں 14 سال بعد اہم پیشرفت ہوئی ہے اور روسی انٹیلی جنس فیڈرل سیکیورٹی سروسز (ایف ایس بی ) کے سربراہ الیگزینڈر بورٹنی کوو (Bortnikov Alexander) نے گزشتہ ماہ کے آخر میں پاکستان کا اہم دورہ کیا۔فیڈرل سیکیورٹی سروسز کے سربراہ نے دورہ پاکستان کے دوران انٹرسروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)کے چیف جنرل رضوان اختر سمیت انٹیلیجنس و دفاع کے افسران سے ملاقاتیں کیں اوردونوں ملکوں نے انٹیلیجنس،دفاع و دیگرشعبوں میں تعاون بڑھانے پرتبادلہ خیال کیا۔

مقامی اخبار کے مطابق پاکستانی حکام سے مذاکرات کے بعد روس کوپاک چین اقتصادی راہداری منصوبے میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس طرح روس کوگوادر پورٹ کے ذریعے گرم پانی تک رسائی مل جائے گی۔روس کیساتھ اقتصادی راہدای منصوبے کو تجارتی مقاصد کیلئےاستعمال کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے مابین مستقبل میں باضابطہ معاہدے بھی کیے جائیں گے۔روسی انٹیلیجنس کے سربراہ کو پاکستانی ہم منصب کی جانب سے قیمتی پستولوں کاتحفہ بھی دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق روس کو سب سے اہم خدشات سیکیورٹی کے حوالے سے لاحق تھے تاہم گزشتہ دنوں گوادر سے کنٹینرز کے قافلے کے بحفاظت مشرق وسطیٰ اور افریقی ممالک پہنچنے کے بعد روس کے خدشات دور ہوگئے اور اس نے حکومت پاکستان سے سی پیک میں شمولیت کی درخوست کی ہے۔ این این آئی کے مطابق عالمی طاقتوں کی پاک چین اقتصادی راہدری منصوبے میں دلچسپی بڑھ گئی ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق برطانیہ، جرمنی، اٹلی اور دیگر اہم ممالک سی پیک میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ برطانوی وزیر خارجہ کا دورہ بھی سیپیک سے استفادہ کیلئے ہے جبکہ آئندہ سال برطانوی وزیراعظم کے دورہ پاکستان سے قبل منصوبوں کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔