Reporter SS
ایمزٹی وی(لاہور)مسلم لیگ ن کے کارکنوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ریلی نکالی، کارکنان وزیراعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے حق میں اور دہشتگردی کے خلاف نعرے بازی کرتے رہے۔
گزشتہ روز ہربنس پورہ روڈ پر ہونےو الی ریلی کی قیادت محمد حسن طارق اعوان نے کی جبکہ اس موقع پر چوہدری زبیر علی، اظہرہ بیگم، مبشر شاہ، اعظم رانا سمیت دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
ایمزٹی وی(کراچی)بینظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری میں ایم فل اورپوسٹ گریجویٹ پروگرام کے طلباءو طالبات میں وزیر اعظم اسکیم کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کی تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بے نظیر بھٹو شہید یونیورسٹی لیاری کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ کا کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے جامعات میں لیپ ٹاپ کی تقسیم کا عمل مثبت اورخوش آئند ہے اس طرح طلباءکو تحقیق اور ڈیٹا محفوظ کرنے میں مدد ملے گی جوتعلیمی میدان میں ایک نئی جہت ثابت ہوگی.
اس موقع پر انھوں نے طلباءطالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ عصر حاضر کی جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اپنے علوم اور رجحانات سے آگاہی حاصل کریں۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ پاک فوج کے نئے سربراہ اور چیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے لئے 5 ناموں پر غور کیا جا رہا ہے۔
اسلام آباد میں وزیر دفاع خواجہ آصف نےمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جنرل راحیل شریف اور جنرل راشد محمود کے جانشینوں کی تقرری کے لئے 5 ناموں کی فہرست وزیراعظم ہاؤس کو ارسال کر دی ہے، پانچوں لیفٹیننٹ جنرلز کے نام سنیارٹی کی بنیاد پر آگے بھیجے گئے ہیں، ان میں لیفٹیننٹ جنرل زبیر حیات، لیفٹیننٹ جنرل جاوید اقبال رمدے، لیفٹیننٹ جنرل قمر جاوید باجوہ، لیفٹیننٹ جنرل اشفاق ندیم اور لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کا نام بھی زیر غور ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل اکرام الحق کا نام سنیارٹی لسٹ میں پانچویں نمبر پر ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ نئے آرمی چیف اور جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کے ناموں کا فیصلہ وزیراعظم نواز شریف بیرون ملک سے واپس آ کر کریں گے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہیں اور ہرقسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا جب کہ بھارت مسئلہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر کشیدگی بڑھارہا ہے۔
مشیرخارجہ سرتاج عزیز کا قومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جان بوجھ کرشہریوں کو نشانہ بنا رہا ہے، کشمیرمیں کئی ماہ سے مسلسل لاک آؤٹ ہے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ اورموبائل فون سروسز بھی معطل ہیں جب کہ شہریوں کو نمازجمعہ کی اجازت بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا اصل حل کشمیریوں کی تحریک سے ہی نکلے گا۔
مشیرخارجہ کا ایل او سی کی صوترحال پر کہنا تھا کہ بھارت جان بوجھ کرآزاد کشمیر میں شہری آبادی کونشانہ بنارہا ہے، بھارت مسئلہ کشمیرسے توجہ ہٹانے کے لیے ایل اوسی پر کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج سرحدوں کی حفاظت کرنا جانتی ہیں، ہم بھارتی دباؤمیں نہیں آئیں گے اور ہرقسم کی جارحیت کا جواب دیا جائے گا۔
سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن رہنا ہماری اولین ترجیح ہے، بھارت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیارہیں اور کشمیرکا مسئلہ مذاکرات کے ذریعے حل ہوتا ہے تو پڑوسی ملک کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار ہیں لیکن مسئلہ کشمیر کا اصل حل کشمیریوں کی تحریک کے ذریعے ہی نکلے گا اور پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/ کراچی) میڈیکل بورڈ نے لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں تشد کا شکار بننے والے طالب علم احمد کو علاج کے لیے بیرون ملک بھیجنے کی سفارش کردی ہے۔
ذرائع کےمطابق لاڑکانہ کیڈٹ کالج میں تشدد کا شکار بننے والے طالب علم احمد کا میڈیکل بورڈ نے طبی معائنہ کیا جس کے بعد بورڈ نے احمد کو علاج کے لئے بیرونِ ملک بھیجوانے کی سفارش کردی ہے جب کہ رپورٹ آج شام وزیر اعلیٰ سندھ کو ارسال کردی جائے گی۔
استاد کے تشدد سے طالبعلم ذہنی مریض
ذرائع کے مطابق میڈیکل بورڈ کا کہنا ہے کہ محمد احمد کی گردن پر چوٹیں ہیں اور اس کا نرخرہ کئی جگہ سے ٹوٹا ہوا ہے جب کہ اس کے دماغ کو آکسیجن نہیں مل رہی، محمد احمد کی فزیو تھراپی نجی اسپتال میں جاری ہے اور اسے جاری رکھا جائے۔ دوسری جانب احمد کے والد کا کہنا تھا کہ وہ بیٹے کے علاج سے مطمئن ہیں جب کہ احمد سے بورڈ نے خود معلومات اکٹھی کیں۔
واضح رہے کیڈٹ کالج لاڑکانہ کے 14 سالہ طالب علم محمد احمد کو استاد نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث طالب علم کی گردن کی ہڈی ٹوٹ گئی اور وہ ذہنی صلاحیت سے بھی محروم ہوگیا
ایمز ٹی وی ( کراچی )ایکسپو سینٹر میں نویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کے چوتھے اورآخری روز عوام کی بڑی تعداد نمائش دیکھنے کے لئے پہنچ گئی۔ کراچی ایکسپوسینٹرمیں جاری نویں بین الاقوامی دفاعی نمائش آئیڈیاز 2016 کا چوتھا اور آخری روز ہے، آج عام عوام کو بھی دفاعی نمائش دیکھنے کی اجازت ہے جس کے باعث پاکستانی اور بین االاقوامی کمپنیوں کا تیارکردہ سامان حرب دیکھنے کے لئے ایکسپوسینٹر کے باہر شوقین افراد کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔
ہتھیاربرائے امن کے نام سے جاری نمائش میں پاکستان کے ترکی، فرانس، یوکرائن، چیک ری پبلک، پولینڈ، بیلجیئم اورآذربائیجان سے معاہدے طے پائے ہیں، نمائش میں 3 روز کے دوران مجموعی طور پر 15 معاہدوں اور مفاہمت کی یاد داشتوں پر دستخط کئے گئے۔ دفاعی نمائش میں 90 دفاعی وفود دنیا بھر کے 43 ملکوں کی نمائندگی کررہے ہیں۔ نمائش میں 157 پاکستانی اور 261 غیر ملکی کمپنیوں سمیت مجموعی طور پر 418 کمپنیاں اپنی مصنوعات پیش کررہی ہیں جب کہ پاکستان کا الخالد ٹینک، جے ایف 17 تھنڈر، سپر مشاق، میزائل بوٹس، بکتر بند گاڑیاں اور دیگر ملٹری آلات عوام کی خصوصی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ قطاروں میں لگے شہریوں کا کہنا تھا کہ ایسے مواقع بہت کم ملتے ہیں کہ دفاعی سازو سامان کواس اندازمیں دیکھ سکیں اس لیے ہم بہت زیادہ پرجوش ہیں کیونکہ ہم نہ صرف ملکی بلکہ غیرملکی اسٹالز پربھی جا کردفاعی سازو سامان کو دیکھ سکیں گے۔
ایمز ٹی وی ( کراچی )سندھ اسمبلی نے جمعرات کو اقلیتوں کے قانونی حقوق کے تحفظ سے متعلق کرمنل لا پروٹیکشن آف منارٹی بل2015 کی منظوری دے دی، اس بل کے تحت مذہب کی جبری تبدیلی اور شادی پر7سال قید ہوگی۔ یہ بل اقلیتی اراکین نندکمار اور کھٹومل جیون نے پیش کیا تھا جسے اسٹینڈنگ کمیٹی کوبھیجاگیاتھا، جمعرات کواسٹینڈنگ کمیٹی کے چیئرمین کھٹومل نے اسے ایوان نے پیش کیاجسے متفقہ طورپر منظورکرلیاگیا۔ بل کے تحت فوجداری قانون کے تحت زبردستی مذہب تبدیل کراکے شادی کرناجرم تصور کیا جائے گا اور اس میں ملوث شخص کو7 سال قید اورسہولت کار کو3 سے 5 سال سزاہوگی۔
بل کے مطابق18 برس سے کم عمر لڑکے اورلڑکی کے مذہب تبدیل کرنے پرپابندی ہوگی، بالغ شخص کومذہب تبدیل کرنے سے قبل21دن تک سیف ہاؤس میںرکھاجائے گا،21دن کے دوران سیف ہاؤس میں مذاہب سے متعلق موادفراہم کیا جائے گا اس طرح متعلقہ شخص کوچند روزسوچنے کاموقع فراہم کیاجائے گا۔ وزیر پارلیمانی امور نثارکھوڑو نے بل کی منظوری پرتمام ارکان کومبارک بادپیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیپلز پارٹی کی حکومت کاکارنامہ ہے کہ اس نے اقلیتوں سے متعلق ایک پرائیویٹ بل منظور کرایا ہے تاکہ ان کے حقوق کا تحفظ ممکن ہوسکے۔ ایم کیوایم کے سیدسرداراحمدنے کہاکہ سندھ اسمبلی کی جانب سے منظور کردہ یہ بل ایک خوش آئنداقدام ہے، مہذب معاشروں میں اب منارٹی کا لفظ ہی ختم ہوتا جارہا ہے۔
تحریک انصاف کے ثمرعلی خان نے بل کی منظوری پر ایوان کو مبارکباد پیش کی جبکہ نندکمارنے اپنے پرائیویٹ بل کی منظوری کیلیے حمایت پر پیپلز پارٹی اوردیگرپارٹیوں کے ارکان کا شکریہ اداکیا۔ ایوان میں رضاکارانہ سماجی بہبود کے اداروں(رجسٹریشن اینڈ کنٹرول) آرڈی ننس 1961 اور سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ ( ترمیمی ) بل 2016 ، سندھ ایمپلائز سوشل سیکیورٹی (ترمیمی) بل2016بھی متعارف کرائے گئے۔ اسپیکرنے یہ تمام بل مزید غور کے لیے متعلقہ مجالس قائمہ کے حوالے کردیے۔
اجلاس میں سندھ ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ اتھارٹی (اسٹیوٹا) میں پیپلزپارٹی کے 2ارکان سندھ اسمبلی فرازڈیرو اورڈاکٹرشرجیلا کوبحیثیت بورڈممبرمنتخب کرلیاگیا۔ جمعرات کو وزیر پارلیمانی امورنے اسٹیوٹا کے بورڈ آف گورنرزکے لیے سندھ اسمبلی کے 2ارکان کے انتخاب کے حوالے سے ایک قرارداد پیش کی تھی۔ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کے پارلیمانی رہنماسید سردار احمد کی اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا کہ اسٹیوٹا کے 2 اراکین میں ایک حزب اختلاف سے لیا جائے۔
قبل ازیں اسپیکر آغا سراج درانی نے تحریک انصاف کے رکن خرم شیرزمان کی ایک تحریک التوا کوخلاف ضابطہ قرار دے کر مستردکردیا۔ محرک کا کہنا تھا کہ پورے سندھ میں گھوسٹ اسپتالوں، گھوسٹ میڈیکل ایمپلائز کی وجہ سے لوگ طبی سہولتوںسے محروم ہیں۔ نثارکھوڑونے تحریک کی مخالفت کرتے ہوئے اس میں استعمال کیے جانے والے الفاظ پراعتراض کیا۔ سید سردار احمد نے بھی نثار کھوڑو کے موقف کی تائیدکی۔ قبل ازیں ارکان کے مختلف توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں اظہار خیال کرتے ہوئے نثارکھوڑو نے کہا کہ حکومت سندھ صوبے کے تمام شہری اور دیہی کے علاقوں کے عوام کو درپیش مسائل سے پوری طرح واقف ہے اور وہ انھیں حل کرنے کی سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے جس کے ثبوت ہم نے اقوام متحدہ کو بھی دیئے ہیں، پاکستانی سیکورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے جب کہ سی پیک منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہوگا اور یہ منصوبہ ہر صورت میں مکمل ہوگا لیکن بھارت ایسا نہیں چاہتا ہے، سی پیک تکمیل کے قریب پہنچے گا تو کئی دیگر ممالک بھی اس میں شامل ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایل او سی پر پاکستان پہل نہیں کرتا البتہ بھارتی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جاتا ہے اور ہم پاکستان کی سرحدوں، پانیوں اور فضاؤں کی حفاظت کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کو نئی جہت ملی جب کہ بھارتی فوج نے بربریت کا بازار گرم کرتے ہوئے سیکڑوں نہتے کشمیریوں کو شہید کیا گیا اور پیلٹ گن استعمال کرکے بڑی تعداد میں لوگوں کی بینائیوں سے بھی محروم کردیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں انتخابات قریب ہیں اس لیے شدت پسندانہ جذبات کو ابھارا جا رہا ہے، نریندر مودی گجرات سے قتل عام کا جو ورثہ لائے اسے مسلط کر رہے ہیں جب کہ بھارت میں ڈی مونٹائزیشن پالیسی ناکام ہو گئی اور مودی نے تو والدہ کو بھی نوٹ تبدیل کروانے کے لیے قطار میں کھڑا کر دیاہے۔
خواجہ آصف نے کہا کہ وزیر خارجہ کا نہ ہونا میری دانست میں کوئی مسئلہ نہیں، ذوالفقار علی بھٹو نے بھی غیر منتخب شخص کو ذمہ داریاں دے رکھی تھیں۔
ایمزٹی وی(لوئردیر) اے این پے کے مقامی رہنما محمد گل نے چالان کرنے پر ٹریفک اہلکار پر پستول تان لیا ۔
ذرائع کے مطابق تیمر گرو میں اے این پے کامقامی رہنما محمد گل گاڑی کا چالان ہونے پر آگ بگولا ہو گیا اور ٹریفک اہلکار پر پستول تان لیا ، گریبان پکڑا اور ہاتھا پائی بھی کی۔
محمد گل نے ٹریفک اہلکار کو دھمکیاں دیتے ہوئے موقع سے فرار ہونے کی کوشش کی مگر دیگر اہلکاروں نے اسے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا جہاں تلاشی کے دوران اس سے پستول برآمد ہونے کے بعد حوالات میں بند کر دیا گیا ہے ۔
ٹریفک اہلکار کا کہنا ہے کہ اس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گاڑی کو روکا اور قانون کے مطابق چالان کر دیا مگر اس پر محمد گل نے پستول نکال کر تان لیا اور سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دیں ۔
ایمزٹی وی(اسلام آباد) چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ میرا ایمان ہے پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اور ارادہ کر لیا ہے۔ انشاءاللہ پاکستان کے آنے والے دن بہت اچھے ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات کی جس
دوران انہوں نے دہتش گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل کی سربراہی میں پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں جسے پوری دنیا مانتی ہے۔
دریں اثناءاوکاڑہ روانہ ہونے سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ میرا ایمان ہے پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خاتمے کا عزم اور ارادہ کر لیا ہے اور مجھے یقین ہے کہ پاکستان کی سرزمین سے دہشت گردی کاصفایا ہو جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ میں نے جو فیصلہ کیا ہے وہ قوم اور ملک کے مفاد میں کیاہے اور قوم کی خدمت کیلئے حاضر ہوں، انشاءاللہ پاکستان کے آنے والے دن بہت اچھے ہوں گے۔