ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) بین الاقوامی رسالے میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق سافٹ ڈرنکس میں شامل کئے جانے والے رنگ میں میتھائلی میڈازول 4 نامی مادہ پایا جاتا ہے، جو کینسر کا سبب بنتا ہے۔ سافٹ ڈرنک کااستعمال کرنے والے افراد میں کیرسینوجن نامی کیمکل نمو پاتا ہے جس کے باعث کینسر لاحق ہو سکتا ہے۔ اس لئے سوفٹ ڈرنکس کا استعمال کرنے والوں میں مقدار کے تناسب سے کینسر کا خدشہ بھی بڑھتا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ معالجین عام طور پر سافٹ ڈرنکس کو نظام انہظام کے لئے بھی انتہائی مضر قرار دیتے ہیں
ورلڈ کپ (کرائسٹ چرچ) نیوزی لینڈ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ میں پاکستانی کرکٹ ٹیم ابتدائی اوور سے ہی سخت مشکلات کا شکار رہی، ویسٹ انڈیز کے تین سو گیارہ رنز کے ہدف میں قومی کرکٹ ٹیم صرف 160 رنز ہی بنا سکی۔
پاکستانی کھلاڑیوں نے ایک رن پر 4 وکٹیں گرانے کا نیا ریکارڈ بنا ڈالا، اوپنر ناصر جمشید نے وکٹ گنوانے کا آغاز کیا، جسکے بعد یونس خان صفر پر رخصت ہوگئے، پھر حارث سہیل کی باری آئی، مگر وہ بھی رنز کا کھاتا کھولنے میں ناکام رہے۔ یوں وکٹ پر وکٹ گرتی گئی۔
چوتھے نمبر پر احمد شہزاد کریز پر آئے اور پہلے آنے والے بلے بازوں کے مقابلے میں ایک رن بنا کر آوٹ ہوگئے۔ ایک رن پر چار وکٹوں کا گر جانا ایک ریکارڈ بن گیا، اس سے پہلے دوہزار چھ میں کینیڈا اور زمبابوے کے میچ میں چار رنز پر پہلے چار کھلاڑی آوٹ ہوئے تھے۔
مصباح الحق کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ غلط ثابت ہوا۔ پاکستان کی جانب سے حارث سہیل نے62رنز دیکر 2وکٹیں حاصل کیں، محمد عرفان،وہاب ریاض اورسہیل خان صرف 1،1وکٹیں ہی حاصل کرسکے۔ شاہد آفریدی48رنز دیکر کوئی وکٹ حاصل نہ کرپائے۔ کھلاڑیوں نے کیچ چھوڑنے کے ساتھ ساتھ ناقص فیلڈنگ کا بھی جم کے مظاہرہ کیا۔
ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) کیا آپ نے ایسا اسکول دیکھا ہے جو ہر طالب علم کے گھر جائے اور تمام طالب علموں کو لے کر آنے کے بعد ایک جگہ ٹھہر کر پڑھائی شروع کرے۔ جی ہاں یہ بالکل سچ ہے کیوں کہ بنگلا دیش میں تیرتی کشتیوں پر قائم اسکول نہ صرف طالب علموں کو تعلیم فراہم کررہے ہیں بلکہ ان پر کلینک اور لائبریریوں کی سہولیات بھی موجود ہیں۔
بنگلا دیش میں ہر سال مون سون بارشوں سے اس کے سیکڑوں چھوٹے بڑے دریا پانی سے بھر جاتے ہیں اور سیلاب کا پانی ایک عرصے تک موجود رہتا ہے، اس سے زندگی کے روزمرہ کے کام تو متاثر ہوتے ہیں لیکن ہزاروں بچوں کی تعلیم کئی ماہ تک معطل ہوکر رہ جاتی ہے۔
بنگلادیش کی غیرسرکاری تنظیم شدولائی سوانائیورسنگھشت نے کشتی اسکولوں کا ایک بیڑہ تیار کیا ہے اوران میں سے ہر کشتی دریا کنارے رہنے والے طالب علموں کے گاؤں سے گزرتی ہوئی بچوں کواس میں بٹھاتی ہے اور آخری طالب علم کو لے کر ایک جگہ رک جاتی ہے اور پھر کسی عام اسکول کی طرح کشتی اسکول میں پڑھائی کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے، خاص طور پر ڈیزائن کردہ ان تیرتے اسکولوں کی چھتوں پر سولر سیلز نصب ہیں اور اس طرح روشنی ہونے سے شام دیر تک بھی تعلیم کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
کشتی میں کلینک، لائبریری اور سولر ورکشاپس کی سہولیات بھی ہیں جس کے باعث ان کشتیوں پر طالب علموں کو کمپیوٹرکلاسیں بھی فراہم کی جارہی ہیں جن کے لیے سولر پینلز سے بجلی فراہم کی جاتی ہے، ان کشتیوں پر رضاکار ٹیچرز، ڈاکٹر اور طبی عملہ موجود رہتا ہے۔ کشتی اسکول میں کلاس روم کے علاوہ وائرلیس انٹرنیٹ، لیپ ٹاپ اور ایک چھوٹی لائبریری بھی موجود ہوتی ہے۔ فی الحال اس تنظیم کے پاس 54 کشتیاں ہیں جن میں تیرتے ہوئے ٹریننگ سینٹر بھی شامل ہیں اور وائرلیس انٹرنیٹ تک کی سہولیات بھی موجود ہیں۔ اب تک ان سہولیات سے 97,000 طالب علم اور عام شہری فائدہ اٹھارہے ہیں جب کہ ساتھ ہی ان کشتیوں پر عوام کو موسمیاتی تبدیلیوں اور سیلاب کے نقصانات سے بھی آگاہ کیا جاتا ہے۔
ان انوکھے اسکولوں کو بنانے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ دریا اور پانی تعلیم میں رکاوٹ نہیں بلکہ یہ تو انفارمیشن ، علم اور ٹیکنالوجی کے راستے ہیں، اس پروگرام کی افادیت کے بعد اب نائیجیریا، کمبوڈیا، فلپائن، ویت نام اور زیمبیا نے بھی ایسے کشتی اسکول تیار کیے ہیں۔ پوری دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں کا شور ہے اور کہا جارہا ہے کہ اگلے چند عشروں میں مالدیپ اور بنگلا دیش اس سے شدید متاثر ہوں گے، بنگلا دیش میں سالانہ سیلابوں سے پانی زمین کو نگل لیتا ہے اور مہینوں تک زمین دکھائی نہیں دیتی، ہرسال مون سون کی بارشیں اور سیلاب سے کئی ہفتوں تک گویا زندگی تھم کر رہ جاتی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلیوں ( کلائمٹ چینج) سے متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے۔ ان منصوبوں پر کام کرنے والی اس غیر سرکاری تنظیم شدولائی سوانائیورسنگھشت کو اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس کی خدمات کے اعتراف پر ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) سندھ ہائیکورٹ نے ایس ایس پی غلام سرور کے بیٹے سلمان ابڑوکے ہاتھوں قتل ہونیوالے سلیمان لاشاری کے والد مصطفی لاشاری اور گواہوں کو موثر سیکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
جسٹس سجاد علی شاہ کی سربراہی میں دورکنی بینچ نے درخواست کی سماعت کی، درخواست گزار نے موقف اختیار کیا کہ عدالتی حکم کے باوجود درخواست گزارکو سیکیورٹی فراہم نہیں کی جارہی،ان کی زندگی کو خطرہ ہے اور مخالفین انھیں قتل کرنا چاہتے ہیں، عدالت نے حکومت سندھ کو ہدایت کی کہ مدعی مقدمہ اور گواہان کو سیکیورٹی فراہم کی جائے، عدالت نے ہدایت کی کہ تفتیشی افسر کو بھی 6 اہلکاروں پر مشتمل پولیس اسکواڈ دیا جائے اور گواہان کو سیکیورٹی فراہم کی جائے کیونکہ اس سے قبل دیکھا گیا ہے کہ حساس نوعیت کے مقدمات میں کئی گواہان مارے جاچکے ہیں اور یہ بھی حساس نوعیت کا کیس ہے جبکہ ٹرائل کورٹ میں جن گواہوں کو پیش کیا جائے ان کے اسی وقت بیانات ریکارڈ کیے جائیں۔
استغاثہ کے مطابق ملزمان نے 8 مئی 2014کو تھانہ درخشاں کی حدود خیابان شمشیر میں ڈی ایس پی غلام سرور کے بیٹے ملزم سلمان ابڑوکے ہمراہ مقتول سیلمان لاشاری کے گھر پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں زمیندار سلیمان لاشاری جبکہ مقتول سلیمان لاشاری کے محافظ کی جوابی فائرنگ سے سلمان ابڑو اور پولیس اہلکار ظہیر بھی زخمی ہوگئے تھے تاہم اسپتال لے جاتے ہوئے سلیمان لاشاری اور ملزم کا ساتھی اہلکار ظہیر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگئے تھے،مرکزی ملزم ایس ایس پی کے بیٹے سلمان ابڑو جو کہ محافظ کی فائرنگ سے زخمی ہوا تھا،ملزمان کے خلاف مقتول کے بھائی ذیشان مصطفی لاشاری کی مدعیت میں تھانے درخشاں میں مقدمہ درج ہیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی) ضیا الدین اسپتال نے کراچی میں جگرکی پیوندکاری شروع کرنے کا اعلان کردیا۔
جگرکی پیوندکاری کے ضیا الدین اسپتال انتطامیہ نے بھارت کے اپولواسپتال سے معاہدہ کیا ہے جس کے تحت بھارتی ڈاکٹرضیا الدین اسپتال کے ماہرین کے اشتراک سے ضیا الدین اسپتال کلفٹن میں جلد ہی جگرکی پیوندکاری کریں گے، اس سلسلے میں ضیا الدین اسپتال میں جگر کی پیوندکاری کا باقاعدہ یونٹ بھی قائم کردیاگیا، ضیاء الدین اسپتال میں بھارت کے اپولواسپتال کے گروپ ڈائریکٹراوربچوں کے ماہر امراض جگر ڈاکٹرانوپم سیبال نے صحافیوں کوبتایا کہ بھارتی ڈاکٹرز پر مشتمل ٹیم کی خدمات سے پاکستان میں لیور ٹرانسپلانٹیشن کے مریضوں کے علاج کاآغازکیا ۔
ڈاکٹر عاصم حسین اور پیس کلینک کے شکرگزار ہیں کہ جن کی وجہ ہمیں اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے پاکستانی مریضوں کا علاج کرنے کا موقع ملا، پیس کلینک ڈاکٹر ضیا الدین اسپتال اور بھارت کے اپولو اسپتال کا ایک مشترکہ پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد گردوں اور جگر کے امراض میں مبتلا پاکستانی مریضوں کاعلاج کرنا ہے،پیس کلینک کے روح رواں اور چیئرمین انٹرگلوبل سروسز نوید اسلم کاکہنا تھا کہ ہم نے ملک میں جگر اورگردوںکی ٹرانسپلانٹیشن کی ضرورتوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ قدم اٹھایا ہے۔
ضیاء الدین اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر انوپ داوانی کا کہنا تھا کہ ضیاالدین اسپتال پاکستان کا واحد اسپتال ہے جس نے بھارتی ڈاکٹرزکی صلاحیتوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان میں ٹرانسپلانٹیشن کے مریضوں کے مسائل کو حل کیا،ضیاالدین اسپتال اور اپولو اسپتال کے تعاون سے پروفیسر انوپم سیبال نے لیور ٹرانسپلانٹ کے بچوں کا او پی ڈی میں چیک اپ کیا ،ڈاکٹر سبھاش گپتا نے بزرگ مریضوں کا آن لائن او پی ڈی میں معائنہ کیا۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار نے عمران خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ انھوں نے ٹیکس سے بچنے کیلیے اپنے بیٹے کو 40 لاکھ ڈالر دبئی ٹرانسفر نہیں کیے اور نہ ہی سوئس بینکوں میں پڑی غیرقانونی دولت واپس لانے کیلیے سوئٹزر لینڈ کے ساتھ دہرے ٹیکسوں سے بچاؤکے معاہدے پر دستخط سے پیچھے ہٹے ہیں۔
وزارت خزانہ سے رات گئے جاری اسحاق ڈارکی طرف سے عمران خان کو لکھے خط کی کاپی میں بتایا گیا کہ انہوں نے دبئی میں اپنے بیٹے کو پاکستان سے ایک روپیہ بھی ٹرانسفر نہیں کیا البتہ انھوں نے دبئی میں مقیم اپنے بیٹے سے اب تک40 لاکھ ڈالر پاکستان میں وصول کیے ہیں جو ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ کا باعث بنے ہیں۔ خط میں وزیر خزانہ نے کہا کہ انھوں نے اپنے بیٹے کوکچھ رقم بطور تحفہ اور 40 لاکھ ڈالر قرضہ بھی دیا تھا جو اب تک مکمل واپس کیا جا چکا ہے۔
انھوں نے کہا بدقسمتی سے اس فیملی ٹرانزیکشن کو عوام کے سامنے سیاسی مقاصد کیلئے غلط طور پر پیش کرکے مجھ پر الزمات عائدکئے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے عمران خان کو جواب میں کہا ہے کہ آپ کا (عمران خان) بیان جھوٹ اورخود ساختہ ہے۔وزیر خزانہ نے مزیدکہا حکومت سوئس حکام کے ساتھ ٹیکس معاملات میں باہمی انتظامی تعاون کے معاہدہ کو حتمی شکل دینے کے مرحلے میں ہے۔
اس معاہدہ کی صورت میں پاکستانی ٹیکس اتھارٹیزکی جانب سے ٹیکس سے متعلقہ معاملات میں سوئس اتھارٹیز سے معلومات حاصل کی جاسکیں گی۔ دوسری جانب سے ٹیکس اصلاحات کمیشن کے چیئرمین مسعود نقوی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ٹیکس اصلاحات کمیشن جلد اپنی سفارشات مرتب کرے ۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) لندن میں نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کے ناراض رہنما ذوالفقار مرزا نے کہاکہ پہلے وہ ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کی سیاسی جدوجہد سے متاثر تھے اور اب بلاول بھٹو زرداری کی پیروی کرتے ہیں، انہوں نے کہا کہ لندن میں بلاول بھٹو زرداری سے ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی انہوں نے ملنے کی کوشش کی، کونکہ وہ جانتے ہیں کہ آصف زرداری کے لوگ انہیں ملنے نہیں دیں گے۔
ذوالفقار مرزا کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اختلافات کی باتیں انہوں نے نہیں گھڑیں، ان سے پہلے ہی ان اختلافات کی باتیں ہورہی تھیں جبکہ قائم علی شاہ اور فریال ٹالپور کے علاوہ آصف زرداری بھی اس کی وضاحتیں کررہے تھے۔
ذوالفقارمرزا نے مزید کہا کہ جتنا وہ آصف علی زرداری کے قریب رہے ہیں کوئی اتنا قریب نہیں رہا۔ہم دونوں کی دوستی اس وقت سے ہے کہ جب نہ انہیں معلوم تھا کہ وہ ڈاکٹر بنیں گے اور نہ ہی آصف علی زرداری کو کہ انکی شادی بےنظیربھٹو سے ہوگی۔ انہوں نے اپنی 45 سالہ دوستی میں کبھی آصف زرداری کو کسی بات پر انکار نہیں کیا اور نہ ہی کوئی سوال پوچھا۔ پہلے وہ ایک اے یعنی الطاف حسین سے خطرہ محسوس کرتے تھے اور اب دوسرا اے بھی ان سے ناراض ہوگیا ہے۔ اب انکا جھگڑا ڈبل اے کے ساتھ ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) ترجمان دفتر خارجہ تسنیم اسلم کا کہنا ہے سمجھوتہ ایکسپریس پر حملے کو 8 برس ہوگئے لیکن بھارت نے اس میں ملوث ملزمان کے خلاف اب تک کوئی کارروائی نہیں کی، بھارت اس واقعے میں ملوث افراد کو قانون کے کٹھہرے میں لائے۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کی جانب سے سیکریٹری خارجہ اسلام آباد بھجوانے کا بیان خوش آئندہ ہے، پاک بھارت سیکرٹری خارجہ ملاقات میں تمام مسائل پر بات کی جائے گی تاہم اس حوالے سے ابھی تاریخ طے نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ٹریک ٹو بات چیت کو کسی بھی صورت باضابطہ مذاکرات کا نعم البدل قرار نہیں دیاجاسکتا۔
فورئن ڈیسک (ریاض)سعودی عرب کی شوریٰ کونسل نے ملک میں خواتین نیوز اینکروں کے لباس کے لئے ضابطہ اخلاق کا اعلان کرتے ہوئے انہیں اپنی خوبصورتی ظاہر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ شوریٰ کونسل نے میڈیا میں کام کرنےوالی خواتین کے لباس سے متعلق ضابطے کا اعلان کردیا ہے جس کا اطلاق سعودی عرب میں کام کرنے والی تمام خواتین میڈیا ورکروں پر ہوگا جس کے تحت خواتین کو مناسب لباس پہننا ہوگا جب کہ شوریٰ نے اس بات کی بھی ہدایت کی ہے کہ وہ دوران ڈیوٹی ایسا لباس پہنیں جو شائستہ بھی ہو اور اس سے خوبصورتی کا اظہار نہ ہوتا ہو۔ شوریٰ کی ایک خاتون رکن لطیفہ الشعلان نے خواتین ٹی وی اینکروں کے لباس کے حوالے سے جاری ہونے والی ہدایات پر حیرت کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ ملک میں اس سے کہیں زیادہ اہمیت کے حامل مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے میڈیا میں داعش کی سرگرمیوں اور ان سے لاحق خطرات سے نمٹنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ میڈیا کو سعودی عرب کا کردار ایک اعتدال پسند سیاسی قوت کے طور پر اجاگر کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ شوریٰ کے اعلان سے قبل ہی سعودی عرب کا سرکاری ٹیلی ویژن اپنی خواتین اینکروں کو روایتی سعودی عبایا پہننے کا حکم دے چکا ہے۔
ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) واشنگٹن میں وزیر داخلہ چوہدری نثار کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جان کیری کا کہنا تھا کہ افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد خطے میں امن کے لئے پاکستان کا کردار نہایت اہم ہو گا۔ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کے اقدامات کو سراہتے ہیں، وزیراعظم پاکستان نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے دہشت گردی کے خلاف بہت سے موثر اقدامات کئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور امریکا خطے میں امن اور استحکام کیلئے شراکت دار ہیں، مل کر انسداد دہشت گردی اور جمہوریت کے استحکام کےلئےکام کریں گے، پاکستان کے ساتھ اقتصادی تعاون بھی بڑھانا چاہتے ہیں۔ دوسری جانب وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ گزشتہ چند مہینوں میں دہشت گردی کے خلاف اہم کامیابیاں حاصل کی ہیں، پاکستان اور امریکا کو ایک جیسے چیلنجز کا سامنا ہے اور ہم دہشت گردی کے خلاف موثر اقدامات کر رہے ہیں، گزشتہ چند مہینوں میں افغانستان کے پاکستان کے ساتھ تعلقات بہتر ہوئے ہیں جب کہ امریکا کے تعلقات میں بھی بہتری آئی ہے۔