منگل, 26 نومبر 2024

ایمز ٹی وی ( لاہور )وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔لاہور میں پنجاب کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے ملاقات کی، اس موقع پر ملک کو درپیش چیلنجز اور ان کے حل کے سلسلے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ آگ اور خون کی ہولی کھیلنے والے انسانیت کے دشمن ہیں، پوری قوم دہشت گردوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹنے کی حامی اور ان کے خاتمہ کے لئے پرعزم ہے، اس سلسلے میں نیشنل ایکشن پلان پرعمل درآمد مفید ثابت ہو رہا ہے۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) پاکستان کے صوبہ سندھ کے شہر عمرکوٹ سے چار کلو میٹر کے فاصلے پر ایک  چھوٹے سے گاؤں میں درختوں کی شاخوں، بانسوں اور لکڑیوں سے بنا جھونپڑی اسکول اس دیہات کے بچوں کیلئے واحد 'ذریعہ تعلیم'  ہے۔

اپنی نوعیت کا یہ اسکول ایک معذور لڑکی کا ہےجو اس چھوٹے سے گاؤں کے درجنوں بچوں کو  مفت تعلیم فراہم کر رہی ہے۔ آنسو کوہلی کو اس اسکول کو چلانے کے لیے نا تو کوئی سرکاری وسائل حاصل ہیں اور نا ہی کسی فلاحی ادارے یا این جی اوز سے کسی قسم کی کوئی مراعات۔ اس جھونپڑی اسکول میں 200 کے قریب بچے بچیاں علم حاصل کرنے آتے ہیں۔

20 سالہ آنسو کوہلی نامی یہ لڑکی ایک ٹانگ سے معذور ہے مگر اس معذوری میں بھی وہ تعلیم کے جذبے سے سرشار ہے اور اپنے گاؤں کے تمام بچوں کو پڑھا لکھا دیکھنا چاہتی ہے۔ آنسو کوہلی اپنے گاوں کی واحد لڑکی ہے جو گریجویشن کر رہی ہے۔ اپنے اسکول کے بارے میں آنسو بتاتی ہے کہ بچپن سے ہی اس کے والد نے اسے استانی کے روپ میں دیکھنا شروع کردیا تھا اور اس کے بقول والد کا کہنا تھا کہ تم پڑھ کر اپنے گاوں کے سب بچوں کو تعلیم دینا۔

آنسو کی خواہش ہے کہ اسے اس کے والد کے نام پر ایک اسکول بنا کر دیا جائے۔ "مجھے آگے بڑھنا ہے اور کسان کے بچوں کو علم کی روشنی دینی ہے۔" وہ کہتی ہیں کہ وہ تعلیم کو ایسے عام کردے کہ اسی کی طرح علم کی شمعیں جلانے والی مزید 'آنسو کوہلی' لڑکیاں بنیں اور علم کو فروغ دیں"۔

ایمز ٹی وی (لاہور) پاکستان ریلویز کے حکام مختلف ٹرینوں میں مہنگے داموں غیر معیاری اور زائد المیعاد کھانے فروخت کرنے والے ٹھیکہ داروں کے خلاف کارروائی میں ہچکچاہٹ کا شکار نظر آتے ہیں۔ایک فوجی افسر کی باضابطہ شکایت کے بعد ریلوے کے محکمہ ویجی لنس نے 20 جنوری کو خیبر میل میں ڈائننگ کار کے معائنہ کے دوران مہینوں پرانی ڈبل روٹی برآمد کی۔ڈپٹی ڈائریکٹر عمران مشعل کی جانب سے 23 جنوری کو ڈائریکٹر جنرل(ویجی لنس) کو بھیجی گئی رپورٹ میں کہا گیا' ایک ڈبل روٹی تین مہینے پرانی نکلی جس پر ڈائننگ کار کے مینیجر نے بتایا کہ یہ زائد الما د ڈبل روٹی مسافروں کیلئے نہیں بلکہ عملے کیلئے تھی'۔معمول کی چیکنگ کے دوران محکمہ کے افسران کو معلوم ہوا کہ کراچی ایکسپریس کی ڈائننگ کار کے کچن میں غیر معیاری گھی استعمال ہو رہا ہے۔اسی طرح ،ملت ایکسپریس میں بھی غیر معیاری تیل کے علاوہ مسافروں کو زائد المیعاد کیچ اپ دی جا رہی تھی جبکہ علامہ اقبال ایکسپریس کی ڈائننگ کار سے جعلی کولا مشروبات بیچے جا رہے تھے۔ ٹرینوں میں ممانعت کے باوجود گٹکا اور سپاری بھی فروخت ہوتی ہے۔محکمہ ویجی لینس کے ڈائریکٹر جنرل کی جانب سے معاملہ اٹھائے جانے پر پاکستان ریلویز کے چیف کمرشل مینیجر نے لاہور کے ڈیویژنل افسر سے پندرہ دنوں میں جواب طلبی کی ہے۔اس سے پہلے ،ڈائننگ کار کے ٹھیکے داروں کے زیادہ پیسے وصول کرنے کی عام شکایات پرمحکمہ ویجی لنسٹ کے ڈائریکٹر طارق لطیف نے تیزگام اور ریل کاروں (102 ڈاؤن اور 103 اپ) کی چیکنگ کی۔طارق لطیف نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ 'چیکنگ کے دوران مسافر رضوان تجمل نے بتایا کہ انہیں 500 ملی لیٹر پانی کی ایک بوتل تیس روپے جبکہ ایک چکن سینڈوچ اور چائے کا کپ 220 روپے میں دیا گیا'۔

'اسی طرح، تیزگام کے ایک مسافر فرید احمد نے شکایت کی کہ انہیں ایک کپ چائے 30 روپے میں دیا گیا'۔

افسوس ناک بات یہ ہے کہ اس سب کے باوجود ٹھیکہ دار آج بھی کراچی، ملت، علامہ اقبال، پاکستان ایکسپریس، خیبر میل اور تیز گام میں کام جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایمز ٹی وی (انٹرٹینمنٹ) خوشی کے رنگ  بکھیر کر ہالی ووڈ نگری میں سجا سب سے بڑا آسکر ایوارڈ میلا جہاں سب کی توقعات کے برعکس فلم “برڈ مین” بہترین فلم کا ایوارڈ اپنے نام کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ 

امریکا کے شہر لاس اینجلس کے ڈولبی تھیٹر میں 87 ویں سالانہ آسکر ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد ہوا جہاں فلمی ستارے جلوہ گر ہوئے۔ 87ویں آسکرا ایوارڈ کی دوڑ میں بہترین فلم کے لئے امریکن اسنائپر، برڈ مین، بوائے ہڈ، دی گرینڈ بڈاپسٹ ہوٹل، دی ایمیٹیشن گیم، سیلما، دی تھیوری آف ایوری تھنگ اور ویپ لیش کو نامزد کیا گیا تھا تاہم جیوری کے متفقہ فیصلے کے بعد فلم ’’برڈ مین‘‘ کو بہترین فلم کے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔ آسکر ایوارڈ میں ایڈی ریڈ مائن بہترین اداکار،جولیامور بہترین اداکارہ کا ایوارڈ جیتنے میں کامیاب ہوئے۔

سب سے بہترین اینیمیٹڈ فلم “بگ ہیرو6″ قرار پائی جب کہ غیر ملکی زبان کی بہترین فلم کا ایوارڈ پولینڈ  کی ’’ایڈا‘‘ نے اپنے نام کیا جب کہ سیلما کے’’ گلوری‘‘ نے بہترین گانے کا اعزاز اپنے نام کیا۔

ایمز ٹئی وی (اسپورٹس) ورلڈ کپ کے 14ویں میچ میں انگلینڈ نے اسکاٹ لینڈ کو 119 رنز سے شکست دے دی۔

کرائسٹ چرچ کے ہیگلے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں اسکاٹ لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 303 رنز بنائے جس کے جواب میں اسکاٹ لینڈ کی پوری ٹیم 184 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئی۔اوپننگ بلے باز کیل کوٹزر سب سے زیادہ 71 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ دیگر کھلاڑیوں میں کپتان پرسٹن مومسن نے 26، میتھیوز کروس 23، ماجد حق 15 اور فریڈی کولیمن 7 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انگلینڈ کی جانب سے اسٹیون اسمتھ نے 3، معین علی، جیمس انڈریسن اور کرس ووکس نے 2،2 جب کہ جوئے روٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلش ٹیم کے اوپننگ بلے باز معین علی نے 107 گیندوں پر 128 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اسکاٹ لینڈ کے بولروں کے پسینے چھڑا دیئے جب کہ این بیل نے 85 گیندوں پر 54 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بیٹسمین رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں گیری بیلینس 10، جوئے روٹ ایک، کپتان اوئن مورگن 46، جیمز ٹیلر 17، جو بٹلر 24 اور کرس ووکس ایک رن بنا کر پویلین لوٹے۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے جوش ڈیوی نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ آئی این وارڈلا، الیسڈیئر ایونس، ماجد حق اور رشی بیرنگٹن نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ میچ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے والے آل راؤنڈر معین علی کو مین آف دی میچ سے نوازا گیا۔

ایمز ٹی وی (ایجوکیشن) ٹیکنالوجی کی دنیا میں حیرت انگیز ایجادات کا ہونا کوئی نئی بات نہیں رہی ہے۔ اور ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آئی ٹی کی پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ کھیلنا بھی شاید پاکستانی بچوں نے اپنا شوق بنا لیا ہے۔ پانچ سالہ اعیان قریشی نے کھلونوں سے کھیلنے کی عمر میں دنیا کے کم عمرترین 'مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ' کا ریکارڈ قائم کر کے دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

پاکستانی نژاد برطانوی اعیان قریشی نے دنیا کے کم عمر ترین مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل ارفع کریم، عزیز اعوان اور مہروز یاور کا ریکارڈ توڑا ہے جس کے بعد وہ مائیکرو سافٹ آپریٹنگ سسٹم میں پیشہ ورانہ مہارت رکھنے والے دنیا کے سب سے کم عمرترین 'ایم سی پی' بن گئے ہیں۔ پانچ سالہ اعیان قریشی نے برمنگھم سٹی یونیورسٹی سے مائیکرو سافٹ سرٹیفائیڈ پروفیشنل کےسرٹیفیکٹ کے لیے اسٹینڈرڈ امتحان پاس کرکے دنیا کے کم عمرترین ایم سی پی مہروز یاور کا ریکارڈ بریک کیا ہے جنھوں نے ساڑھے چھ سال کی عمر میں یہ ریکارڈ قائم کیا تھا۔

اعیان قریشی کے والد عاصم قریشی اور والدہ میمونہ قریشی کا تعلق لاہور سے ہے۔ عاصم  ایک آئی ٹی کنسلٹنٹ ہیں جبکہ والدہ میمونہ ڈاکٹر ہیں۔ اعیان کی پیدائش لاہور کی ہے۔ ان کا خاندان سال 2009  میں پاکستان سے برطانیہ منتقل ہوا اور کووینٹری میں رہائش اختیار کی جہاں اعیان کلفرڈ برج اسکول میں پہلی جماعت کا طالب علم ہے۔

ٹیکنالوجی کے افق پر جگمگانے والے اس ننھے ستارے کے والدین بھی اتنے ہی قابل ستائش ہیں جنھوں نے اعیان کی غیر معمولی صلاحیتوں کو اتنی کم عمری میں پہچانا اور اپنی بے پناہ مصروفیات میں سے اعیان کے لیے وقت نکالا اور اسے  اسے ایک ایسا موقع فراہم کیا جس پر آج سارے پاکستان کو فخر ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) سری لنکا کے نیشنل پارک میں ڈچ جوڑا تصویریں کھینچنے میں مصروف تھا کہ اچانک پاؤں پھسلنے کے باعث ڈچ شہری 4 ہزار فٹ کی بلند پہاڑی سے گرگیا۔

جسے اللہ رکھے اسے کون چکھے یہ مثال 35 سالہ ڈچ شہری مسٹر لینڈاس پر مکمل اترتی ہے جو اپنی اہلیہ کے ساتھ سری لنکا کے نیشنل پارک میں ہنی مون منانے آئے ہوئے تھے اور دنیا کے اس خوبصورت علاقے میں قائم بلند و بالا پہاڑیوں کے نظاروں سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ اسی اثنا میں ڈچ جوڑا ایک بلند بالا پہاڑ پر تصویریں کھنچوانے کے لئے جا پہنچا، ابھی  لینڈاس اپنی اہلیہ کی تصوریں کھینچنے میں مصروف تھے کہ پہاڑی کے آخری حصے پر جا پہنچے اور بے دھیانی میں ان کا پاؤں پھسل گیا اور 4 ہزار فٹ بلند پہاڑی سے گر پڑے لیکن خدا کا کرشمہ دیکھیں کہ خوش قسمتی سے وہ پہاڑی سے نیچے لگے ہوئے درختوں میں جا پھنسے اور زندہ بچ گئے جنہیں کئی گھنٹے کی محنت کے بعد سری لنکن آرمی نے بحفاظت نکال لیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق لینڈاس کو معمولی زخم آئے تھے تاہم طبی امداد فراہم کرنے کے بعد انہیں اسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے۔

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) سزائے موت کے قیدی سے اس کی آخری خواہش پوچھنا صدیوں پرانی روایت ہے اور عام طور پر موت کے منتظر یہ افراد اپنوں سے ملاقات یا پھر اپنے گناہوں سے معافی مانگنے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں لیکن امریکا کی ایک خاتون قیدی نےمرنے سے پہلے اپنے پسندیدہ کھانوں کی فرمائش کی ہے۔

برطانوی اخبار کے مطابق امریکی ریاست جارجیا میں قید کیلی رینی گیسنڈر نامی خاتون قیدی کو اپنے شوہر کو قتل کرنے کے جرم میں سزائے موت دی گئی ہے جس پر 25 فروری کو عمل درآمد ہونا ہے۔ سزا پر عمل درآمد سے قبل جب جیل حکام نے اس کی آخری فرمائش پوچھی تو اس نے کھانے کی لمبی چوڑی فہرست تھمادی۔ جس میں چیز برگر، فرائز، بٹر ملک لگی کارن بریڈ، پاپ کارن، لیموں کا شربت، ٹماٹر، گاجر، پیاز، پنیر، سلاد اور ابلے ہوئے انڈوں کے علاوہ آئسکریم تک شامل ہے۔ واضح رہے کہ امریکی ریاست جارجیا میں کیلی رینی گیسنڈر گزشتہ 70 برس کے دوران پہلی خاتون ہیں جنہیں سزائے موت دی گئی ہے۔

ایمز ٹی وی (سائنس اینڈ ٹیکنالوجی)  انسان ہمیشہ سے سونے کے زیورات کا شوقین رہا ہے لیکن شاید آپ نے کبھی بھی آنکھوں میں پہنے جانے والے زیورات کے بارے میں نہیں سنا ہوگا۔

بھارت میں ایک مشہور ڈاکٹر نے نینو گولڈ پارٹیکلز (سونے کے غیر معمولی حد تک چھوٹے ذرات) کو آنکھوں میں لگائے جانے والے کنٹیکٹ لینز کا حصہ بنادیا ہے اور یوں آنکھوں میں پہننے کے لیے زیور تیار کردیا ہے۔ ڈاکٹر چندر شیکھر ایک عرصے سے ایسے کنٹیکٹ لینز تیار کررہے ہیں کہ جن میں ایک باریک پرت کے نیچے سونے کے زرات موجود ہوتے ہیں جو پہننے والے کی آنکھ میں چمکتے نظر آتے ہیں۔

ان لینزز کی قیمت 15 لاکھ سے 18 لاکھ روپے تک ہے اور ڈاکٹر شیکھر سونے کے علاوہ ہیرے سے مزئین کنٹیکٹ لینز بھی تیار کرتے ہیں۔ ان کے ادارے شیکھر آئی ریسرچ میں 24 قیراط سونے سے مزئین کنٹیکٹ لینز خصوصی طور پر تیار کیے جاتے ہیں کیونکہ ان کی مقبولیت خاصی زیادہ ہے۔ اب وہ بھارت سے باہر مغربی ممالک میں بھی یہ لینز فروخت کے لیے پیش کررہے ہیں جس کی وجہ سے کچھ مغربی ماہرین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ایمز ٹی وی (ہیلتھ ڈیسک) صبح سویرے نیند سے بیدار ہوتے ہی نہار منہ پانی پینے کے بے شمار فوائد ہیں جن کے ذریعے متعدد بیماریوں سے محفوظ رہا جاسکتا ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق صبح سویرے خالی پیٹ پانی پینے سے معدے کی  خوارک ہضم کرنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے اس کے ذریعے نہ صرف آپ اپنی جلد کی صحت بہتر بناسکتے ہیں بلکہ اس سے جسم میں خون بنانے کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔ ماہرین کے نزدیک یہ طریقہ علاج وزن میں کمی کے لئے بھی ایک بہترین نسخہ ہے۔

تحقیق  کے مطابق پانی کے ذریعے چند بیماریوں کا 100 فیصد کامیاب علاج ممکن ہے، مثلاً سر اور جسم کا درد، قلب کے نظام میں پایا جانے والا نقص، دل کی دھڑکن کی غیر معمولی تیزی، مرگی، موٹاپے کے سبب جنم لینے والی بیماریاں، ایستھما یا دمہ، ٹی بی، گردن توڑ، گردے کی خرابی، معدے کی بیماریاں، ذیابیطیس، قبض، امراض چشم، آنکھ، ناک اور کان کی بیماریاں اور چند زنانہ امراض سے بچنے کے لئے خالی پیٹ پانی پینا 100 فیصد مفید ثابت ہوتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صبح سویرے اٹھتے ہی 4 گلاس پانی پینا چاہئے، لیکن اگر اکٹھا 4 گلاس پانی نا پی سکیں توکم از کم 1 گلاس پانی ضرور پئیں اور اس کی مقدار آہستہ آہستہ بڑھاتے ہوئے اسے 4 گلاس تک لے جانے کی کوشش کریں۔