جمعہ, 29 نومبر 2024
Reporter SS

Reporter SS

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) نئے فلم میکرز نے بالی ووڈ کے مقابلے میں اچھی فلمیں بنا کر ثابت کردیا کہ انھیں اگر وسائل دیے جائیں تو مایوس نہیں کریں گے، فلم ہو یاٹی وی ڈرامہ انتخاب سوچ سمجھ کر ہی کرتی ہوں۔ فلم بینوں کے مثبت رسپانس نے بھی پاکستانی فلم انڈسٹری کو نئی زندگی دی ہے۔

ان خیالات کا اظہار معروف ماڈل واداکارہ عائشہ خان نے اپنے ایک انٹرویو میں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلموں کے ذریعے ثقافت کو بھی پروموٹ کیا جانا چاہیے، نئے ٹیلنٹ نے ناممکن کو ممکن کر دکھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم مقبول اور فاسٹ میڈیم ہے، وقت کے ساتھ اس کی مقبولیت بڑھ رہی ہے۔ اسی لیے ملٹی نیشنل کمپنیاں بھی فلم میں سرمایہ کاری کرنے لگے ہیں۔

قیام پاکستان کے بعد پاکستان فلم انڈسٹری کا ایک سنہری دور تھا ہمارے پاس پڑھے لکھے اور باصلاحیت ڈائریکٹر، تکنیکار، رائٹر، نغمہ نگار، فنکار، موسیقار اور گلوکار تھے جنہوں نے کم وسائل کے باوجود یادگار فلمیں تخلیق کیں کہ جن کا آج بھی طوطی بولتا ہے۔دوسروں کی طرح ہم نے فلم میکنگ کے بدلتے رحجانات کے ساتھ خود کو ہم آہنگ نہ کرسکے ، جس کا خمیازہ بحران کی صورت میں بھگتنا پڑا۔

عائشہ خان نے کہا کہ موجودہ حالات میں فلم ایک پراڈکٹ کی طرح ہے، جس کے اچھے بناؤسنگھارکے ساتھ اس کی کامیاب پروموشن بھی ضروری ہے۔ پاکستانی فلموں کی کامیابی کا کریڈٹ فلم بینوں کو بھی جاتا ہے کیونکہ اگریہ اپنی فلموں کی حوصلہ افزائی نہ کرتے تو شاید فلم انڈسٹری کی بحالی ایک خواب ہی رہتی۔ ہمارے فلم میکر فلم اور سینما انڈسٹری کو بین الاقوامی مارکیٹ پر لانے کے لیے کوشاں ہیں۔اس کے لیے انھیں پاکستانی عوام کی سپورٹ کی مزید ضرورت ہے۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا ہے کہ کہ میرے نزدیک تعداد سے زیادہ معیار اہمیت رکھتا ہے۔عائشہ خان نے مزید کہا کہ ہمیشہ اپنے کام سے کام رکھا ہے، اسی لیے تقریبات میں بھی کم ہی جاتی ہوں۔

 
 

 

 

ایمزٹی وی(انٹرٹینمنٹ) بالی ووڈ کی بیبو کرینہ کپوراورشاہد کپورکے درمیان کئی برسوں تک جاری رہنے والے طوفانی عشق کی داستان سے سب ہی واقف ہیں، جس کے باعث وہ ایک لمبے عرصے تک خبروں کی زینت بھی بنے رہے لیکن اب دونوں اداکارہی الگ الگ خوشگوارزندگی گزار رہے ہیں جہاں شاہد کپور تو بیٹی کے باپ بھی بن گئے جب کہ اداکارہ کرینہ کپور بھی آئندہ چند روز میں اسی فہرست میں شامل ہوجائیں گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی ووڈ اداکارشاہد کپوراوراداکارہ کرینہ کپور کا ایک تقریب میں آمنا سامنا ہوا جہاں اس باروہ ایک دوسرے سے کترائے نہیں بلکہ بات چیت بھی کی۔ انہوں نے کرینہ سے ننھے مہمان کی آمد سے متعلق دریافت کیا، جس پر کرینہ نے شاہد کو ڈاکٹروں کی جانب سے دی گئی تاریخ سے متعلق آگاہ کیا۔

بعد ازاں شاہد کپورنے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ انہیں کرینہ کو دیکھ کراچھا لگا، اس ملاقات میں کرینہ نے مجھ سے میری بچی میشا کی خیریت بھی دریافت کی جب کہ میں نے کرینہ اوراس کے بچے کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) دنیا کا امیر ترین بھارتی کرکٹ بورڈ مہمان انگلش ٹیم کا ’مقروض‘ ہوگیا، ٹور پرموجود کھلاڑیوں اور آفیشلز کو ابھی تک ڈیلی الاؤنس ہی ادا نہیں کیا، مجموعی رقم 80 ہزارپائونڈ تک جا پہنچی، بڑے نوٹوں پر پابندی کے باعث مقامی کھلاڑیوں کو 100، 100 روپے کی کرنسی میں ادائیگی ہو رہی ہیں، پلیئرز کی جیبیں نوٹوں سے پھولی رہتی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بی سی سی آئی اگرچہ دنیا کا امیرترین کرکٹ بورڈ ہے تاہم لودھا پینل کی کڑی شرائط کے باعث وہ تقریباً مالی تنگ دستی کا شکار ہوچکا، اسی وجہ سے ٹور پرموجود انگلش ٹیم کے اخراجات ادا کرنے تک کیلیے اس کے پاس رقم موجود نہیں ہے۔ باہمی پروٹوکول کے تحت میزبان ٹیم اور آئی سی سی آفیشلز کے طعام قیام اور سفری اخراجات کی مکمل ذمہ داری میزبان بورڈ پر ہوتی ہے، وہ روز مرہ کے اخراجات کیلیے بھی رقم ادا کرنے کا پابند ہوتا ہے۔ اگرچہ انگلش ٹیم کے پاس رقم کی کوئی کمی نہیں مگر ذرائع کا کہنا ہے کہ اصولی طور پر چونکہ میزبان بورڈ یہ رقم ادا کرنے کا پابند ہے اس لیے ٹیم کے ٹور منیجر فل نیل مسلسل بی سی سی آئی حکام سے رابطے میں ہیں

 

وہ پلیئرز اور آفیشلز کیلیے ڈیلی الاؤنس کی مدد میں واجب الادا رقم جلد حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اب تک 17 مہمان پلیئرز اور 16 اسٹاف ممبران کے 50 پاؤنڈ فی کس یومیہ الائونس اور دیگر اخراجات کی مد میں 80 ہزار پاؤنڈ واجب الادا ہوچکے ہیں۔ یاد رہے کہ ٹور کے آغاز سے قبل ہی بھارتی بورڈکی جانب سے مہمان ٹیم مینجمنٹ پر مالی صورتحال واضح کردی گئی تھی اسی لیے ابھی تک دونوں کے درمیان ٹور کے حوالے سے مفاہمت کی یاداشت پر بھی دستخط نہیں ہوئے۔ دوسری جانب بھارتی حکومت کی جانب سے 500 اور1000 روپے کے نوٹ منسوخ ہونے کی وجہ سے بھارتی کھلاڑیوں اور آفیشلز کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑرہا ہے، انھیں روز مرہ کے اخراجات کیلیے 100، 100 کے نوٹوں میں الاؤنس دیا جاتااور کیش کی وجہ سے ان کی جیبیں پھولی رہتی ہیں،انگلش پلیئرز اپنے بلز کی ادائیگی کیلیے کریڈٹ کارڈز استعمال کررہے ہیں۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) کرکٹ’’سپر مین‘‘کوہلی نے کئی رازوں سے پردہ اٹھا دیا،انھوں نے پروفیشنل کرکٹر بننے کیلیے جان جوکھوں میں ڈالی، آئینے میں جسم دیکھ کرشرمندگی محسوس کرتے ہوئے زندگی کا انداز بدل ڈالا،غیر صحتمندانہ عادات چھوڑ کر سخت محنت سے 12کلو وزن کم کیا، ٹنڈولکر سے پہلی ملاقات میں ایک لفظ بھی منہ سے نہ نکلا۔ تفصیلات کے مطابق ایک انٹرویو میں ویرات کوہلی نے اپنی زندگی کے کئی حقائق سے پردہ اٹھایا ہے، بھارتی اسٹاربیٹسمین نے کہاکہ وسائل محدود ہونے کی وجہ سے اچھا بیٹ خریدنے کیلیے رقم نہیں تھی،1000روپے جمع کرکے اپنی خواہش پوری کی،اپنے آئیڈیل سچن ٹنڈولکر سے پہلی بار 12سال کی عمر میں ایک ہوٹل میں ملا تو منہ سے کوئی لفظ نہیں نکلا، بعد ازاں کیریئر کے آغاز میں ماسٹر بلاسٹر نے تکنیکی خامیوں سے آگاہ کرتے ہوئے دباؤ میں بھی ذہنی طور پر مطمئن رہنے کا گُر بتایا،ان کی رہنمائی میرے کام آئی۔

 

کوہلی نے کہا کہ 2012 میں کارکردگی تو اچھی رہی لیکن میں زیادہ کھاتا اور تاخیر سے بیدار ہوتا، شراب سمیت غیر صحتمندانہ عادات کی وجہ سے بھاری بھرکم نظر آتا، ایک دن آئینے کے سامنے خود کو دیکھا تو سوچا ’’کیا تم اس جسامت کے ساتھ پروفیشنل کرکٹر بننا چاہتے ہو‘‘ اگلی صبح سے ہر عادت بدل دی، جم ٹریننگ، چکنائی، گندم، میٹھے اور کولڈ ڈرنکس سے مکمل پرہیز شروع کردیا، رات کو بھوک اتنی ہوتی کہ دل چاہتا بیڈ شیٹ کھا جاؤں، سب برداشت کرتا لیکن صبح میدان میں زیادہ توانائی محسوس ہونے سے تسلی ہوجاتی، اس دور میں 12وزن کم کیا، 2015میں جم ٹریننگ کے ساتھ ویٹ لفٹنگ بھی شروع کردی، بڑے اسٹروکس کھیلنے اور لمبی اننگز کیلیے ٹانگوں کو مضبوط بنایا، جسمانی مشقت نے ذہنی مضبوطی میں بھی اضافہ کیا۔ کوہلی نے کہاکہ بھارتی پرستاروں کی محبت اعزاز اور مصیبت دونوں ہیں، گارڈز کے بغیر کسی ہوٹل میں ڈنر نہیں کرسکتا،کسی جگہ پر بھی ہوں عوام کی یلغار ہوجاتی ہے لیکن انہی لوگوں نے مجھے بار بار احساس دلایا کہ میں ٹنڈولکر کے ریکارڈز توڑ سکتا ہوں، پہلے توقعات کے بوجھ تلے دبا ہوا محسوس کرتا تھا، پھر اس کو مقصد بناکر لگن اور محنت سے کارکردگی دکھانے لگا، انھوں نے کہا کہ بیرون ملک مختلف ماحول میں لطف اندورز ہوتا ہوں، وہاں لوگ ہاتھ ہلاکر گزر جاتے ہیں اور میں ہیڈ فون لگائے گلیوں میں گھوم سکتا ہوں، موہالی میں ورلڈ ٹوئنٹی20میچ کے بعد ایک نوجوان پرستار ملاقات کے بعد اس طرح اچھلا جیسے اس کے جسم میں بجلی بھر گئی ہو،وہ سوچ رہا تھا کہ میں کوئی سپرمین ہوں۔

 
 

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس) پاکستان نے کیوی بیٹنگ کو پیس سے ٹھیس لگانے کی تیاری کر لی، بائونس اور ریورس سوئنگ کے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے وہاب ریاض کو دوسرے ٹیسٹ کی الیون میں شامل کیے جانے پر غور ہورہا ہے۔

کپتان مصباح الحق کی عدم دستیابی کے بعد بیٹنگ آرڈر سے چھیڑ چھاڑیقینی ہے، کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں پر لگا زنگ جھاڑنے اور مینجمنٹ کو پلاننگ کے لیے مزید 2 روز میسر ہوں گے، دوسری جانب6 سال قبل کے ہیلمٹن ٹیسٹ کی تلخ یادیں کیویز کو ستانے لگیں، مصباح الحق کی بطورکپتان پہلی کامیابی کے سفر میں بولرز نے نیوزی لینڈ کو صرف110رنز پر ڈھیر کردیا تھا، میزبان ٹیم حریف مہمان بولنگ اٹیک کی حیران کرنے والی صلاحیتوں سے بھی خوف زدہ ہے۔

بیٹسمین ہنری نکولس نے کہاکہ کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے مضبوط پیس بیٹری کا سامنا ایک بڑا چیلنج ہوگا، یاسر شاہ سے بھی خبردار رہنا پڑے گا، گرین کیپس کی بیٹنگ بھی ہمارے لیے مشکلات پیداکر سکتی ہے، خطرناک حریف پر ہر بار غلبہ پانے کی خوش فہمی کا شکار نہیں ہوں گے۔

تفصیلات کے مطابق پہلے ٹیسٹ کی شکست خوردہ پاکستانی ٹیم کرائسٹ چرچ سے ہیملٹن پہنچ گئی، اسے کپتان مصباح الحق کی عدم دستیابی کی وجہ سے اظہر علی کی زیر قیادت میدان میں اترنا ہوگا،مہمان سائیڈ فتح کی بدولت سیریز برابرکرکے مشکل ترین دورئہ آسٹریلیا سے قبل اعتماد بحال کرنے کے لیے کوشاں ہوگی،دوسرے ٹیسٹ کی تیاری کے لیے کرکٹرز نے پریکٹس کا آغاز کردیا، حریف کو پیس بولنگ کی مدد سے قابو کرنے کی تیاریاں جاری ہیں، سست رو کھیل اور کپتان کی پاکستان رخصتی کے بعد بیٹنگ آرڈر سے چھیڑ چھاڑ کا امکان ہے۔

سابق کرکٹرز اور چیف سلیکٹر شرجیل خان کو بطور اوپنر کھلانے کے حق میں ہیں، اظہر علی تیسرے اور بابر اعظم چھٹے نمبر پر بیٹنگ کے لیے موزوں قرار دیے جارہے ہیں، بولنگ میں 1،2تبدیلیاں کی جاسکتی ہے، وہاب ریاض کا نام زیر غور ہے، یاسر شاہ کی شمولیت کا فیصلہ پچ اور کنڈیشنز دیکھ کر کیا جائے گا، جمعے کو شروع ہونے والے ٹیسٹ سے قبل کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں پر لگا زنگ جھاڑنے اور مینجمنٹ کو پلاننگ کے لیے مزید 2 روز میسر ہیں۔

اس دوران خاص طور پر بائونسی اور آف اسٹمپ سے باہر جاتی گیندوں کا بہتر انداز میں سامنا کرنے کے لیے بھرپور تیاری کی جائے گی، ہیملٹن میں 6سال قبل دونوں ٹیمیں مقابل ہوئیں تو میزبان کی حیران کن شکست سے مصباح الحق کی بطور کپتان فتوحات کا آغاز ہوا تھا، مہمان ٹیم نے کیویز کو 275تک محدود رکھنے کے بعد توفیق عمر، اسدشفیق اورکپتان کی ففٹیز سے تقویت پاتے ہوئے 367 رنز بنائے، گرین کیپس کی جوابی اننگز تیسرے روز چائے کے وقفے سے قبل ختم ہوئی، باقی وقت میں میچ ڈرا ہونے کی توقع ظاہر کی جارہی تھی لیکن پاکستانی اٹیک نے میزبانوں کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔

عبدالرحمان نے اوپنرٹم میکنٹوش کو آئوٹ کرکے پہلی ضرب لگائی، بعد ازاں وہاب ریاض اور عمر گل نے شارٹ گیندوں، ریورس سوئنگ سمیت متعدد کاری وار کرتے ہوئے صرف 66رنز کے عوض 6وکٹوں کا بٹوارہ کرلیا، اسپنر نے مزید 2شکار کیے، کیویز 110رنز پر ڈھیر ہوگئے۔اس بار مصباح الحق اور عبدالرحمان کی خدمات میسر نہیں، ہیملٹن کی پیس اور بائونس والی پچ پرریورس سوئنگ کے بھی مواقع دیکھتے ہوئے پہلا میچ نہ کھیلنے والے وہاب ریاض حریفوں پر ٹوٹ پڑنے کے لیے بے چین ہوں گے، عبدالرحمان کی کامیابی کوپیش نظر رکھتے ہوئے یاسر شاہ کو بھی برقرار رکھنے کا جوا کھیلا جا سکتا ہے۔

پہلے ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کے باوجود کیویز پاکستانی بولنگ اٹیک کی حیران کرنے والی صلاحیتوں سے خوفزدہ ہیں۔کرائسٹ چرچ ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں 30 رنز بناکر سہیل خان کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہونے والے بیٹسمین ہنری نکولس دوسری باری میں صفر پر ناٹ آئوٹ رہے تھے، میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کرائسٹ چرچ میں کریز پر وقت گزارنے کا تھوڑا وقت ملا لیکن ہیملٹن کی مختلف کنڈیشنز کو دیکھتے ہوئے مضبوط پاکستانی پیس اٹیک کا سامنا ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ یاسر شاہ بھی دنیا کے بہترین اسپنرز میں سے ایک ہیں،زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب لیگ اسپنر رینکنگ میں عالمی نمبر ون تھے، پہلے ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں بھی ان کی گھومتی گیندیں بیٹسمینوں کو پریشان کررہی تھیں، مہمان ٹیم انھیں بطور ٹرمپ کارڈ استعمال کرنے کی منصوبہ بندی کررہی ہوگی، ہنری نے کہا کہ پاکستان جیسے مضبوط حریف کا سامنا کرتے ہوئے کبھی اس خوش فہمی کا شکار نہیں ہوسکتے کہ ہر بار غلبہ پالیں گے، نیلسن میں وارم اپ میچ بارش کی نذر ہونے کی وجہ سے پہلے ٹیسٹ میں مہمان بیٹنگ لائن مسائل کا شکار رہی، کنڈیشنز مختلف ہوں تو کارکردگی میں بہتری کھیلنے سے ہی آتی ہے۔

گرین کیپس نے کرائسٹ چرچ میں چیلنجز کا اندازہ کرلیا ہوگا، توقع ہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں بیٹنگ بھی اپنی صلاحیتوں کے مطابق کارکردگی پیش کرتے ہوئے ہمارے لیے مشکلات پیداکرے گی،ہمیں بھی غلطیوں سے سبق سیکھ کر زیادہ ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

 

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)آسٹریلوی پولیس نے سابق کرکٹر شین وارن ، کیون پیٹرسن اور مائیکل سلیٹر کو جرمانہ کر دیا ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آسٹریلوی پولیس نے سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کے جرم میں آسٹریلوی ٹیم کے سابق کرکٹر شین وارن ، انگلینڈ کے سابق کپتان کیون پیٹرسن اور مائیکل سلیٹر کو تین تین سو ڈالر جرمانہ کر دیا ۔ تسمانیہ پولیس نے جرمانہ1کرکٹرکی سوشل میڈیاپرلائیووڈیودیکھنے کے بعدکیا۔
شین وارن،پیٹرسین اورسلیٹرکامینٹری کے بعد اسٹیڈیم سے ہوٹل جارہے تھے کہ پولیس اہلکاروں نے انہیں سیٹ بیلٹ نہ باندھنے کے جرم پر روکا اور پھر ٹریفک قوانین کے مطابق جرمانہ کر دیا ۔
یاد رہے اس سے قبل پاکستانی کھلاڑی عمر اکمل کو بھی ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانہ کیا جا چکا ہے جس کے بعد انہوں نے ٹریفک وارڈن کے ساتھ بدتمیزی بھی کی تھی ۔

 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد) امریکی حکام نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر اور قابل احترام ساتھی قرا ردیتے ہوئے ان کی مستقبل کی سرگرمیوں کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

نجی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل راحیل شریف کے آرمی چیف کی حیثیت سے ریٹائرمنٹ سے متعلق سوال پر امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ایک ترجمان نے کہا کہ پاک فوج میں کسی بھی قسم کی تبدیلی ایک اندرونی معاملہ ہے اور بہتر یہی تھا کہ اس سے متعلق کوئی بیان بھی حکومت کی جانب سے ہی سامنے آتا۔ انہوں نے کہا کہ ” ہم نے چیف آف آرمی اسٹاف کی تبدیلی کی خبریں دیکھی ہیں۔ یہ پاکستان کا اندرونی معاملہ ہے، اور میں آپ سے کہوں گا کہ اس سے متعلق مزید معلومات کیلئے حکومتِ پاکستان سے رابطہ کریں۔“

اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ نے خبر رساں ادارے کے ساتھ اسلام آباد میں واقع امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری ایک بیان کا تبادلہ بھی کیا جس میں کہا گیا ہے کہ ”ہم نے آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں دیکھا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف تین سال پورے ہونے پر ریٹائر ہو رہے ہیں۔“
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ”جنرل راحیل شریف تین سالوں کے دوران خطے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قابل قدر اور قابل احترام ساتھی تھے۔ ہم انہیں اور ان کے خاندان کو مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔“

 

 

 


ایمزٹی وی(اسلام آباد)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے چیئرمین سینیٹ، اسپیکر قومی اسمبلی ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی اور ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دید ی ہے تاہم تنخواہوں میں اضافے سے قومی خزانے پر 40کروڑ سے زائد کا بوجھ پڑیگا ۔” افراط زر کو مد نظر رکھ کر اراکین اسمبلی کی تنخواہوں میں اضافے کا فیصلہ کیا “۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے انکا کہنا تھا کہ کابینہ اجلاس میں عوامی نمایندوں کی تنخواہوں پرنظرثانی کی گئی ہے اور وزیر اعظم نے تنخواہوں میں اضافے کی منظوری بھی دیدی ہے ۔ ارکان اسمبلی کی بڑھائی گئی تنخواہوں میں ایڈہاک ریلیف بھی شامل ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا مزید کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں ہر سال اضافہ کیا جاتا ہے تاہم 2004ءکے مقابلے میں افراط زر میں اضافہ ہو اہے ۔ 2010ءمیں پہلی بار ایڈہاک ریلیف دیا گیا تاہم تنخواہوں میں اضافے کے باوجود ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں ارکان بلوچستان اسمبلی سے کم رہیں گی ۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ وزیرا عظم نے وفاقی وزیرخواجہ سعد رفیق کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دیدی ہے جو پیمرا قوانین کو اپ ڈیٹ کرنے اور انہیں شفاف بنانے کیلئے ترامیم کی تجاویز دیگا ۔کمیٹی میں وزیر دفاع خواجہ آصف ، زاہد حامد اور قادر بلوچ کے علاوہ سیکرٹری فنانس بھی شامل ہونگے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے 6ممالک کے ساتھ 9 معاہدے کیے ہیں جن میں مالدیپ کےساتھ ڈاکٹرزاورفارماسیوٹیکل کے حوالے سے معاہدہ ہواہے جو شارٹ اور لانگ ٹرم ہے ۔اس کے علاوہ ملائیشیا کےساتھ کرپشن پرقابوپانے کے حوالے سے معاہدہ ہواجبکہ بیلاروس کےساتھ آئی ٹی کے استعمال سے کرائم روکنے ،قازقستان کے ساتھ بھی دفاعی معاہدہ ہواہے ۔

وزیر اطلاعات نے بتایا کہ پاکستان اورجنوبی افریقاکےساتھ دفاعی معاہدہ ہواہے۔آذربائیجان کےساتھ ایمرجنسی اورقدرتی آفات سے نمٹنے کامعاہدہ ہواہے۔

 

 


ایمزٹی وی(تعلیم/پشاور)پشاور ہائی کورٹ نے پاک ترک اسکول کے اساتذہ کی ملک بدری روک دی ۔ ذرائع کے مطابق پشاور ہائی کورٹ نے اہم کیس کا فیصلہ سنا تے ہوئے پاک ترک اسکولز کے اساتذہ کی ملک بدری کو روک دیا ۔عدالت نے حکم امتناعی جاری کرتے ہوئے وفاقی حکومت سے جواب طلب کر لیا ۔

11ہزار بچوں کا مستقبل داﺅ پر

پشاور ہائی کورٹ میں ایک درخواست دائر کی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ حکومتی فیصلے سے اسکولوں میں زیر تعلیم 11ہزار بچوں کا مستقبل داﺅ پر لگ رہا ہے لہذٰا عدالت حکومت کو اس فیصلے پر عملدرآمد سے روکے ۔درخواست میں وفاقی حکومت کو فریق بنایا گیا تھا۔

اس سے قبل وفاقی حکومت نے ترک صدر کی آمد سے دو روز قبل فتح اللہ گولن کی تنظیم پاک ترک آرگنائزیشن کو 3 روز میں ملک سے نکل جانے کا حکم دیا تھا ۔ وفاقی وزیر داخلہ نے پاک ترک آرگنائزیشن کو ملک چھوڑنے کی ہدایت کرتے ہوئے 400ملازمین کے ویزے بھی منسوخ کر دیے تھے۔

 

 


ایمزٹی وی(پشاور)فاقی حکومت اور صوبہ پنجاب کے بعد خیبرپختونخواہ کی حکومت نے بھی صوبے میں ترقیاتی کاموں کیلئے پاکستان کے قریبی دوست چین کی جانب نگاہیں کر لی ہیں۔

ذرائع کے مطابق خیبرپختونخواہ حکومت نے صوبے کا 11 رکنی سرکاری وفد چین کے دورے پر بھیجنے کا فیصلہ کر لیا ہے جو مختلف پراجیکٹ کا جائزہ لے گا۔ ترجمان کے پی کے حکومت کا کہنا ہے کہ چین کی جانب سے وفد کیلئے ویزے جاری کرنے میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔

ذرائع کے مطابق سرکاری دستاویزات کے مطابق 11 رکنی وفد کا سرکار ی دورہ ایشیائی ترقیاتی بینک کرا رہا ہے جس میں وزراء، ناظم پشاور، پی ڈی اے حکام اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے نمائندے شامل ہوں گے۔ ترجمان کے پی کے حکومت مشتاق غنی کا کہنا ہے کہ ویزوں کے اجراءکیلئے وزارت خارجہ کو خط بھیج دیا گیا ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ وفد دورہ چین کے دوران بس ریپڈ ٹرانزٹ پراجیکٹ کا جائزہ لے گا اور تکنیکی پہلوئوں کے جائزے کے بعدٹرانزٹ پراجیکٹ پشاور میں بھی شروع کیا جائے گا۔