Reporter SS
ایمزٹی وی(تعلیم)آل پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے رائیونڈ مارچ کے دوران سکول بند رکھنے کا اعلان کر دیا ۔
ذرائع کے مطابق آل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے رائیونڈمارچ کے حوالے سے 30ستمبر کو رائیونڈ روڈ اور اڈا پلاٹ پر 150سکول بند رکھنے کا اعلان کردیا ۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے رائیونڈ مارچ کے سلسلے میں ٹرانسپورٹ جیسے مسائل کے پیش نظر آل پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے یہ فیصلہ کیا ہے کہ 30ستمبر کے روز تمام سکول بند رکھئے جائیں جبکہ 6یونیورسٹیاں بھی بند رکھی جائیں گی
ایمزٹی وی(پشاور) ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ ضرب عضب کے تمام اہم آپریشن مکمل ہوچکے ہیں ، اب افغانستان سے پاکستان کی طرف آنے کا بھی راستہ باقی نہیں، راجگال کی پہاڑیوں پر پاک فوج کے جوان مورچہ زن ہیں، تمام علاقے کو کلیئر بھی کروایا جاچکا ہے جبکہ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے تحت 20 فیصد پوسٹیں بھی مکمل ہوچکی ہیں۔مشرقی بارڈر پر مکمل نظر ہے،ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔
پشاور میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ یکم جولائی کے بعد سے ایک ہزار چار سو ستر کومبنگ آپریشن کئے گئے جس کے بعد صورتحال خاصی بہتر ہوئی ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ نے بتایا کہ وارسک کرسچن کالونی پر حملے کی منصوبہ بندی افغانستان میں ہوئی تھی، حملے کے چار سہولت کاروں کو پکڑ لیا گیا ہے، سہولت کاروں سے تین خود کش جیکٹیں بھی برآمد کرلی گئی ہیں۔ پکڑے گئے سہولت کاروں میں کچھ خواتین بھی شامل ہیں۔مردان حملے کے تین سہولت کار بھی پکڑے جاچکے ہیں، جنہوں نے نیشنل بینک مردان اور پولیس لائنز مردان کو بھی نشانہ بنانا تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کا کہنا تھا کہ امن کے لئے گھر بار چھوڑنے والوں کی بحالی کے اقدامات جاری ہیں، تمام متاثرین کی اپنے گھروں کو باعزت واپسی تک سلسلہ جاری رہے گا۔ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے تحت پوسٹوں کے قیام سے سرحد پار سے دہشتگردوں کی آمد روکنے میں مدد ملے گی تاہم یہ سسٹم مکمل طور پر اسی وقت موثر ثابت ہوسکتا ہے جب بارڈر پار سے بھی مناسب اقدامات کئے جائیں اس حوالے سے افغان حکومت سے مکمل رابطے میں ہیں۔
پاک بھارت کشیدگی کے حوالے سے ڈی جی آئی ایس پی آر کاکہنا تھا کہ اُڑی حملے کے حوالے سے بھارتی الزامات بے بنیاد اور قابل افسوس ہیں، پاکستان اپنے مشرقی بارڈر پر مکمل نظر رکھے ہوئے ہے، افواج پاکستان ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لئے بھی مکمل طور پر تیار ہیں۔لیفٹیننٹ جنرل عاصم سلیم باجوہ کی میڈیا بریفنگ کے دوران وارسک حملے کے سہولت کاروں کو میڈیا کے سامنے بھی پیش کردیا گیا۔
ایمز ٹی وی ( صحت)ماہرین کے مطابق جدید ٹیکنالوجی کی دین ان اشیا کی جلتی بجھتی اسکرین ہماری صحت کے لیے بے حد نقصان دہ ہیں اس کے باوجود ہم ان چیزوں کے ساتھ ہم بے تحاشہ وقت گزار رہے ہیں جو آگے چل کر بے شمار مسائل پیدا کرسکتا ہےایک رپورٹ کے مطابق امریکی نوجوان 11 گھنٹوں سے زائد وقت اپنے موبائل اسکرین کے ساتھ گزارتے ہیں۔ برطانیہ میں 12 سال سے کم عمر بچوں کا 6 سے ساڑھے 6 گھنٹے کا وقت مختلف اسکرینز جن میں موبائل اور کمپیوٹر وغیرہ شامل ہیں کے ساتھ گزرتا ہےمستقل روشن یہ اسکرین ہماری آنکھوں پر نہایت خطرناک اثر ڈالتی ہیں اور یہ نظر کی دھندلاہٹ، آنکھوں کا خشک ہونا، گردن اور کمر میں درد اور سر درد کا سبب بنتی ہیں۔ ان بیماریوں کو ماہرین نے ڈیجیٹل بیماریوں کا نام دیا ہے جو آج کے ڈیجیٹل دور کی پیداوار ہیں ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل کی اسکرین نیلے رنگ کی ہوتی ہیں اور یہ دیگر تمام رنگوں سے زیادہ توانائی کی حامل ہوتی ہے۔ یہ نیلی اسکرینز زیادہ شدت سے ہماری آنکھوں پر اثر انداز ہوتی ہیں۔ یہ ہماری آنکھ کے پردے کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور ہمیں ہمیشہ کے لیے نابینا کر سکتی ہے۔
اس اسکرین کے ساتھ زیادہ وقت گزارنا دماغی کارکردگی کو بتدریج کم کردیتا ہے جبکہ یہ آپ کی نیند پر بھی منفی اثرات ڈالتا ہے۔ آپ رات میں ایک پرسکون نیند سونے سے محروم ہوجاتے ہیں اور سونے کے دوران بار بار آپ کی آنکھ کھل جاتی ہے۔ ماہرین کے مطابق امریکی نوجوانوں کی 65 فیصد تعداد ان تمام مسائل کا شکار ہے۔ یاد رہے کہ ہمارے جسم کی بناوٹ فطرت سے مطابقت رکھنے والی ہے اور یہ ہرگز ایسی نہیں جو جدید دور کی آسائشوں سے مطابقت کر سکے۔
ایمز ٹی وی (کھیل) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے کھلاڑیوں کی نئی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان ایک درجہ ترقی کے بعد دوبارہ ٹاپ ٹین کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے کھلاڑیوں کی ٹیسٹ رینکنگ جاری کردی ہے جس کے مطابق بہترین بلے بازوں میں 906 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر آسٹریلیا کے اسٹیو استھ ہی براجمان ہیں۔ دوسرے نمبر پر نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن کے 879 پوائنٹس ہیں۔ ٹیسٹ بلے بازوں میں 878 پوائنٹس لے کر تیسری پوزیشن پر انگلینڈ کے جوروٹ جبکہ جنوبی افریقہ کے ہاشم آملہ 847 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پرہیں۔
پاکستان کے یونس خان پانچویں پوزیشن پر ہیں اوران کے پوائنٹس 845 ہیں۔ چھٹے نمبر پر جنوبی افریقہ کے اے بی ڈویلیئرز ہیں۔ آسٹریلیا کے اے سی ووگز ساتویں اور ان کے ہم وطن ڈیوڈ وانر آٹھویں نمبر پرہیں۔ انگلینڈ کے کک نویں جبکہ پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق ایک درجہ ترقی پا کر دسویں نمبر پر آگئے ہیں۔
آئی سی سی کی بالر کی ٹیسٹ رینکنگ میں جنوبی افریقہ کے اسٹین گن کے نام سے مشہور ڈیل اسٹین ہیں اور ان کے پوائنٹس 878 ہیں۔ بھارت کے ایشون 871 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے ، انگینڈ کے جیمز اینڈرسن 870 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ انہی کے ہم وطن اسٹیورٹ براڈ 836 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پرہیں۔ پانچویں نمبر پر سری لنکا کے جادوگراسپنر ہیرانگا ہیراتھ ہیں جن کے پوائنٹس 831 ہیں جبکہ پاکستان کے مایہ ناز اسپنر یاسر شاہ 806 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پرہیں۔ ساتویں نمبر پر بھارت کے جدیجا، آٹھویں پوزیشن پر آسٹریلیا کے مچل اسٹارس، نویں نمبر پر نیوزی لیند کے ویگنر اور ان کے ہم وطن بولٹ دسویں پوزیشن پر ہیں۔
آل راؤنڈرز کی کیٹیگری میں کوئی بھی پاکستان کھلاڑی ٹاپ ٹین میں جگہ نہیں بناسکا۔ بھارت کے ایشون بدستور پہلے، بنگلا دیش کے شکیب الحسن دوسرے، بھارت کے رویندرا جدیجا تیسرے، انگلینڈ کے معین علی چوتھے اور پانچویں نمبر پر آسٹریلیا کے مچل اسٹارک ہیں
ایمز ٹی وی ( صحت)حسین اور اس کی بیوی کو اپنے بیٹے مفیض کی پیدائش کے فوری بعد اس بات کا اندازہ ہوگیا تھا کہ ان کا نونہال بچہ سننے کی صلاحیت سے محروم ہے، کچھ ماہ میں ڈاکٹروں سے رجوع کرنے کے بعد اس جوڑے کو اس حقیقت کا علم ہوا کہ ان کا بیٹا دونوں کانوں سے سن نہیں سکتا۔
ان دونوں نے کراچی کے کئی نجی ہسپتالوں کا دورہ کیا تاہم انہیں صرف یہی بتایا گیا کہ اس مرض کا موجودہ علاج بے حد مہنگا ہے۔Cochlear Implantation نامی سرجری کے بعد ہی یہ بچہ اپنے دونوں کانوں سے سن سکتا تھا، تاہم سول ہسپتال میں کان، ناک اور حلق کے علاج کے ماہر ڈاکٹر عمر فاروق کے مطابق نجی ہسپتالوں میں اس سرجری کی لاگت 25 لاکھ سے 32 لاکھ تک ہے۔جب حسین کے پاس کوئی اور راستہ نہ رہا تو اس نے سرجری کے لیے پبلک ہسپتالوں کا رُخ کیا۔ڈاکٹر فاروق اور ان کی ٹیم نے ایک سالہ مفیض کی سرجری کی۔ڈاکٹر فاروق کے مطابق یہ پاکستان کی تاریخ میں کسی بھی سرکاری ہسپتال میں مقامی ڈاکٹروں کی جانب سے کی گئی اپنی نوعیت کی پہلی سرجری ہے۔ڈاکٹروں نے مفیض کی مفت سرجری کی اور انہیں امید ہے کہ وہ ایک سے ڈیڑھ ماہ میں آہستہ آہستہ سماعت کی صلاحیت حاصل کرلے گا۔اس سرجری پر مفیض کے والد حسین کا کہنا تھا کہ ’میں بے حد خوش ہوں، میں ان ڈاکٹروں کی ٹیم کا بے حد شکر گزار ہوں جنہوں نے میرے بیٹے کا آپریشن کیا‘۔
ایمز ٹی وی (کھیل) سابق قومی کپتان جاوید میانداد نے صدر بھارتی بورڈ انوراگ ٹھاکر کو اینٹ کا جواب پتھرسے دے دیا، انھوں نے کہاکہ پاکستان بھارت کو بھول کر دیگر ملکوں کے ساتھ کرکٹ پر توجہ دے، بھارت ہمیشہ دھوکا دیتا اور پاکستان سے ڈرتا ہے۔
اس لیے جب بھی دونوں ملکوں میں کرکٹ کھیلنے کا موقع آئے وہ پیچھے ہٹ جاتا ہے، سرکاری خبر رساں ادارے سے بات چیت میں جاوید میانداد نے کہاکہ بی سی سی آئی کے صدر کا بیان بچکانہ اور اس کی کوئی اہمیت نہیں، یاد رہے کہ بی سی سی آئی کے صدر انوراگ ٹھاکر بھارتی حکومتی جماعت بی جے پی کے لیڈر بھی ہیں، انھوں نے چند روز قبل بیان دیا تھا کہ پاکستان کے ساتھ کھیلنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا، جاوید میانداد نے کہا کہ رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈ ٹوئنٹی20 سے قبل پاکستانی ٹیم کو بہت زیادہ دھمکیاں موصول ہو رہی تھیں۔
اس کے باوجود پلیئرز بھارت گئے کیونکہ ہم اسپورٹسمین ہیں، نامساعد حالات دیکھ کر پچھلے دروازوں سے نکل جانے کی کوشش نہیں کرتے، سابق کپتان نے کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ان لوگوں سے بھرا پڑا ہے جن کے اپنے مفادات ہیں، موقع آنے پر یہ قدموں میں گر جاتے ہیں لیکن جب ان کے مقاصد پورے ہو جائیں تو اس طرح شو کرنے کوشش کرتے ہیں جیسے آپ کو جانتے ہی نہ ہوں، ماضی کے عظیم بیٹسمین نے ویسٹ انڈیز کے خلاف یواے ای میں جاری سیریز میں ٹوئنٹی20ٹیم اورکپتان سرفراز احمد کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری ٹیم عالمی چیمپئن سے کئی گنا بہتر ہے،گرین شرٹس کو سیریز میں کلین سویپ کرنا چاہیے۔
ایک سوال پر انھوں نے کہاکہ قومی ایک روزہ ٹیم میں بہتری لانے کیلیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، ہمیں اپنے ڈومیسٹک اسٹرکچر کو بہتر کرنا ہوگا، انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں مایوس کن کارکردگی کا قصور وار صرف کپتان اظہر علی کو ٹھہرانا ٹھیک نہیں، ویسٹ انڈیز سے سیریز کے دوران ٹیم کے ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری کا احساس کرتے ہوئے غیرمعمولی کھیل پیش کرنا ہوگا۔
ایمزٹی وی(تعلیم/لاہور)پنجاب یونیورسٹی شعبہ امتحانات نے بی ایس ان کمپیوٹر سائنس (فورتھ ایئر) سیکنڈ اینول2015 کے امتحانی نتائج کا اعلان کر دیا ہے ۔
تفصیلی نتائج پنجاب یونیورسٹی کی ویب سائٹ www.pu.edu.pk پر بھی دیکھے جا سکتے ہیں۔
ایمزٹی وی (تعلیم/کراچی) وفاقی جامعہ اردو کے تحت معروف دانشور اور سیاستدان ڈاکٹر فتحیاب علی خان کی یا د میں قرارداد”انقلاب پُرامن ہوسکتا ہے“ کے موضوع پرسیمینارکا انعقاد کیا گیا۔ سیمینارسے خطاب کرتے ہوئےوفاقی وزیر جہاز رانی میر حاصل بزنجو نے کہا ہے کہ انقلاب کے پیچھے ایک سوچ اور نظریہ ہوتا ہے جس کے بارے میں ہم نے اپنی نئی نسل کو گمراہ کررکھا ہے اور انہیں درست تاریخ سے آگاہ نہیں کیا جا رہا ہے یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے قومی رہنماو¿ں کی جدوجہد ، قربانی اور کارناموں کو نہیں جانتے ہیں۔فتحیاب علی خان ایسے ہی رہنماﺅں میں سے ایک ہیں جنہوں نے ساری زندگی اصولی سیاست کی
انہوں نے کہا کہ نئی نسل قیام پاکستان کی بنیاد تک کے بارے میں درست معلومات نہیں رکھتی ،ہمیں اپنی تاریخ کے نصاب کو دوبارہ ترتیب دینا ہوگا ۔پرانی اور نئی نسل کے درمیان مباحثہ و مکالمہ ہونا چاہئے تاکہ نوجوان نسل میں صحیح سوچ پروان چڑھے۔
ضیاءالحق کے دور میں طلباءیونینز پر پابندی لگائی گئی جس کے بعد سے سیاسی تنظیموں کے بارے میں لوگوں کا رویہ بہت منفی ہے جبکہ طلبا ءسیاست میںحصہ لیں گے تب ہی بہتر حکمرانوں کا انتخاب کرسکیں گے۔
وفاقی جامعہ اردو کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر سلیمان ڈی محمد نے کہا کہ فتحیاب علی خان سیاست میں اس لئے ناکام تھے کہ انہوں نے ہمیشہ انصاف وعدل اور لوگوں کے حقوق کی بات کی ، سچ کو اپنی سیاسی زندگی کی اولین ترجیح رکھا ۔ محبت ، رواداری، حسن سلوک، بہترین لفظوں کا انتخاب ان کی تحریروں اور شخصیت کا خاصہ تھا۔وہ مزدور طبقے کو جو کہ ملک کا اصل اور98فیصد طبقہ ہے، ان کے حقوق دلانے کے لئے ساری زندگی سرگرم رہے ۔
پروگرام میں جامعہ کراچی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر،سابق گورنر سندھ بیرسٹر کمال اسفر،چیئرپرسن پاکستان انٹرنیشنل افیئرزاور ہمسفر ڈاکٹر فتحیاب علی خان، ڈاکٹر معصومہ حسن، بی ایم بگٹی ،سابق رکن قومی اسمبلی صفوان اللہ، سینئر ایڈوکیٹ نفیس صدیقی، معروف صحافی محمود شام، مجاہد بریلوی،آغا مسعود،انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹیڈیز ڈاکٹر جعفر،ڈاکٹر عالیہ امام، قائدحزب اختلاف قراة العین ، قائد حزب ایوان نجب الثقلین نے بھی خطاب کیا۔
جبکہ رجسٹرار جامعہ اردو ڈاکٹر محمد صارم،رکن سینیٹ نجم العارفین، ڈاکٹر فاطمہ حسن، ڈاکٹراقبال خان کے علاوہ طلبا ءو طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پروگرام آرگنائزر آصف رفیق تھے جبکہ میزبانی کے فرائض ڈاکٹر یاسمین سلطانہ اور انصب رضا نے سرانجام دیئے۔جامعہ کراچی کے شیخ الجامعہ پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے کہا کہ فتحیاب علی خان طلباءیونین کے بانی تھے جس کے باعث تعلیمی اداروں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوا۔ وہ ایک نظریاتی انسان تھے انہوں نے لوگوں کے حق و انصاف کے لئے قید وبندکی سہولتیں برداشت کیں۔
ایمزٹی وی (تعلیم/اسلام آباد)یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کے 16 ویں کانووکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہاہے کہ حکومت ملک میں انجینئر نگ ،سائنس و ٹیکنالوجی کی تعلیم پر خصوصی تو جہ دے رہی ہے ، طلبہ ترقی کی دوڑ میں آگے نکلنے کیلئے محنت سے تعلیم حاصل کریں ۔ کانووکیشن میں وا ئس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر،چیئرمین ہیوی مکینیکل ٹیکسلا لیفٹیننٹ جنرل سید واجد حسین ، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فائونڈیشن انجینئر قمر الاسلام ، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب ڈاکٹر نظام الدین و دیگر نے شرکت کی ۔
گورنر پنجاب اور یونیورسٹی آف انجینئر نگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کے چانسلر نے مزید کہا کہ ٹیکسلا یونیورسٹی اہم صنعتی اداروں میں گھری ہے اور اس ادارے کے طلباء و طالبا ت اپنی تعلیمی قابلیت کا فائدہ اٹھا کر ان اداروں میں خدمات انجام دینے کے مواقع حاصل کر سکتے ہیں۔ گورنر پنجاب نے ڈگریاں اور اعزازات حاصل کرنے والے طلباء و طالبات سے کہاکہ وہ جوش و جذبے اور محنت کے ساتھ کام کرکے ملک و قوم کا نام روشن کریں ۔
وا ئس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے بتایا کہ کانووکیشن میں14 شعبوں میں 783 بیچلرز ،گیارہ شعبوں میں 160 ماسٹر ز اور تین پی ایچ ڈی ڈگریاں دی گئیں اس کے علاوہ پانچ چانسلرز گولڈ میڈل، 12 یو ای ٹی گولڈ میڈل اور دیگر ایوارڈ زتقسیم کئے گئے ہیں۔
ایمزٹی وی(آزاد کشمیر)وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر راجہ فاروق حیدر خان وزیر اعظم ہائوس میں ہائی کورٹ بار کے وفد سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالادستی قائم کر کے آزاد خطہ کو اسلامی فلاحی معاشرے میں بدل دیں گے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے ۔ آزاد کشمیر سے کوٹہ سسٹم کو ختم کریں گے ۔ کوٹہ سسٹم اسلامی قوانین کے منافی ہے ۔
وکلاء کمیونٹی کے تمام حل طلب معاملا ت یکسو کریں گے ۔وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کی حکومت انسانیت کی فلاح و بہبود پر یقین رکھتی ہے ۔ اسلام نے اسلامی فلاحی مملکت کا جو تصور دیا اس کو عملی جامہ پہنایا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ مظلوم اور انصاف کے ساتھ کھڑے رہیں گے ۔ آزاد کشمیر سے کرپٹ کلچر کا خاتمہ کریں گے ۔ قبل ازیں وزیراعظم نے نوسدہ کے مقام پر کھلی کچہری لگائی اور عوامی مسائل سنے ۔بعض مسائل کے حل کے لئے موقع پر احکامات جاری کئے
۔وزیراعظم نے اس موقع پر ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ دور دراز پسماندہ پہاڑی علاقوں میں صحت اور دیگر سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنائے ۔راجہ فاروق حیدر خان نوسدہ پہنچے تو ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں ۔ اس موقع پر وزیرنورین عارف ،ممبراسمبلی چوہدری شہزاد محمود سمیت دیگر حکام بھی موجود تھے ۔