ایمز ٹی وی (کراچی) ڈی جی رینجرز کے نام سے جعلی فیس بک اور ٹویٹر اکاؤنٹ استعمال کرنے کا انکشاف ہوا ہے۔
ترجمان سندھ رینجرز کا کہنا ہے کہ جعلی فیس بک اور ٹویٹر اکاؤنٹ بنانے والے نوسر بازوں کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان سندھ رینجرز کی جانب سے اعلامیے میں بتایا گیا کہ کچھ نامعلوم افراد ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر کے نام سے جعلی فیس بک اور ٹویٹر اکاؤنٹ چلا رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ یہ بات واضح رہے کہ ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر فیس بک اور ٹویٹر اکاؤنٹ استعمال نہیں کر رہے، شہریوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ ان جعلی اکاؤنٹ کے ذریعے دیے گیے پیغام سے ڈی جی رینجرز کا کوئی تعلق نہیں۔
ایمز ٹی وی (کراچی) دبئی میں گرفتار کالعدم پیپلز امن کمیٹی کے سربراہ اور لیاری گینگ وار کے سرغنہ عذیر جان بلوچ کی حوالگی کیلیے جانے والی کراچی پولیس کی ٹیم اسے مجرم ثابت کرنے میں ناکام رہی۔
قانونی ماہرین نے اس امکان کادعویٰ کیا ہےکہ عذیر بلوچ کو آئندہ چند روز میں رہا کر دیا جائے گا، کراچی پولیس کے افسران یو اے ای حکام کو عذیر بلوچ کے خلاف ثبوت فراہم کرنے میں ناکام رہے جبکہ یو اے ای قوانین کےمطابق کسی بھی ملزم کو 90 روز سے زائد حراست میں نہیں رکھا جاسکتا جبکہ عذیر بلوچ گزشتہ 85 روز سے یو اے ای پولیس کی حراست میں ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رہائی کے بعد عذیر بلوچ کو عارضی شناخت نامہ بنا کر دیا جا سکتا ہے اور اسی کی بنیاد پر وہ یو اے ای میں قیام کرسکے گا لیکن وہاں سے باہر جانے پر پابندی ہوگی، ذرائع کا کہنا ہے کہ عذیر بلوچ کے وکیل نے یو اے ای حکام کو بتایا کہ عذیر بلوچ پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات بنائے گئے ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ عذیر بلوچ نے دبئی میں پراپرٹی بھی خریدی ہوئی ہے جسکی وجہ سے عذیر بلوچ کو یو اے ای میں سرمایہ کار کی حیثیت حاصل ہوگی، عذیر بلوچ کو دبئی کی العین جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیراعظم نوازشریف نے2013ء کےعام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات رکی عدالتی تحقیقات کیلیے جوڈیشل کمیشن کے قیام اور اس کیلیے آرڈیننس کے اجرا کے حوالے سے ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں کے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا۔ تمام سیاسی جماعتوں کی منظوری کے بعد تحریک انصاف اورحکومت کے درمیان معاہدے پر دستخط ہوں گے اور اس کے بعد جوڈیشل کمیشن کے قیام کے سلسلے میں آرڈیننس لایا جائے گا۔ ذرائع نے بتایاکہ پارلیمانی رہنماؤں کے اجلاس میں جوڈیشل کمیشن کے قیام کے مجوزہ آرڈیننس کے مسودے کے نکات بھی زیر غور آئیں گے۔
تمام پارلیمانی رہنماؤں کو بتایا جائےگا کہ مجوزہ آرڈیننس کی شق(3) کے تحت جوڈیشل کمیشن تحقیقات کرسکے گا کہ کیا 2013ء کے عام انتخابات غیر جانبدارانہ، دیانتدارانہ، منصفانہ طریقے سے اور قانون کے مطابق ہوئے ہیں۔ دوسرے نمبر پر مذکورہ کمیشن یہ تحقیقات کرسکے گا کہ کیا 2013ء کے عام انتخابات میں کسی بھی شخص کی جانب سے مخصوص مقاصد کے حصول کیلیے منظم طریقے سے دھاندلی کروائی گئی اور یہ کہ کیا مذکورہ عام انتخابات میں مجموعی نتائج رائے دہندگان کی طرف سے دیے گئے مینڈیٹ کا حقیقی اور منصفانہ اظہار ہیں۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) یوم پاکستان کے موقع پر ہونےوالی پریڈ پاکستان کی تاریخ کے حوالے سے ایک اہم حصہ رہی ہے۔ 1980 کی دہائی کے آخر سے یہ پریڈ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے جناح ایونیو میں منعقد ہوا کرتی تھی، اس مقام کو اب ’’ڈی چوک‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے، جنرل رٹائرڈ پرویز مشرف کے دور میں سیکیورٹی خدشات کی بنا پر اسے اسپورٹس کمپلیکس میں منتقل کر دیا گیا لیکن جب جنرل رٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی نے فوج کی قیادت سنبھالی تو یوم پاکستان پریڈ کا سلسلہ موقوف کردیا گیا،
جنرل کیانی کے6 سالہ دور میں بدقسمتی سے ایک تقریب بھی منعقد نہ ہو سکی، جنرل راحیل شریف نے فوج کی کمان سنبھالتے ہی اس بارے میں خصوصی ہدایات جاری کیں اور مختلف شعبوں خصوصاً فوج کی کاوشوں سے7 سال کے وقفے کے بعد یہ ایک قومی ایونٹ 23 مارچ کو منعقد ہوا،1980 کی دہائی سے قبل یوم پاکستان پریڈ راولپنڈی ریس کورس میں منعقد ہوا کرتی تھی۔
ایمز ٹی وی (لندن) ایم کیوایم کے سربراہ الطاف حسین نے کہا ہے کہ اطلاعات ہیں کہ چوہدری نثارنے برطانیہ کو دستاویزات دی ہیں، کسی نے اشارتاً بھی نہیں کہاکہ گورنراپنا بوریا بستر لپیٹ لیں، لوگ آتے ہیں چلے جاتے ہیں۔
ایم کیوایم انٹرنیشنل سیکریٹریٹ لندن میں برطانیہ کے مختلف کالجوں اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم پاکستانی طلباوطالبات سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نوجوان ہی پاکستان کامستقبل ہیں جو اس کی ترقی وخوشحالی کی نئی راہیں کھول سکتے ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان میں تعلیم،صحت، حکومت، قانون، ہرشعبے میں دہرانظام ہے۔ ایک قانون غریبوں اور دوسرا امیروں کے لیے ہے۔ ہم ملک سے دہرے نظام کاخاتمہ چاہتے ہیں۔ طلبااپنی تعلیم کے حصول کے ساتھ ساتھ پاکستان میں منصفانہ نظام کے قیام کے لیے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کارلائیں۔ اس موقع پرطلبا و طالبات کی خواہش پربرطانیہ میں نوجوانوں میں تحریک کے پیغام کو پھیلانے کے لیے برطانیہ میں ایم کیوایم یوتھ ونگ قائم کرنے کا بھی اعلان کیاگیا۔ اس سلسلے میں 8رکنی سینٹرل آرگنائزنگ کمیٹی بھی تشکیل دی گئی۔ حبادانش آرگنائزر اور شمائم صدیقی جوائنٹ آرگنائزر ہوں گی۔
ایمز ٹی وی (کوئٹہ) سیکریٹری داخلہ بلوچستان اکبر حسین درانی نے کہا ہے کہ صولت مرزا کی پھانسی کی تاریخ میں مزید توسیع کے حوالے سے کوئی احکام ابھی تک موصول نہیں ہوئے، نئے بلیک وارنٹ ملتے ہی اس پر عملدرآمد کیا جائیگا۔
کوئٹہ میں صحافیوں سےگفتگو کرتے ہوئےانھوں نے بتایاکہ صولت مرزا کی پھانسی کی تاریخ میں مزید توسیع، ان کو اڈیالہ جیل منتقل کرنے یا نئی تحقیقاتی ٹیم بنائے جانے کے حوالے سے ابھی تک کوئی احکام نہیں ملے۔ مچھ جیل حکام نے پھانسی کے نئے بلیک وارنٹ کے اجرا کیلیے انسداد دہشتگردی کراچی کی عدالت کو مراسلہ لکھا ہے جس پر فیصلہ آج یا کل ہوجائیگا ۔ انھوں نے کہا کہ صولت مرزا کے مچھ جیل میں وڈیو انٹرویو کی تحقیقات کیلیے آئی جی جیل کو احکام دے دیے ہیں، ایک دو روز میں تحقیقات کمیٹی اپنا کام شروع کردے گی۔ کوئٹہ میں شہیدکیے گئے3 صحافیوں کے قتل کی تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ محکمہ داخلہ کو مل گئی ہے ۔مانیٹرنگ ڈیسک کے مطابق محکمہ داخلہ بلوچستان کا کہنا ہے کہ صولت مرزا مکمل صحت مند ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر چند روز میں دستخط ہو جائیں گے۔
ذرائع کے مطا بق انکا کہنا تھا کہ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے کچھ دن بعد صدارتی آرڈیننس جاری ہو گا، مذاکرات میں کوئی سہولت کار نہیں تھا، آئی این پی کے مطابق انکاکہنا تھا کہ تمام پارٹیوں کومجوزہ معاہدے کی کاپیاں بھیج دی ہیں، وزیراعظم کی پارلیمانی رہنماؤں سے مشاورت کے بعد جمعہ تک مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوں گے اور اسکے 7 دن بعد صدارتی آرڈیننس جاری ہو گا۔ تحریک انصاف کی مشاورت سے نیا سیکریٹری الیکشن کمیشن لگائیں گے، یہ کسی ایک کی نہیں بلکہ دونوں پارٹیوں کی جیت ہے۔
ایمز ٹی وی (کراچی) متحدہ قومی موومنٹ کے اہم سیاسی اورتنظیمی رہنماؤں کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے ایف آئی اے امیگریشن کو زبانی ہدایات جاری کردی گئی ہیں جبکہ قانون نافذکرنے والے اداروں کی جانب سے اس سلسلے میں متحدہ قومی موومنٹ کے اہم رہنماؤں کے نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کیلیے قانونی کارروائی بھی شروع کردی گئی ہے۔
سندھ رینجرزاور دیگرقانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے کراچی میں جرائم پیشہ افراداور سیاسی جماعتوں کے عسکری ونگزکے خلاف آپریشن جاری ہے اوراس سلسلے میں خاص طورپر متحدہ قومی موومنٹ کے خلاف قانون نافذ کرنے والے ادارے اپنا گھیراتنگ کررہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق آپریشن شروع ہونے کے بعد متحدہ قومی موومنٹ کے اہم تنظیمی اور سیاسی رہنماؤں کے بیرون ملک فرارہونے کے خدشےکےپیش نظرکراچی آپریشن میں شریک اداروں کیجانب سے وفاقی حکومت سے درخواست کی گئی تھی کہ فوری طورپر ایم کیوایم کے اہم رہنماؤں کوبیرون ملک جانے سے روکا جائے تاہم قوانین کے مطابق کسی بھی شہری کانام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں شامل کرنے کے لیے اس کے خلاف مقدمات اور الزامات کی فہرست صوبائی حکومت کے توسط سے وفاقی وزارت داخلہ کوبھجوایا جانا ضروری ہے۔
ایمز ٹی وی (اسلام آباد) پاکستان اور قطر نے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کیلئے متعدد سمجھوتوں پر دستخط کیے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی دعوت پر 2 روزہ دورہ پر پاکستان آنے والے امیر قطر شیخ تمیم بن حمادالثانی نے ون آن ون ملاقات کے دوران پاکستان کے ساتھ مضبوط اور مستحکم تعلقات کو آگے بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ میرا دورہ پاکستان دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی علامت ہے اور مضبوط پاکستان کے لئے تعاون جاری رکھیں گے جس کے لئے پاکستانی ماہرین اور افرادی قوت کے لئے قطر کے دروازے کھلے ہیں۔
دونوں ممالک کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں معاہدوں پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی جس میں وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید اور قطری حکام نے مختلف معاہدوں پر دستخط کئے جب کہ اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی بھی موجود تھے۔معاہدوں میں ثقافت کے بارے میں تعاون اور امور نوجوانان اور کھیلوں کے حوالے سے تعاون پر مفاہمت کی ایک یادداشت شامل ہے جب کہ تعاون کے پہلے ایگزیکٹو پروگرام پر بھی دستخط کیے گئے جس کے تحت دونوں ممالک تعلیم، سائنس، تحقیق، ذرائع ابلاغ اور پیشہ وارانہ تعلیم کے شعبوں میں تعاون کریں گے۔