منگل, 26 نومبر 2024

ایمز ٹی وی (اسپورٹس) آئی سی سی ورلڈ کپ کے چوتھے کوارٹر فائنل میں نیوزی لینڈ نے ویسٹ انڈیز کو 143 رنز سے ہرا کر ورلڈ کپ سے باہر کردیا۔

ویلنگٹن کے ویسٹ پیک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور کیریبئن بولروں کی خوب دھلائی کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 393 رنز بنائے، مارٹن گپٹل نے ویسٹ انڈین بولروں کو ناکوں تلے چنے چبوا دیئے اور 152 گیندوں میں 21 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے ایک روزہ میچوں میں ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے کیوی بلے باز بن گئے، انہوں نے تباہ کن اور جارحانہ انداز میں بیٹنگ کرتے ہوئے 237 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔

ویسٹ انڈیز کی ٹیم 394 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تنکے کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 31ویں اوور میں 250 رنز پر ڈھیر ہوگئی، پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں کیریبئن بلے باز آغاز سے مشکلات کا شکار رہے اور 4 کے مجموعے پر پہلی وکٹ گرنے کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی، ویسٹ انڈیز کی جانب سے سب سے زیادہ رنز بنانے والے کرس گیل تھے جنہوں نے 2 چوکوں اور 8 چھکوں کی مدد سے 61 رنز کی اننگز کھیلی جب کہ کپتان جیسن ہولڈر 42 رنز بنا کر دوسرے نمایاں بلے باز رہے۔

ایمز  ٹی وی(کراچی)وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کے اچھے نتائج برآمد ہورہے ہیں جب کہ آپریشن کسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ جرائم پیشہ افراد کے خاتمے کے لئے ہے جو ہر حال میں جاری رہے گا۔

سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ  ملک میں بندوق لے کر پھرنے کے کلچر کو ختم کرنے کا مصمم ارادہ کر رکھا ہے،کراچی آپریشن کے اچھے نتائج سامنے آرہے ہیں اور یہ کسی جماعت کے خلاف نہیں بلکہ شہر کو روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے جرائم پیشہ افراد کے خلاف کیا جارہا ہے جو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد کے خاتمے تک جاری رہے گا جس سے کسی صورت پیچھے نہیں ہٹیں گے، جمہوری حکومت اور قوم کا یہی ایجنڈا ہے کہ ملک کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کریں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے مسئلے پر پہلے کسی حکومت نے ہاتھ  نہیں ڈالا لیکن ہم نے پہلے مذاکرات کے ذریعے مسئلہ حل کرنے کی کوشش کی اور جب بات نہ بنی تو آپریشن ضرب عضب کا آغاز کیا جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کمر توڑ کر رکھ دی گئی ہے جس میں خاص طور پر پاک فوج مبارکباد کی مستحق ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ ملک میں ہمیشہ ترقی جمہوری دور میں ہوئی اور آمروں کے دور میں ملک پیچھا کی جانب گیا اس کے باوجود صرف سیاستدانوں کی کوتاہیاں بتائی جاتی ہیں اور آمروں کی کیوں نہیں سامنے لائی جاتیں، اگر 1999 کی حکومت کو ہٹایا نہ جاتا تو آج ملک کو بحرانوں کو سامنا نہ کرنا پڑتا، 1997 میں دہشت گردی، گیس اور بجلی  جیسے بحران نہیں تھے اور ان پر وقت خرچ نہیں ہوتا تھا اور تمام تر توجہ ترقیاتی کاموں پر ہوتی تھی تاہم اب بیشتر وقت بجلی،گیس اور دہشت گردی جیسے مسائل پر خرچ کرنا پڑتا ہے جس کی وجہ سے ترقیاتی کاموں پر بہت کم وقت دینے کا موقع ملتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم چین سے4 ہزارمیگاواٹ بجلی خریدرہے ہیں، کوئلے اور ایل این جی سے سستی بجلی پیدا ہوگی اور 2017 کے اختتام تک 10 ہزار میگاواٹ اضافی بجلی پیدا ہوگی جس کے بعد بجلی کی تمام ترضروریات پوری کی جاسکیں گی۔

وزیراعظم نے سیالکوٹ سے لاہور ایکسپریس وے بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اب سوچنا پڑتا ہے کہ پہلے بجلی بنائیں یا موٹروے، ہمیں اتنے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے کہ ان کے تصور سے بھی خوف آتا ہے جب کہ انتخابی نعروں پر نہیں عملی اقدامات پر یقین رکھتے ہیں

ایمز ٹی ای(کراچی)ڈی جی رینجرز بلال اکبر نے کراچی کے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظت کے نام پر لگائے گئے گیٹ اور رکاوٹیں تین دن کے اند ہٹا دیں۔

ڈی جی رینجرز نے اپنی اپیل میں کہا ہےکہ راستوں میں بنی رکاوٹیں عوام اور آپریشن میں مشکلات پیدا کرتی ہیں، عوام انہیں تین دن میں خود ختم کردیں، تین دن کے بعد رکاوٹوں کیخلاف بلاامتیاز آپریشن کا آغاز کیا جائے گا۔

کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں خود کش حملے پر رینجرز کے ترجمان کا کہنا ہے کہ موبائل پر دہشتگردوں کا حملہ رینجرز کی امن کیلئے کارروائیوں کا ردعمل ہے، اس حملے کا مقصد ریاست دشمن عناصر کیخلاف کارروائیوں کو روکنا ہے، رینجرز نے رواں سال چھ سو چونسٹھ کارروائیوں میں نو سو باسٹھ ملزمان کو گرفتار کیا، جن میں سے اٹھہتر دہشتگردوں ایک سو بارہ ٹارگٹ کلرز پر مقدمات قائم کیے۔

ترجمان کے مطابق اٹھارہ بھتہ خوروں، بائیس اغواء کاراور تینتالیس ڈاکوؤں پر مقدمات کیے، رینجرز سے بیس مقابلے میں اڑتیس دہشت گرد اور گینگسٹرز مارے گئے جبکہ نو کو گرفتار کیا گیا

ایمز ٹی وی (فارن ڈیسک) یہ بات امریکی صدر نے ایرانی حکومت اور عوام کے نام نئے ایرانی سال کے آغاز پر منائے جانے والے تہوار ’نوروز‘ پر اپنے تہنیتی پیغام کہی۔ اپنے وڈیو پیغام میں اوباما نے کہا کہ کئی دہائیوں بعد یہ ایک بہترین موقع ہے کہ جب ایران اور امریکا ایک نئے مستقبل کا انتخاب کر سکتے ہیں، ان کے بقول شاید یہ موقع جلد دوبارہ نہ آئے،اب جبکہ ایران کے جوہری معاملے پر معاہدہ طے کرنے کی حتمی تاریخ میں صرف ایک ہفتے سے کچھ زیادہ وقت باقی رہ گیا ہے۔

اوباما نے کہا کہ آنے والے دن انتہائی اہم ہوں گے۔ انھوں نے ایرانی عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مستقبل کے لیے آواز اٹھائیں جس کے لیے ہم کوشاں ہیں۔ وڈیو پیغام میں اوباما کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک اس مسئلے کو پرامن سفارتی ذرائع سے حل کر سکتے ہیں اور یہ کہ ایرانی رہنماؤں کو 2 راستوں میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہے۔اگر ایران ایک معقول جوہری معاہدے پر تیار ہو جائے تو یہ ایرانیوں کے لیے روشن مستقبل کے دروازے کھول دے گا۔۔

ایمز ٹی وی(کراچی) متحدہ قومی موومنٹ نے تئیس مارچ کو ہونے والی قومی یکجہتی ریلی کچھ عرصے کیلئے ملتوی کردی ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ کے ترجمان نے اپنے ایک بیان میں عوام ،کارکنان اور اپنے ذمہ داروں کو مطلع کیا ہے کہ ناگزیر وجوہات کی بناء پر تئیس مارچ دوہزار پندرہ کو منعقد کی جانے والی ’’قومی یکجہتی ریلی‘‘ کچھ عرصے کیلئے ملتوی کردی گئی ہے۔

ترجمان ایم کیو ایم کا کہنا ہے کہ یکجہتی ریلی کی نئی تاریخ کا تعین ہوتے ہی عوام کو اس سے آگاہ کردیا جائے گا

ایمز ٹی وی(کراچی)کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار کا کہنا ہے کہ شہر میں قیام امن اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے ہر قسم کی قربانی دیں گے اور ناسور دہشت گردی کا خاتمہ کر کے رہیں گے۔

ناظم آباد میں رینجرز کی موبائل کے قریب بم دھماکے میں شہید ہونے والے 2 اہلکاروں کی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے کورکمانڈر کراچی کا کہنا تھا کہ دونوں جوانوں نے قوم کی خاطر جان کا نذرانہ پیش کیا جن کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہر میں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

دوسری جانب شہید ہونے والے دونوں اہلکاروں کی نماز جنازہ ادا کردی گئی جس میں کور کمانڈر کراچی سمیت ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر اور رینجرز کے دیگر حکام نے شرکت کی

ايمز ڻي وي(کراچی)صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور ایم کیو ایم پر لگے الزامات کی تحقیقات مکمل ہونے تک ان سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے، ملک میں پھیلی دہشت گردی اور کراچی میں ٹارگٹ کلنگ کے مکمل خاتمے کیلیے حکومت تمام اقدامات بروئے کار لارہی ہے جسے وفاقی حکومت کا بھی مکمل تعاون حاصل ہے,انھوں نے کہاکہ سینیٹ انتخابات سے قبل موجودہ سیاسی صورتحال اور ایم کیو ایم پر لگے سنگین الزامات کے پیش نظر پیپلز پارٹی کی مرکزی قیادت نے تحقیقات مکمل ہونے تک مذاکرات ختم کیے ہیں، پولیس اور رینجرزکو غیر سیاسی بنیاد پرکارروائیاں کرنے کیلیے مضبوط کیا گیا ہے تاکہ امن و امان کا قیام ممکن بنایا جاسکے

ايمز ڻي وي(اسلام آباد)قومی اسمبلی کو بتایا گیا ہے کہ فاٹا میں ڈرون حملوں سے اب تک 2199 افراد جاں بحق جب کہ 208 مکانات اور 59گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں,جمعے کو وزارت ریاستیں و سرحدی علاقہ جات کی جانب سے قومی اسمبلی کو تحریری طور پر بتایا گیا ہے کہ فاٹا میں اب تک ڈرون حملوں سے 282 افراد زخمی ہوئے، ہلاک اور زخمی ہونے والوں کی بڑی تعداد دہشتگردوں یا شدت پسندوں پر مشتمل تھی جن میں غیر ملکی بھی شامل تھے.

ایمز ٹی وی (کراچی) مقامی عدالت نے جامعہ کراچی میں بم دھماکے میں ملوث ملزمان کو 14 سال کی سزا سنا دی ہے۔ 28 دسمبر2010کو جامعہ کراچی سنٹرل کیفے ٹیریا کے نزدیک طلبہ تنظیم کی بیٹھک پر دھماکہ خیز مواد نصب کیا گیا تھا جس کے نتیجے میں تین طلبہ ذخمی ہوئے تھے۔ دھماکے میں ملوث ملزمان کے نام حفیظ اللہ اورعمرہیں اوران کو سی آئی ڈی کے شہید ایس ایس پی چوہدری اسلم نے گرفتار کیا تھا۔

ایمز ٹی وی (کراچی) سندھ رینجرز کے ترجمان کرنل طاہرمحمود کا کہنا تھا کہ لوگ کسی بھی قسم کے دہشت گرد عناصرسے مت ڈریں، عوام کے تعاون کو سراہتے ہیں، کراچی میں امن قائم کرکے رہیں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سندھ رینجرزکراچی میں امن قائم کرکے رہے گی اور اس کے لئے عوام کا تعاون قابلِ تعریف ہے۔ کسی بھی شخص یا جماعت کی جانب سے بھتے کا مطالبہ کیا جائے تو اس کی اطلاع رینجرز کی ہیلپ لائن نمبر 1101 پردیں، اطلاع دینے والے کا نام صیغۂ رازرکھا جائے گا۔